کوئی بھی (ن) لیگ کی حکومت پر انگلی نہیں اٹھا سکتا، شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی حکومت کرپشن سے پاک ہے اور کوئی بھی ہماری حکومت پر انگلی نہیں اٹھا سکتا۔

لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس دھرنوں اور احتجاج کی وجہ سے قومی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچا، قوم کا قیمتی وقت ضائع کرنے والوں نے نہ ملک کا احساس کیا اور نہ ہی عام آدمی کا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دھرنوں نے ترقی اور خوشحالی کے سفر میں رخنہ ڈالا لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ترقی کا سفر نئے سرے سے شروع کیا، نئے جذبے کے ساتھ آگے کی جانب بڑھ رہے ہیں اور ملک کی ترقی کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا دامن کرپشن سے پاک ہے، کوئی بھی ہماری حکومت پر انگلی نہیں اٹھا سکتا۔