حکومت سستے رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے

Ramzan Bazar

Ramzan Bazar

مصطفی آباد/للیانی(نامہ نگار) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ حکومت سستے رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے ‘حکومت پنجاب صوبے بھر میں رمضان بازاروں کی کڑی مانیٹرنگ کر رہی ہے ‘صارفین کے حقوق کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا ‘رمضان بازاروں میں تمام اشیائے خوردونوش مارکیٹ سے کم قیمت پر دستیاب ہیں اور انکی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصطفی آباد میں رمضان بازارکے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈی سی او قصور عمارہ خاں ، ڈی پی او سید علی ناصر رضوی ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد شاہد ، اسسٹنٹ کمشنر محمد شاہ رخ نیازی ودیگر بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ پنجاب بھر کے رمضان بازاروں کو اعلیٰ سطح پر مانیٹر کرنے کیلئے اراکین اسمبلی اور اعلیٰ سرکاری افسران کو ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیادوں پر اپنی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے انتظامیہ کو ہدایت کہ وہ تمام رمضان بازاروں میں پھلوں ، سبزیوں ، گوشت ، دالوں ، گھی ، آٹا، چینی سمیت تمام اشیائے خوردونوش کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنائے۔انہوں نے اس موقع پر صارفین سے رمضان بازاروں کی افادیت ، اہمیت اور حکومت کی طرف سے دی جانیوالی سبسڈی کے بارے میں بھی دریافت کیا ۔ صوبائی وزیر نے رمضان بازاروں کی سیکورٹی ، پارکنگ ، خواتین اور بزرگوں کے بیٹھنے کے مقامات کا بھی جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے رمضان بازاروں کی انتظامیہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ شکایات سیل میں آنے والی تمام شکایات کا فوری طور پر ازالہ کیا جائے اور تمام سٹالوں پر تمام اشیاء کی سارا دن فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔