سرکاری عہدوں پر سفارشی افسران بھرتی کرنا ہماری پالیسی نہیں، وزیراعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سول سروس میں ترقیوں کے معاملے کو صوبائیت کا رنگ نہیں دینا چاہیئے اور تیسرے درجے کے سفارشی افسر کو اول درجے پر ترجیح دینا ہماری پالیسی نہیں۔

قومی اسمبلی میں سرکاری عہدوں پر ترقیوں کے معاملے پر اٹھائے گئے اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سول سروس میں ترقیوں کے معاملے میں حکومت کا کوئی کردار نہیں، اگر عوام کے ساتھ انصاف کرنا ہے تو اصولوں پر کار بند رہنا ہو گا۔

سول سروس میں ترقیاں صوبائی نہیں میرٹ کا معاملہ ہے اور ہم نے اگر بھرتیاں کی ہیں تو میرٹ کی بنیاد پر کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قوم کے ساتھ انصاف کرنا ہے اس لئے سرکاری عہدوں پر بھرتیوں کے معاملے میں امتیاز کرنا ہمارا حق نہیں اور اعلی عہدوں پر تعیناتی کے لئے سندھی، پنجابی، بلوچی اور پٹھان کو نہیں بلکہ میرٹ کو دیکھنا ہے۔

قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ بہت جلدی گھبرا جاتے ہیں ، اس لئے بھرتیوں کے معاملے پر انہیں گھبرانا نہیں چاہیئے، سول سروس میں بھرتیوں سے متعلق معاملہ میرٹ پر دیکھوں گا جس کے بعد تمام تفصیلات خورشید شاہ سے شیئر کی جائیں گی۔