حکومت پنجاب نے 10دسمبر سے16دسمبر تک ہفتہ شہداء منانے کا اعلان کر دیا

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیو ڈیسک) حکومت پنجاب نے 10دسمبر سے16دسمبر تک ہفتہ شہداءمنانے کا اعلان کر دیا وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پر آرمی پبلک سکول کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے حکومت پنجاب نے 10دسمبر سے16دسمبر تک ہفتہ شہداءمنانے کا اعلان کیا ہے۔

صوبائی دارالحکومت میں 12دسمبر کو خصوصی تقریب منعقد ہو گی جس میں وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے علاوہ پاک فوج ،پولیس،شہید بچوں کے والدین ،زخمی ہونے والے بچے،عوامی نمائندے،وکلاء،تنظمیں،تاجر برادری اور صحافی شرکت کریں گے ۔اس موقع پر وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف شہداءاور نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے اہم اعلانات بھی کریں گے ۔ضلعی و ڈویژن کی سطح پر مختلف تقریبات منعقد ہونگی۔

دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ جیت تک جاری رہے گی ،حکومت ،پاک فوج اور عوام دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ نے کے لئے یکسو و یکجا ہیں ۔ان خیالات کا اظہار ترجمان پنجاب ٬حکومت سید زعیم حسین قادری نے 180ایچ ماڈل ٹاﺅن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری ہائر ایجوکیشن عرفان علی،سیکرٹری انفارمیشن مومن آغا،ڈی جی پی آر جہانگیر انور اور ایڈیشنل سیکرٹری سکولز بھی موجود تھے۔

سید زعیم حسین قادری نے بتایا کہ کابینہ کمیٹی لاءاینڈ اآرڈر نے صوبے بھر کی سول و پولیس انتظامیہ کے ساتھ ملکر کئی پروگرام تشکیل دیئے ہیں جن میں سیمینارز کا انعقاد،واکس،مشاعرہ،تقریری و مضمون نسویسی کے مقابلے اور تصویری نمائش شامل ہیں،یہ تقریبات پورا ہفتہ جاری رہیں گی ۔اسی طرح صوبے کے تمام بڑے شہروں میں سٹی پریڈ کا انعقاد کیا جائے گا جن میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔

16دسمبر کو منعقد ہونے والی تقاریب میں شہداءکی فیملیز کو مدعو کیا جائے گا اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔سید زعیم حسین قادری نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے ننھے پھولوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔