حکومت سندھ کا اعلان عوام کیلئے تشویشناک ہے۔ جی کیو ایم

Government Sindh

Government Sindh

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گجراتی قومی موومنٹ کے چیئرمین محمد عرفان سولنگی عرف پٹی والا ‘ سینئر وائس چیئرمین محمد طارق صدیقی اوررہنما شعبہ خواتین ارم رحیم عبداللہ نے رینجرز واپسی کے اعلان کیساتھ کراچی کے عوام میں پیدا ہونے والے احساس خوف و عدم تحفظ پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی ‘ بد امنی اور عدم تحفظ کے ہاتھوں طویل عرصہ یرغمال بنے رہنے کے بعد شہر کراچی فوج ‘ رینجرز اور سیکورٹی اداروں کی جانفشانی و قربانیوں کے طفیل آج کراچی میں نہ صرف کاروبار زندگی رواں ہے بلکہ کرکٹ کی رونقیں بھی لوٹ آئی ہیں اور اہل کراچی پی ایل ایل کے فائنل کی میزبانی کیلئے تیار ہیں مگر افسوس کہ پی ایل ایس فائنل سے صرف ایک روز قبل وزیراعلیٰ سندھ نے رینجرز کے مرحلہ وار واپسی کے اعلان کے ذریعے اہل کراچی کو امن و تحفظ کے حوالے سے تشویش سے دوچار کر دیا ہے۔

اگر ایپکس کمیٹی نے رینجرز کی واپسی کا فیصلہ کربھی لیا تھا تو ایس ایس پی راو انوار کی گرفتاری اور آئی جی سندھ کی تبدیلی کی گھن گرج میں پی ایس ایل فائنل سے صرف ایک روز قبل ایپکس کمیٹی کے اس فیصلے کا اعلان کرکے پی ایس ایل کے فائنل کے پر امن انعقاد کے حوالے سے شکوک و شبہات پیدا کرنے کی بجائے فائنل کے بعد بھی تو اے پیکس کمیٹی کے اس فیصلے کی نقاب کشائی کی جاسکتی تھی مگروزیراعلیٰ کی اس عجلت نے نہ صرف پی ایس ایل کے فائنل کے پر امن انعقاد بلکہ کراچی میں امن وتحفظ کے حوالے سے بھی شکوک و شبہات کو جنم دیا ہے کیونکہ جب بھی اس قسم کے اعلانات کئے گئے ان اعلانات سے امن دشمنوں کو حوصلہ ملا اور کراچی میں بد امنی کی ایسی لہر آئی جس نے امن کو تہہ وبالا کرکے کراچی کو مقتل میں تبدیل کیا ہے۔