نیک آباد شریف میں خواتین سالانہ دینی اجتماع، ہزاروں بنات اسلام کی شرکت

Gujrat

Gujrat

گجرات: امت مسلمہ دینی اقدار کے فروغ، غیر اخلاقی امور کے انسداد اور رب العالمین کی رضا کیلئے بھرپور جدوجہد کرے۔ حقیقی ایمان والے اللہ تعالیٰ کے احکام پر عمل کرکے دنیا قبر آخرت سبھی سنوارلیتے ہیں۔ رسول پاک ۖ کی محبت کے بغیر زندگی ادھوری ہے، ایمان کے بعد ہر چیز سے مقدم حضور کی محبت ہے۔ مسلمانوں کی دنیا اورآخرت کو بر باد کرنے کی سازشیں کرنے والے کامیاب نہیں ہونگے۔ خواتین اسلام دین حق کی ترویج واشاعت اور مملکت خدا داد پاکستان میں نفاذ نظام مصطفیۖ کیلئے بھر پور کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار خانقاہ نیک آباد شریف کے سجادہ نشین اورعالمی تنظیم اہلسنت کے امیر حضرت پیر محمد افضل قادری نے نیک آباد شریف میں عالمی تنظیم اہلسنت خواتین کے سالانہ دینی اجتماع اور قادریہ عالمیہ یونیورسٹی خواتین کے سالانہ جلسہ تقسیم اسناد میں اندرون وبیرون ملک سے آئی ہوئی ہزارہا خواتین کے تاریخی اور باپردہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر 1810 عالمات، حافظات، قاریات، فاضلات کو اسناد دی گئیں۔

اجتماع سے محترمہ غلام فاطمہ، محترمہ ریحانہ کوثر قادری، محترمہ رضوانہ قادری، محترمہ عرفانہ قادری، محترمہ شازیہ قادری، محترمہ آمنہ قادری، محترمہ میمونہ قادری، محترمہ شگفتہ قادری و دیگر نے خصوصی شرکت کی۔ جبکہ ہزاروں خواتین نے طریقہ قادریہ میں حضرت پیر محمد افضل قادری کی اجتماعی بیعت کی۔ قرار دادوں کے ذریعے ہزارہا خواتین نے پاکستان کے حکام سے ملک میں نظام اسلام کے نفاذ، عریانی فحاشی کے انسداد، ہندوانہ ودیگر غیر اسلامی کلچر کی روک تھام، میڈیا کیلئے حدود قیود مقرر کرنے، خواتین کیلئے الگ تعلیمی ادارے، مسلم خواتین کیلئے اسلامی لباس کے نفاذ کے پرزور مطالبے کئے۔ قادریہ عالمیہ یونیورسٹی خواتین اور عالمی تنظیم اہلسنت خواتین کی سربراہ محترمہ ریحانہ کوثر قادری نے خواتین کو شہر شہر قریہ قریہ درس قرآن وحدیث اورمحافل ذکر قائم کرنے کی تلقین کی اور فارغ التحصیل عالمات فاضلات کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں دینی تعلیم کا انتظام کریں اور اپنے خاندانوں کو راہ جہنم سے بچانے اور راہ جنت پر چلانے کیلئے پورے دینی درد وجذبہ کیساتھ صحابیات اور قرون ِ اولیٰ کی بلند کردار خواتین کا کردار پیش کریں۔

انہوں نے خواتین کو اللہ تعالیٰ کی عبادت، رسول اللہۖ کی محبت واطاعت، والدین وشوہر کیساتھ حسن سلوک، حقوق اللہ وحقوق العبادکی ادائیگی، سچ بولنے، تقویٰ حسن معاشرت نماز روزہ اسلامی پردہ کی پابندی کی تلقین کی اور اس بات پر زور دیا کہ خواتین معاشرہ میں خیر پھیلائیں گھروں کو جنت نظیر بنائیں اور اپنی اولاد کی شاندار دینی تربیت کر کے ملک وملت کی سربلندی کیلئے کردار ادا کریں۔ اس موقع پر قادریہ عالمیہ یونیورسٹی کی ساری ٹیم ومعاونین کو اعلیٰ کارکردگی پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور ملک وملت کی خیر وسلامتی کیلئے رقت آمیز اجتماعی دعا کی گئی۔