موجودہ حکومت ملکی ترقی کی دشمن ہے ان کے ہوتے ہوئے پنجاب یا ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ پرویز الٰہی

Pervaiz Elahi

Pervaiz Elahi

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملکی ترقی کی دشمن ہے ان کے ہوتے ہوئے پنجاب یا ملک ترقی نہیں کرسکتا،پانامہ کرپشن میں ملوث کرپٹ حکمرانوں کو گھر بھیجنے کیلئے تمام سیاسی پارٹیوں کواپنی انا چھوڑ کر متحد ہونا ہوگا نئے الیکشن کمیشن تشکیل دیا جارہا ہے جس میں دونمبری ہونے سے بچانے کیلئے ہم سب کو پہرا دینا ہوگا۔وزیرآباد میں سپیریئر گروپ کے کالج کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور حکومت میںجماعت اول سے دہم تک تعلیم مفت کی۔

70ہزار سے زائد اساتذہ بھرتی کئے اورسب سے زیادہ فنڈز شعبہ تعلیم کیلئے مختص کئے۔ پیلی ٹیکسی سے ہری ٹیکسی تک اس حکومت کا کوئی بھی پراجیکٹ کامیاب نہیں ہوا ۔8سالوں میں موجودہ حکومت نے کسانوں کیلئے کچھ بھی نہیں کیا اورنج ٹرین اور جنگلہ بس جیسے سبھی منصوبے حکمرانوں نے اپنی کمائی کیلئے بنائے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے ہمارے دور حکومت تک پورے پنجاب میں 32ہزارکلو میٹر تک سڑکیں بنیں جبکہ صرف ہمارے دور میں ہی37ہزار کلومیٹر سے زائد طویل سڑکوں کا جال بچھایاگیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن وامان کی صورتحال کنٹرول سے باہر ہے راجن پور میں پٹرولنگ پوسٹ نہ ہونے کی وجہ سے چھوٹو گینگ پیدا ہوا۔

لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال اس قدر ابتر ہوچکی ہے کہ چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں500فیصد اضافہ ہوچکا ہے ۔چوہدری پرویز الٰہی نے وزیر آباد میں کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں تاخیر کے معاملہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صحت عامہ کے اس معاملہ میں حکومت کی دشمنی کی اصل وجہ میرے نام کی تختی ہے ۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کرکٹ ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی میں آنے والی بہتری کو پاک فوج کی کاوشیں قراردیا انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا کسی شعبے میں بہتری کیلئے کوئی حصہ نہیں حکومت کے سبھی کام فوج کو کرنا پڑرہے ہیں حکمرانوں کا طرز عمل جمہوریت کی بدنامی کا سب سے بڑا موجب ہے موجودہ حکومت جمہوریت کی سب سے بڑی دشمن ہے۔

اس موقعہ پر سابق صوبائی وزیر تعلیم پنجاب میاں عمران مسعود ،ریجنل ڈائریکٹر سپیریئر گروپ آف کالجز پروفیسر محمد ریاض ، پرنسپل پروفیسر محمد سلیم مغل، چوہدری خالد محمود چیمہ اوردیگر بھی موجودتھے جنہوں نے اپنے خطاب میں تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم دشمن حکومتیںعوام میںزیادہ دیر تک زندہ نہیں رہتیں انہوں نے کہا ہمارے تعلیمی منصوبوں کو ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف جیسے اداروں نے بھی سراہا۔ تقریب کے اختتام پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ میںملک معراج خالد ایکسیلنس ایوارڈ تقسیم کئے گئے۔