مشتعل گروپ کا حملہ، دیپکا پڈکون کی فلم ‘پدماوتی’ کا سیٹ نذر آتش

Deepika Padukone

Deepika Padukone

ممبئی (جیوڈیسک) انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق دیپکا پڈکون کی فلم پدماوتی کی شوٹنگ کے دوران ایک پرتشدد واقعہ پیش آیا ہے۔ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے تاریخی شہر کولہاپور میں فلم کی شوٹنگ جاری تھی کہ اچانک مشتعل افراد نے اس پر حملہ کر دیا اور سیٹ کو آگ لگا دی۔ واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں، تاہم پورا سیٹ اور سامان جل کر راکھ ہو گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کے ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی پر ہوئے حملے کے بعد سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے تاہم سینکڑوں افراد اچانک حملہ آور ہوئے اور فلم کے اداکاروں اور عملے کی حفاظت پر مامور گارڈز کو دھکیلتے ہوئے شوٹنگ کے مقام پر جا پہنچے۔ مشتعل افراد نے سیٹ کو پٹرول سے چھڑکا اور آگ لگا دی، آگ لگتے ہی تمام سیٹ جل کر خاکستر ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور چند مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔

اس سے قبل فلم کے ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی فلم کی شوٹنگ کیلئے راجھستان میں موجود تھے کہ اچانک مشتعل افراد نے انھیں تشدد کا نشانہ بنا ڈالا تھا۔ واضح رہے کہ اس تاریخی فلم میں دیپکا پڈکون، رنویر سنگھ اور شاہد کپور اہم کرداروں میں جلوہ گر ہونگے۔