یونان میں کار حادثے میں 4 غیر قانونی تارکین وطن ہلاک، پاکستانی ڈرائیور زخمی

Car Accident

Car Accident

ایتھنز (زاہد مصطفی اعوان) یونان میں غیرقانونی تارکین وطن کی گاڑی کھائی میں گرنے سے 4 افراد ہلاک جب کہ پاکستانی ڈرائیور سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یونان کے شہر کوالا کے قریب ہائی وے پولیس نے ایک تیز رفتار ٹیکسی کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن ڈرائیور نے پولیس اہلکاروں کی ہدایت ماننے کے بجائے گاڑی کو ایک چھوٹی سڑک پر موڑ دیا۔

پولیس کی جانب سے گاڑی کا پیچھا کیا گیا اس دوران ڈرائیور تیزرفتار گاڑی کو قابو میں نہیں رکھ سکا اور گاڑی گہری کھائی میں جاگری، حادثے کے نتیجے میں چار افر د ہلاک جبکہ پاکستانی ڈرائیور سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی اور ہلاک ہونے والے افراد ترکی کی سرحد سے غیر قانونی طور پر یونان میں داخل ہوئے تھے، فوری طور پر غیر قانونی تارکین وطن کی قومیت کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ترکی کے شہر استنبول سے 57 پاکستانی غیر قانونی تارکین وطن کو بازیاب کرایا گیا تھا جب کہ چند روز پہلے بلوچستان میں بھی دو مختلف واقعات میں یورپ جانے والے 20 غیر قانونی تارکین وطن جاں بحق ہوگئے تھے۔