اپوزیشن کے ٹی او آرز سے سیاست ہو سکتی ہے، انصاف نہیں: پرویز رشید

Pervaiz Rashid

Pervaiz Rashid

کراچی (جیوڈیسک) پاناما لیکس پر اپوزیشن پنجہ آزمائی پر تیار ہے تو حکومت نے بھی جواب کیلئے کمر کس لی ہے۔ پرویز رشید نے اپوزیشن کے ٹی او آرز کو سیاست بازی قرار دے دیا۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سارے جرائم کا ملبہ وزیر اعظم پر ڈال دیا گیا ہے۔ پرویز رشید نے اعتزاز احسن پر تعصب کا الزام لگایا اور انہیں خوب تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومتی ٹی او آرز میں ٹیکس بچانے والوں کیخلاف کارروائی کی شق شامل ہے، اپوزیشن کی خواہش پر میٹرو منصوبہ بھی شامل کر سکتے ہیں۔

پرویز رشید نے مزید کہا کہ اعتزاز احسن نے اپنی ٹویٹ میں لیگی غنڈے کا لفظ استعمال کیا، حالانکہ ایسا الزام تو ہم پر عمران خان نے بھی نہیں لگایا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی ٹی او آرز میں کسی کو بچانے کی کوشش نہیں ہوئی، اپوزیشن کے ٹی او آرز میں دوسرے لوگوں کو احتساب سے بچانے کی کوشش کی گئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی ٹی او آرز میں ٹیکس معاف کرانے والوں کا بھی ذکر ہے۔ پرویز رشید نے اعتزاز احسن پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اعتزاز صاحب کی بیگم کو پانچ ہزار ووٹ ملے تھے، اعتزاز احسن کے دل میں انتقام کی آگ ہے۔

یہی وجہ ہے کہ خواتین کیساتھ بدسلوکی کا الزام بھی اعتزاز احسن نے ہم پر لگا دیا ہے۔