گوئٹے مالا میں لینڈ سلائڈنگ سے 30 افراد ہلاک، 600 سے زائد لاپتہ

Land Slides

Land Slides

گوئٹے مالا سٹی (جیوڈیسک) وسطی امریکی ملک گوئٹے مالا میں طوفانی بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ سے 30 افراد ہلاک اور سیکڑوں لاپتہ ہو گئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گوئٹے مالا میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی ہے اور شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں 30 افراد ہلاک جب کہ 600 سے زائد لاپتہ ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق صرف ال کمبرے ڈوس نامی گاؤں سے 26 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

گوئٹے مالا کی ڈیزاسٹر ایجنسی کے حکام کا کہنا ہے کہ جس وقت لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ رونما ہوا تو زیادہ تر لوگ اپنے گھروں میں سورہے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ 500 سے زائد ریسکیو اہلکار فلاحی کاموں میں ملوث ہیں جب کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔