قصور وار صرف عمران

Imran Khan

Imran Khan

تحریر : علی ملک
میں آج کچھ بھی لکھنے سے پہلے آپ سے معذرت کرنا چاہوں گا اور ایک اعتراف ‘جرم’ بھی لگے ہاتھوں کر ہی لوں۔ میں معذرت چاہتا ہوں کہ میں عرفان صدیقی صاحب، محترم عطا الحق قاسمی ، قبلہ سلیم صافی، مشہور زمانہ جناب نجم سیٹھی، اور ہر دل عزیز جاوید چوووودری کی طرح ‘نیوٹرل’ بلکل نہیں ہوں اور اعتراف جرم یہ کہ میرا 2013 کا ووٹ عمران خان کے لیے تھا (جو چوری ہو گیا) ۔ دنیا میں اور بلخصوص اسلامی جمہوریہ پاکستان جیسے ملک میں نیوٹرل ہونے سے بڑا کوئی جرم نہیں، کسی سیانے کا قول ہے
“We must take sides. Neutrality helps the oppressor, NEVER the victim” Elie Wiesel

اسلامی جمہوریہ پاکستان ہر روز آئی ایم ایف سے چار ارب روپے کی اوسط سے قرضہ لے رہا ہے، صرف 2014 میں حکومتی اعداد و شمار کے مطابق 330 ارب روپے کی ‘بے ضابطگیاں ‘ ہوئیں ، بادشاہ سلامت اور انکے شاہی خاندان کے صرف کچن کا خرچ لاکھوں روپیہ یومیہ ہے، ٩ کروڑ سے زائد جمہور کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں ، ڈھائی کروڑ لوگ تعلیم جیسی نعمت سے محروم ہیں (اور جو تعلیم حاصل کر رہے ہیں ، وہ معیار بھی کسی سے ڈھکا چھپا نہیں) پاکستان کا سب سے بڑا شہر جسے ناجانے کس دیوانے نے روشنیوں کا شہر کہا تھا اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے، صوبہ پنجاب کا سب سے بڑا شہر ، شہر لاہور (وہی شہر جہاں پنجاب کا 35% بجٹ صرف ہوا) میں دودھ کی نہریں ہر ٥ منٹ کی بارش کے بعد نظر آتی ہیں، پچھلے 68 سالوں میں یہ راجے مہا راجے پینے کا صاف پانی تک مہیا نہیں کر سکے۔۔۔۔ ہم وہ بد نصیب ہیں جنہیں سوائے ذلت کے کچھ بھی خالص نصیب نہیں اور یہ واحد سہولت بھی صرف قسطوں میں میسر ہے، ہر روز ایک نئی قسط اور متعدد بار ‘ری کیپ’ کے ساتھ اور بغیر فرمائش کے نشر مکرر۔ صحت ، تعلیم اور عدل و انصاف کی فراہمی پر بات کر کہ میں آپکا وقت مزید برباد نہیں کرنا چاہتا کیونکہ یہ وہ مسائل ہیں جس میں ہم سب مکمل تربیت یافتہ اور خود کفیل ہیں۔۔۔۔

اب میرا بڑا سادہ مگر تجسس سے بھرپور سوال یہ ہے کہ مندرجہ بالا گھسے پٹے دکھوں میں سے کتنوں میں عمران خان کا قصور ہے؟ کونسے قرضے عمران خان نے معاف کروائے ہیں؟ کونسی ایان علی کو ‘با عزت’ بری کروایا ہے؟ اسکا کونسا کاروبار ہندوستان، انگلستان، دبئی وغیرہ میں ہے؟ کونسی شوگر ملوں کے لئے پل بنوائے اور توڑے ہیں؟ کتنے انہار چلانے کے لئے ھلہ کو ہلایا ہے؟ کونسی مرغیوں کی پرائس کنٹرول کا اختیار اسکے پاس ہے؟ کتنوں کو تھر میں سسک سسک کر مروایا ہے؟ کس کو سیدھے فائر کر کہ ماڈل ٹاون ، فیصل آباد، ڈسکہ، راولپنڈی میں قتل کروایا ہے؟ میری محدود ترین معلومات کے مطابق ان میں سے کسی میں بھی یہ کسی بھی طرح ملوث نہیں ۔ تو پھر میرا تجسس سے بھرپور سوال یہ ہے کہ آخر میڈیا کے مطابق سارا قصور عمران کا کس طرح ہے؟ عمران کی چپل سے لے کر ریحام کی قلفی کی فرمائش سے ہوتے ہوئے بات بھابھی کی ڈگری تلک آن پہنچی ہے، کہ شائد ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ہی یہ ہے۔ ریحام نے ڈگری مکمل کی یا نہیں اس سے میرا کیا لینا دینا؟ ریحام جانے اسکا بندہ جانے یا وہ جس نے اسے نوکری دی ہے۔

Election

Election

البتہ بھابھی جی کوئی ایم این اے ، ایم پی اے یا کسی یوتھ سکیم کی سربراہ ہوتیں تو یقینن سبکو جوابدہ ہوتیں۔ بھابھی کا سیاست میں آنا کم از کم عمران کی زندگی میں تو ممکن نہیں اور جو سمجھتے ہیں یہ بات ہم نہیں جانتے وہ اصل میں عمران خان کو نہیں جانتے ۔۔۔۔جاتے جاتے ایک آخری بات اور دو سوال۔ اگر فرض کریں عمران کبھی الیکشن نہیں جیت سکا یا اس سے بھی بری طرح فیل ہو جائے تو بھی عمران کی لیگسی کو کوئی چیلنج نہیں کر سکتا، وہ سولہ برس کی عمر سے قومی ہیرو ہے۔ یہ بات میں بہت تفصیل سے اپنے ایک کالم میں کر چکا ہوں کہ عمران اگر سیاست میں نا آتا تو بھی ہیرو ہی ہوتا، لیکن اگر مولوی ضیاء الحق کی پراڈکٹ ، حضرت علامہ ڈاکٹر ماہر وصیت ، انگلستان والے بھائی، ڈیزل و ایزی لوڈ سیاست میں نا آتے تو کیا کرتے؟ (تفصیل دوبارہ پھر سہی)

آخر میں دو سوال ۔۔۔شوکت خانم جیسا کوئی ایک ، صرف ایک سرکاری ہسپتال کا نام بتا دیجیے؟ پی ایم ایل ن اور پی پی پی پچھلے لگ بھگ چالیس سال سے حکومت میں ہیں، چلیں چالیس چھوڑیں پچھلے آٹھ برس سے دونوں مسلسل پنجاب اور سندھ میں حکومت کر رہے ہیں ۔ صرف ایک ایسے ادارے اور شہر کا نام بتا دیں جو انہوں نے مکمل ٹھیک کر لیا ہو اور وہ سب کے لیے ایک ماڈل ہو۔ (وہ والی ماڈل نہیں) چلیں شہر بھی چھوڑئیے صرف اور صرف ایک ادارہ پنجاب اور سندھ میں بتا دیجیے جو اپنی مثال آپ ہو اور کرپشن سے پاک ہو۔ کسی سیانے نے کہا تھا ‘ اٹھارہ کروڑ کا پاکستان اور صرف ایک عمران خان’ لیکن قصور وار صرف عمران ۔

ضروری اعلان: خواجہ چھ مہینے میں سرپرائز لوڈ شیڈنگ کے لیئے ایک جان لیوا ء خبر ہے کہ شوکت خانم پشاور 29 دسمبر 2015 کو کھل رہا ہے اور وہاں بھی ستر سے اسی فیصد کا مفت علاج ہو گا۔ مفت لفظ پی ایم ایل این سے بہتر آخر کون سمجھ سکتا ہے

Ali Malik

Ali Malik

تحریر : علی ملک
Twiter @AliHasnainMalik