حکومت کا کسان پیکج پر عملدرآمد روکنے کا حکم سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے اتارنی جنرل کو الیکشن کمیشن کے کسان پیکج پر عمل درآمد روکنے کا حکم سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کی ہدایہت کردی۔

اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت زرعی شعبے کے مسائل سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے ایگریکلچرل ریسرچ انڈومنٹ فنڈ کے قیام کی اصولی منظوری دے دی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایگریکلچرل ریسرچ انڈومنٹ فنڈ سے کسانوں کی تربیت، فصلوں کو بہتر بنانے اور پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی۔

اجلاس کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ حکومت کسی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر کاشت کاروں کو ریلیف فراہم کر رہی ہے،کسان پیکیج ایک علاقے نہیں پورے ملک کے کاشت کاروں کے لئے ہےلیکن پیکیج پر عمل نہ ہونے پر ملک بھر کے کسانوں کو نقصان ہورہا ہے۔ اس لئے اٹارنی جنرل فوری طور پر الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم نواز شریف نے 341 ارب روپے کے کسان پیکج کا اعلان کیا تھا تاہم سیاسی جماعتوں کی جانب سے تنقید کے بعد الیکشن کمیشن نے اسے بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔