حکومت، اپوزیشن چاہیں تو ٹی او آر معاملہ پر ثالثی کیلئے تیار ہوں: سردار ایاز صادق

Sardar Ayaz Sadiq

Sardar Ayaz Sadiq

لاہور (جیوڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کو معاشی انقلاب کی راہ پر گامزن کر کے بہت بڑا کام کیا ہے، پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان میں خوشحالی کے دروازے کھول دیگی۔ وہ گزشتہ روز رحمن پورہ میں مسلم لیگی رہنما اور وائس چیئر مین اچھرہ صلاح الدین پپی کے ہمراہ کارکنوں سے گفتگو کررہے تھے۔

سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ ملک کے تمام طبقات دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ملکر جدوجہد کریں، دہشت گردی کیخلاف جنگ ابھی جاری ہے اس سلسلہ میں وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ملکر کی جانیوالی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا وہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں مسائل کو حل کر کے عوام کو ان کے دروازے تک سہولیات پہنچانے کیلئے کام کر رہے ہیں۔

ٹی او آرز معاملہ کے حل کیلئے ثالثی کے کردار کی پیشکش کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن چاہے تو ٹی او آر معاملے پر کردار ادا کرنے کو تیار ہوں۔ حکومت اور اپوزیشن نے پہلے بھی مجھ پر اعتماد کیا تھا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں طرف سنجیدہ لوگ موجود ہیں، ٹی او آرز کا معاملہ سڑکوں کی بجائے میز پر حل ہونا چاہئے۔

ایسا کام نہیں کرنا چاہئے کہ بیرونی سرمایہ کار بھاگ جائیں۔ سرتاج عزیز اپنا کردار بہتر انداز میں نبھا رہے ہیں سر تاج عزیز وزیر اعظم سے رہنمائی لیتے ہیں، وزیراعظم 5 مشیر رکھ سکتے ہیں، سرتاج عزیز وفاقی وزیر کے برابر کام کر رہے ہیں۔ عوام نے دھرنا سیاست کو مسترد کردیا سی پیک کو سبوتاژ نہ کیا جائے۔