گجرات کی خبریں 10/9/2016

GPI

GPI

گجرات (جی پی آئی) دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس میں پری سکول کے زیر اہتمام ” بلیو ڈے ” منایا گیا جس کا مقصد بچوں میں رنگوں کے بارے میں شعور بیدار کرنا تھا۔ ڈائریکٹر دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس شہزاد شفیق نے کہا ہے کہ معصوم بچے ہمارا ثاثہ ہیں اور انہیں بہترین تعلیم و تربیت کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور بچوں کو کلرز کے بارے میں شعور بیدار کیا جا رہا ہے تا کہ وہ عملی زندگی میں بہتر طریقے سے زندگی گزار سکیں اس موقع پر ننھے منھے بچوں نے مختلف ٹیبلو ، ملی نغمات پیش کیے ، ٹیچرز نے بچوں کو نیلے رنگ کے حوالہ سے مختلف اشیاء کے نام یاد کروائے بچے گھروں سے نیلے رنگ کے کپڑے شوز پہن کر آئے اور نیلے غبارے اور کھلونے ساتھ لیکر آئے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس میں عید الاضحی کے سلسلہ میں چھٹیوں کا اعلان کر دیا گیا ، سکول 10ستمبر سے 17ستمبر تک بند رہیں جبکہ سکول 19ستمبر کو کھلے گا چھٹیوں کے فوراًبعد بچوں کے ٹرم امتحانات کا سلسلہ شروع ہو جائے گا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ممتاز روحانی شخصیت ڈاکٹر پیر شہزادہ فضیل عیاض قاسمی والئیے موہڑہ شریف چیئرمین قاسمیہ زاہدیہ ٹرسٹ رجسٹرڈ و صدر اتحاد المشائخ پاکستان گزشتہ روز تعزیت کیلئے اسٹریلیا کی ممتاز شخصیت ڈاکٹر فضل کریم چوہدری کی رہائشگاہ پھلروان گئے اور ان کے والد محترم چوہدری روشن علی رحمانیہ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اس موقع پر اہم شخصیات موجود تھیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) پاکستان اولیاء کرام کا فیضان ہے اور اولیاء کرام نے قیام پاکستان و استحکام میں اہم کردار ادا کیا ان خیالات کا اظہار صدر اتحاد المشائخ پاکستان ممتاز روحانی شخصیت ڈاکٹر پیر شہزادہ فضیل عیاض قاسمی والئیے موہڑہ شریف نے جامع مسجد صدیق اکبر گلیانہ میں جمعتہ المبارک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہم ہر اس حکومت سے تعاون کریں گے جو اسلام کی سربلندی اور پاکستان کے استحکام کیلئے کام کرے گی پاکستان مسلح افواج اور سیکورٹی اداروں کی قربانیاں اور کاوشیں قابل تحسین ہیں ہم شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں نیشن ایکشن پلان اور ضرب عضب کے تحت پاکستان میں ہونے والی کاوشیں قابل تحسین ہیں لیکن حکومت کو چاہیے کے ایسے عناصر سے بھی ہوشیار رہیں جو ملک میں حلف شعار اور انتشار پھیلانے کیلئے کام کر رہے ہیں ان کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے لائوڈ سپیکر پر پابندی نہیں ہونی چاہیے اذان اور ذکر کی اجازت ہونی چاہیے کیونکہ یہ ذکر و اذان اولیاء کرام کی وجہ سے ہم تک پہنچا ڈاکٹر پیر شہزادہ فضیل عیاض قاسمی نے کہا کہ ہم چیف آف آرمی سٹاف اور وزیراعظم پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہیں لیکن ان سے اپیل کرتے ہیں کہ محب وطن قوتوں کو آگے آنے کا موقع دیا جائے تا کہ اولیاء کا فیضان پاکستان ترقی کر سکے اس موقع پر انہوںنے ملک کی ترقی و سلامتی کیلئے خصوصی دعا کی قبل ازاں گلیانہ پہنچنے پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا ، بزم غلامانِ گھمگول شریف کے ناظم چوہدری افتخار احمد ملہی ،راجہ اسلم پرویز ، قاری کرامت علی نقشبندی ، حاجی امجد رشید کھاریاں ، غلام عباس گلیانہ ، راجہ عامر گجرات ، چوہدری اکرم ،چوہدری فیاض چیمہ و دیگر بھی تھے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) جامع مسجد شہنشاہ ولائیت میں عید الاضحی کی نماز ٹھیک8.30بجے ادا کی جائے گی صاحبزادہ پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی حصوصی خطاب کریں گے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ترقیاتی فنڈز کا شفاف اور بروقت استعمال سرکاری محکموںکے سربراہان کی ذمہ داری ہے، عوامی فلاحی منصوبوںکیلئے جاری فنڈز کے سو فیصد استعما ل کے لئے بروقت منصوبہ بندی کی جائے، سکولوںمیں بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے سکول کونسلز کو فعال بنایا جائے۔ یہ ہدایات ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ایم پی اے چوہدری شبیر احمد کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جاری کیں، ڈی پی او سہیل ظفر چٹھہ، اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا، ایم این اے چوہدری عابد رضا، ایم پی ایز میاں طارق محمود، میجر (ر) معین نواز، حیدر مہدی، چوہدری اشرف دیونہ، مسلم لیگ ن کے راہنما چوہدری مبشر حسین، نوابزادہ طاہرالملک، چوہدری رضا علی وڑائچ، اسسٹنٹ کمشنرز، ای ڈی اوز اور مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی، ای ڈی او فنانس نے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ گذشتہ مالی سال کے دوران ایم پی ایز پیکج سے 204ملین روپے لاگت سے 67ترقیاتی سکیموں پر کام سو فیصد مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ رواں مالی سال کے دوران صوبائی ترقیاتی بجٹ سے 2735ملین روپے لاگت سے 76منصوبہ جات پر کام شروع کر دیا گیا ہے ان میں پراونشل روڈز ، پبلک ہیلتھ ، پراونشل بلڈنگز، ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ، لوکل گورنمنٹ جنگلات ، اریگشن ڈیپارٹمنٹ کے پراجیکٹس شامل ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ابتک ان منصوبہ جات کیلئے 1880ملین روپے جاری ، 451ملین روپے خر چ ہو چکے ہیں ان پراجیکٹس پر فزیکل پراگریس 45فیصد فنانشل پراگریس 24فیصد ہے۔ ڈی سی او نے بتایا کہ خادم پنجاب رورل روڈ پروگرام کے تین فیز مکمل ہو چکے ایک پر کام جاری ہے۔ انہوںنے بتایا کہ جی ٹی روڈ، بھمبر روڈ سمیت متعدد اہم روڈز کی مرمت کی جائے گی، سرائے عالمگیر میں ریسکیو 1122سنٹر کی تعمیر جلد شروع کر دی جائے گی ۔ ڈی سی او نے سیکرٹری آر ٹی اے کو ہدایت کی کہ سٹرکوں کو نقصان سے محفوظ رکھنے کیلئے اوور لوڈنگ کرنیوالے ڈمپرز اور دیگر گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے ۔ انہوںنے بتایا کہ ضلع بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں وافر مقدار میں ادویات فراہم کر دی گئی ہیں ارکان قومی اسمبلی بھی اپنے علاقوں میں سرکاری ہسپتالوںکی چیکنگ کریں ۔ انہوںنے بتایا کہ سکول کونسلز میں منتخب نمائندو ں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ ایم پی اے چوہدری شبیر احمد نے کہا کہ جاری ترقیاتی سکیموں کی رواں مالی سال کے دوران ہر صورت تکمیل یقینی بنائی جائے ، فلڈ سے متاثرہ علاقوں میں سکیمیں فوری مکمل کی جائیں ۔ انہوںنے کہا کہ محکموںکی کارکردگی کے ذمہ دار انکے سربراہان ہوں گے، کرپشن کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) معروف ادیب، ڈسٹرکٹ پبلک پراسکیوٹر گجرات بابر جاوید ڈار کی تصانیف ننگے پیر، سپی دا موتی اور آزاد کرنیں پر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی طالبہ آسیہ اعظم نے ایم ایس کا تھیسزکامیابی سے مکمل کر لیا ہے جس کا عنوان بابر جاوید ڈار دی کہانی کاری رکھا گیا ہے۔ تھیسز پراجیکٹ کی نگرانی ڈاکٹر مجاہدہ نے کی۔ علمی و ادبی حلقوں نے تھیسز کیلئے کتب کے انتخاب پر بابر جاوید ڈار کو مبارکباد دی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ایڈیشنل سیشن جج محمد اسلم گوندل نے ڈسٹرکٹ جیل گجرات کا دورہ کیا اور معمولی نوعیت کے مقدمات کے 16ملزمان کو ذاتی مچلکوںپر رہا کرنے کا حکم دیا، سول جج محمد احمد حسنین بھی انکے ہمراہ تھے۔ فاضل ایڈیشنل سیشن جج نے جیل ہسپتال، خواتین ، نوعمر قیدیوںکی بارکوں اور کچن کا معائنہ کیا ، قیدیوں سے انکے مسائل سنے اور موقع پر حل کیلئے احکامات جاری کئے۔ ایڈیشنل سیشن جج نے جیل میں صفائی کے معیار کو سراہا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) جناح پبلک سکول کے بورڈ آف گورنرز نے مالی سال 2016-17کیلئے 16کروڑ88لاکھ 23ہزارروپے کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے، حکومتی پنجاب کی پالیسی کے مطابق اساتذہ اور ملازمین کے پے سکیل ریوائز کرکے تنخواہ میں 10فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ بورڈ آف گورنرز کا بجٹ اجلاس ڈی سی او/چیئرمین بورڈ آف گورنرز لیاقت علی چٹھہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا، ای ڈی او فنانس چوہدری اصغر، ای ڈی او ایجوکیشن طاہر کاشف، پرنسپل ترنم ریاض، چوہدری اشرف ریحانیہ، نگہت قریشی، عبدالمجید شادابیہ، میاں محمد الیاس و دیگر نے شرکت کی۔ بجٹ تجاویز کے مطابق جناح پبلک سکول کو رواںمالی سال کے دوران مجموعی طور پر 11کروڑ، 37لاکھ ، 849روپے آمد ن متوقع ہے، سکول کے پاس گذشتہ سالوں کی بچت کی مد میں 5کروڑ، 84لاکھ، 59ہزار روپے سے زائد رقم موجود ہے اس طرح ادارے کی رواں سال کے دوران مجموعی آمدن 16کروڑ88لاکھ 23ہزارروپے کا تخمینہ ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ اساتذہ و ملازمین کی تنخواہوں، بلوں اور دیگر واجبات کی ادائیگی کی مد میں اخراجات کا تخمینہ 9کروڑ،66لاکھ13ہزار 907روپے جبکہ ڈویلپمنٹ اخراجات کا تخمینہ 5کروڑ 36لاکھ روپے ہے اسطرح مالی سال کے اختتام پر 17ملین روپے بچت ہوگی۔ بورڈ آف گورنرز نے مکمل غور حوض کے بعد بجٹ کی منظوری دے دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈ آف گورنرز و ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ جناح پبلک سکول ضلع گجرات کا ایک مثالی ادارہ ہے سکول انتظامیہ کوالٹی ایجوکیشن پر بھرپور توجہ دے ، ادارے میں معیار تعلیم بہتر بنانے کیلئے اعلی تعلیم یافتہ اور باصلاحیت تدریسی عملے کا تقرر کیا جائے۔ ڈی سی او نے اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا کی زیر قیادت ایک کمیٹی تشکیل دی جو دو ہفتے میں جناح پبلک سکول میں طلبہ کی تعداد کے مطابق اساتذہ کی تعیناتی، اساتذہ کی پرموشن پالیسی وضع کرے گی نیز ایم فل اور پی ایچ ڈی اساتذہ کو الاونسز کے حوالے سے بھی سفارشات پیش کرے گی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ رواں سال ضلع گجرات کے سرکاری تعلیمی اداروں کے میٹرک کے نتائج نہایت حوصلہ افزا رہے، کارکردگی میں مزید بہتری کیلئے سربراہان ادارہ جات اور ٹیچرز ٹیم ورک کی حیثیت سے کام کریں اور اپنے ملک، پیشے اور انسانیت سے مخلص ہوکر اپنے فرائض منصبی ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گورنمنٹ جامع ہائی سکول میں ضلع بھر کے سرکاری سکولوں کے پرنسپلز اور ہیڈ ماسٹرز و ہیڈ مسٹریس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈی ایم او گجرات وقار حسین خان، ای ڈی او ایجوکیشن طاہر کاشف، ڈی ای اوز نثار احمد، محمد پرویز ، پرنسپل جامع ہائی سکول اکرام اللہ، پی ایس او عثمان سرور بھی موجود تھے۔ ڈی سی او نے نہم کلاس کے امتحان میں 490نمبر حاصل کرنے پر گورنمنٹ جامع ہائی سکول کے طالبعلم سارم کو ٹرافی، بہترین نتائج پر گورنمنٹ بوائر ہائی سکولز فتح پور، پیرو شاہ، بھاگوال، لکھنوال، کھوجیاںوالا، ٹھٹھہ موسیٰ، گورنمنٹ گرلز ہائی سکولز کھوہار، منڈاں والا، پران، مرزا طاہر کے ہیڈ ماسٹرز و ہیڈ مسٹریسز کو تعریفی اسناد سے بھی نوازا۔ خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ای ڈی او ایجوکیشن طاہر کاشف نے بتایا کہ رواں سال ضلع گجرات کے 24400طلبہ وطالبات میٹرک کے امتحان میں امیدوار تھے ان میں سے کامیابی کا تناسب 80فیصد رہا ۔ انہوںنے بتایا کہ میٹرک کے امتحان میں طالبات کی کامیابی کا تناسب 91فیصد جبکہ طلبہ کی کامیابی کا تناسب 70فیصد رہا۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے شاندار نتائج پر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران، ہیڈز اور اساتذہ کو مبارکباد دی اور ہدایت کی کہ پہلے سے بھی بڑھ کر محنت کریں تاکہ محکمہ تعلیم گجرات کی پرفارمنس کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔انہوںنے کہا کہ تمام سکولوںمیں قائم سائنس ، کمپوٹر لیب اور لائبریری سے طلبہ کو بھرپور استفادہ کا موقع دیا جائے ۔ انہوںنے کہا کہ عیدالضحیٰ کے بعد وہ ضلع بھر کے سرکاری تعلیمی اداروںکا دورہ کریں گے اور معیار تعلیم، ڈسپلن، صفائی اور سکول کونسلز کو فعال بنانے والے 50ہیڈ ٹیچرز کو ایک ایک ماہ کی اضافی تنخواہ اور سرٹیفکیٹس سے نوازا جائے گا۔ ڈی سی او نے ہدایت کی کہ ہیڈ ماسٹرز سکول کونسلز کو فعال بنائیں ان میں فعال ممبران کو شامل کیا جائے ، ان ممبران کے نام بورڈ پر نمایاں جگہ آویزاں کئے جائیں اور باہم مشاورت سے این ایس بی فنڈز کا استعمال یقینی بنایا جائے۔ ڈی سی او نے واضع کیا کہ کسی بھی سکول میں شادی بیاہ کے فنکشن کی اجازت نہیں ہوگی اور اگر کوئی بااثر فرد زور زبردستی کرے تو انہیں آگاہ کیا جائے ایسے عناصر کے خلاف سخت ترین ایکشن یقینی بنایا جائے گا۔ انہوںنے ہدایت کی کہ بلاضرورت اساتذہ کو چھٹی دینے سے گریز کیا جائے، زیر تعلیم طلبہ کی غیر حاضری کی صورت میں انکے والدین کو فون کرکے اطلاع دی جائے نیز سکولوںمیں والدین کے ساتھ میٹنگز کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ قومی سلامتی، کرپشن اور سانحہ ماڈل ٹائون میں اپنے فرائض میں ناکامی کے باعث حکومت اپنا جواز کھو چکی ہے، اپوزیشن کیلئے یہ فائنل رائونڈ ہے جس کیلئے اسے متحد اور یکجا ہونا چاہئے۔ انہوں نے موجودہ صورتحال کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اپوزیشن جماعتیں متحد ہو جائیں تو اِن ہائوس تبدیلی ممکن ہے اور انہیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس میں کرپشن کے اتنے واضح الزامات کے باوجود احتساب کا راستہ روکنے کیلئے حکومت جو تاخیری حربے اختیار کر رہی ہے اور جس طرح وہ سانحہ ماڈل ٹائون کے شہیدوں اور زخمیوں کے خون ناحق کے ذمہ داروں اور قاتلوں کو بچا رہی ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اس نے اپنی ریاستی ذمہ داریاں پوری کرنے کے بجائے ان سے واضح انحراف کیا ہے اور اسے اب عوام پر حکومت کرنے کا کوئی اختیار نہیں جن کے جان و مال کی وہ محافظ ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ قومی سلامتی کے حوالے سے وزیراعظم پر جو سوال اٹھ رہے ہیں انہیں کسی طور نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، پاکستان کے خلاف بیرونی دشمنوں کی کھلم کھلا کارروائیوں، اقدامات اور بیانات کے علاوہ ان قوتوں سے وزیراعظم کے رابطوں کے بارے میں ان کی خاموشی نہ صرف معنی خیز ہے بلکہ اس بات کو تقویت دیتی ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے اگر اپوزیشن نے ان حالات میں بھی اپنی صفوں میں اتحاد پیدا نہ کیا اور مشترکہ جدوجہد نہ کی تو یہ نہ صرف ہمارے قومی و ملکی مفادات کے منافی ہو گا بلکہ اس سے ان لوگوں کے اقتدار کو طول ملے گا جن کے کردار پر مسلسل انگلیاں اٹھ رہی ہیں۔#
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کویت کے نائب صدر چوہدری غضنفر جمشید نے پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ اوورسیز کے آرگنائزر اور وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کے بیٹے علی زاہد سے لاہور میں ملاقات کی ۔چوہدری غضنفر جمشید نے علی زاہد کو کویت میں یوتھ ونگ کی ممبر شپ کے حوالے سے گفتگو کی ۔انھوں نے کہا کہ ہم کویت سمیت تمام عرب ممالک میں اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کا پیغام گھر گھر پہنچائیں گے ۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف نے ملک کو اندھیروں سے نکالنے اور روشن پاکستان کی طر ف سے لے جانے کے لئے دن رات ایک کیا ہو ا ہے ۔پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کا مقصد پاکستانی کیمونٹی کی بے لوث خدمت ہے ۔علی زاہد نے کہا کہ یوتھ ونگ کی مضبوطی در اصل میاں نواز شریف کی مضبوطی ہے ۔عمران خاں بو کھلائیٹ کا شکار ہیں ۔انہیں انشاء اللہ آئندہ آنے والے الیکشن میں بھی شکست دے دوچار کریں گے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن ضلع گجرات کے صدر محمد ناظم کھوکھر نے سید عدیل عباس شاہ ،سید عقیل عباس شاہ، سید سہیل شاہ کے بہنوئی اورانکی فیملی کے بہیمانہ قیل کے حوالے سے اظہار مزمت کرتے ہوئے کہا کہ سید تصور حسین شاہ اور انکی فیملی کا قتل انتہائی ظالمانہ اقدام ہے سید تصور حسین شاہ انتہائی نیک سیرت اور شریف النفس شخصیت کے مالک تھے انہون نے دوران بینک سروس اپنے اخلاق پیار و چاہت کے ساتھ گجرات کے لوگوں کو اپنا گرویدہ بنایا ہوا تھا ان کے قتل کا جتنا بھی افسوس و مذمت کی جائے کم ہے ہم DPOسہیل ظفر چٹھہ سے اپیل کرتے ہیں کہ سید تصور حسین شاہ سمیت پانچ معصوم جانوں کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور قرار واقع سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو ایسی جرات نہ ہو غم کے ان لمحات میں سید طالب شاہ مرحوم کی فیملی کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور بارگاہِ الٰہی میں دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالٰی مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلٰی مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ندیم حسین بٹ نے گجرات سٹیمنا جم کے چیف ایگزیکٹو فخر عظیم کوکک باکسنگ ایسوسی ایشن ضلع گجرات کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ وہ گزشتہ روز گجرات سٹیمنا جم گئے ۔ اور انہوں نے تھائی لینڈ سے آنیوالے مہمان انسٹرکٹر مسٹر فلپس سے ملاقات کی اور پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ندیم بٹ نے کہا کہ گجرات میں ڈویژنل باکسنگ چیپئین شپ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ڈویژنل بھر سے باکسنگ کے کھلاڑی شریک ہوں گے اور ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی طرف سے انہیں انعامات دئیے جائیں گے۔ صدر ڈسٹرکٹ کک باکسنگ ایسوسی ایشن فخر عظیم نے کہا جب سے ندیم بٹ نے چارج سنبھالا ہے سپورٹس کے فروغ کیلئے کام ہو رہا ہے اور لوگوں کو سہولیات مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل اب کھیلوں کی جانب متوجہ ہو رہی ہے جس سے معاشرہ میں بے راہ روی اور منشیات جیسی لعنتیں ختم ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور اُمید ظاہر کرتے ہیں کہ گجرات میں کھیلوں کے فروغ کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ سپورٹس کمیٹی اپنا کردار سرانجام دیگی۔ کیونکہ ندیم بٹ جیسے محنتی ،فرض شناس ،اور کھیلوں سے پیار کرنے والے افسران ہمارا اثاثہ ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ڈی پی او گجرات سہیل ظفر چٹھہ کی پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ صوبائی حکومت کے فیصلے کے مطابق کوئی بھی مدرسہ/تنظیم /گروپ کو بغیر اجازت قربانی کی کھالیں اکٹھی نہیں کر سکتے اور نہ ہی کسی کالعدم تنظیم کو کھالیں دی جا سکتی ہیں ۔بغیر اجازت قربانی کی کھالیں دینے اور لینے والوںکیخلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کاروائی کی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) گلبرگ کالونی گراؤنڈ چوہدری سرور جوڑا میں صفائی اور پانی کی نکاسی کا نظام انتہائی ناقص ہے۔ جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ صفائی نہ ہونے کی وجہ سے مچھروں کی بہتات ہے۔ جس کی وجہ سے ملیریا ، ڈینگی اور دیگر وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے۔ ٹی ایم اے والے لمبی تان کر سوئے ہوئے ہیں۔ صفائی کے دعوے تو بہت کرتے ہیں لیکن صورتحال اس کے برعکس ہے۔ نہ تو صفائی کی طرف کوئی توجہ دی جاتی ہے اور نہ ہی پانی کی نکاسی کا نظام بہتر بنایا جا رہا ہے۔ جب بارش ہوتی ہے تو گندہ پانی گلیوں میں کھڑا ہو جاتا ہے ۔ جس سے مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ اہل محلہ نے ڈی سی او سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹی ایم اے والوں کو اس بات کا پابند کیا جائے کہ وہ صفائی کی صورتحال کو بہتر بنائیں اور پانی کی نکاسی کا بندوبست کریں تاکہ اہل محلہ کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) عدالت نے قتل کیس میں ملوث2ملزمان محمد افضل اور محمد عاصم کو عمر قید اور2,2لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنادیا ۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج گجرات ذوالفقار علی نون نے تھانہ صدر جلالپور جٹاں کے گائوں موہلہ لنگڑیال کے رہائشی محمد قدیر ولد نذیر احمد قوم جٹ کے قتل کے کیس میں ملوث ملزمان محمد افضل ولد خان محمد قوم جٹ سکنہ موہلہ لنگڑیال اور محمدعاصم ولدمحمد بشیر قوم جٹ سکنہ لکھنوال کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور 2,2لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنادیا جبکہ جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں ملزمان کو مزید6,6ماہ قید بھتگنا ہوگئی اور ملزم محمد افضل کی اہلیہ اللہ رکھی والد خان محمد ،والدہ خورشید بیگم ، بھائی جاوید اسلم اور بھابی زاہدہ بیگم کو عدم ثبوت پر بری کردیا۔ ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے مورخہ18مئی 2013کو باہم صلاح ومشورہ ہوکر پیسوں کے لین دین کے معاملہ پر محمد قدیر کو قتل کردیا تھا یاد رہے کہ اس قتل کی واردات کے بعد مقتول کے خاندان کی دادرسی کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف انکے گھر موہلہ لنگڑیال بھی آئے تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) لاہور ہائی کورٹ میں ججوں کی 14اسامیوں کو پر کرنے کیلئے پہلا مرحلہ مکمل ہوگیاہے لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب بھر سے موصول 280ناموں کی سکرونٹی کا عمل شروع کردیاہے ستمبر کے اختتام تک ججز کی تعیناتیوں کا عمل مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے ضلع گجرات سے سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان چوہدری فاروق حیدر کا نام شامل ہے لاہو رہائی کورٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ججز کی تعیناتیوں کیلئے شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے پنجاب بھر کے سینئر وکلاء بار ایسوسی ایشن ،بارکونسل سے نام مانگے گئے تھے 280وکلاء سے عدالتی فیصلوں کی تفصیلات اور تین سالہ ٹیکس ریٹرنز مانگی گئی ہیں ذرائع کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ کی نگرانی میں وکلاء کے ناموں کی سکرونٹی اور دیگر معلومات کی تصدیق کا عمل شروع کردیا گیاہے تاکہ ججز کی تعیناتی کے عمل کو ستمبر کے اختتام تک مکمل کیاجاسکے لاہو رہائی کورٹ میں13ججز کی آسامیاں خالی ہیں جبکہ ایک آسامی جسٹس محمود مقبول باجوہ کی 26ستمبر کو ریٹائرمنٹ پر خالی ہوجائے گی ذرائع کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے7سینئر ججز پر مشتمل انتظامی کمیٹی وکلاء کے انٹرویو کریگی جس کے بعد ناموں کی شارٹ لسٹنگ کی جائیگی ججز تعیناتیوں کے لیے کم از کم20ناموں کو شارٹ لسٹ کرکے جوڈیشل کمیشن کو بھجوا دیاجائیگا۔ سول نوعیت کے قوانین پر عبور رکھنے والے وکلاء کو ججز تعیناتی میں ترجیح دی جائے گی جبکہ ضلعی عدلیہ سے 2سے4سیشن ججز کو بھی بطور جسٹس بھرتی کیے جانے پر غور کیاجائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گجرات کے جنرل سیکرٹری چوہدری عمران طالب ایڈووکیٹ آف بوکن غیر ملکی تفریحی ومطالعاتی دورے کے بعد واپس گجرات پہنچ گئے انہوںنے اپنے دورے کے دوران یورپ کے مختلف ملکوں کی تفریحی مقامات کی سیر کی اور مختلف مطالعاتی تقریبات میں بھی شرکت کی غیر ملکی دورے کے دوران مختلف اعلیٰ شخصیات اور دوست احباب نے چوہدری عمران طالب ایڈووکیٹ کے اعزاز میں پرتکلف ڈنر ،ظہرانے اور عشائیہ کا خصوصی اہتمام بھی کیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی) اسلا م کی حقانیت اوراسلامی تعلیمات کوعام کرنے میںبزرگان دین دن رات اسلا م کی تبلیغ واشاعت کرتے ہیں۔اسلا م کی روشنی کودنیاکے کونے کونے تک پہنچانے میںاہلسنت بزرگان دین کی محنت شامل ہے۔ ان خیا لا ت کااظہارمتتازعالم دین پروفیسرڈاکٹرمحمدآصف ہزاروی نے پیر بابا مہراللہ سرکار کے سالانہ عرس کے موقع پرکیا۔اس موقع پرسید علی عباس شاہ چن پیر،کونسلرمحمدشفیق بٹ بلا پہلوان،ناصر بٹ اورمظفربٹ نے بھی خطاب کیا۔انہوںنے کہا کہ وزیرآبادشہرکودین اسلا م کی ترویج واشاعت اوربزگان دین نے حق وصداقت اوراسلا می تعلیمات کاپرچم پوری دنیا میںبلندکیا۔ دریں اثناء مزارپرچادر پوشی کی گئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی) ہاشمی فائونڈیشن کے زیراہتمام 9ویںسالانہ مرکزی تقریب مورخہ10ستمبربروزہفتہ4بجے سپہربھٹہ پیلس سیالکوٹ روڈوزیرآبادمیںمنعقد ہوگی۔تقریب کی صدارت اسسٹنٹ کمشنروزیرآبادمحمدانوربریارکرینگے۔تقریب کااہتمام صدرہاشمی فائونڈیشن صاحبزادہ وقاص خالد ہاشمی جبکہ نگرانی صدرپریس کلب وزیرآبادافتخاراحمدبٹ کرینگے۔تقریب میںصنعتکار،تاجر،وکلاء ،صحافی سیاسی وسماجی شخصیات سمیت تمام مکتبہ فکرسے تعلق رکھنے والے آل پارٹیزکے تمام افرادکومدعوکیاگیا ہے۔اس موقع پرہاشمی فائونڈیشن کی 9ویں سالگرہ کاکیک بھی کاٹا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی) مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے تحصیل صدروقار احمدچیمہ نے کہا ہے کہ آج کاپاکستان پہلے سے زیادہ محفوظ،پرامن اوراقتصادی طورپرمستحکم ہے۔اس وقت ملک کواتحاد،اتفاق اوریکجہتی کی ضرورت ہے ۔مسلم لیگ (ن)کی حکومت ملک کوترقی کی راہوںپرگامزن کرنے کے لئے بھرپورکوشش کررہی ہے۔احتجاجی سیا ست کرنے والے عناصراب دوبارہ ترقی کے تیزرفتارسفرمیںرخنہ ڈالنا چاہتے ہیں۔اب دوبارہ احتساب،قصاص اورنجات ریلی کے نام پرعوام سے مذاق کرنے والے ناکام ہوگئے عوام نے ان کویکسرمسترد کردیا۔ترقی کے دشمن عناصرکواندازہ ہوچکا ہے کہ عوام اب ان کے ساتھ نہیں۔وزیراعظم میاںمحمدنوازشریف کی ٹھو س پالیسیوںکے باعث قومی معیشت بہترہوئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) فرقہ وارانہ بنیادوں پر حرمین الشریفین پر قبضہ کرنے کے اعلانات سے امت مسلمہ تقسیم ہوگی اور دہشتگرد اور انتہاپسندگروہوں کو تقویت ملے گی۔ شام سے لیکر کشمیر اور فلسطین تک امت مسلمہ کے مسائل کے حل کیلئے مسلم قیادت کو متحد ہونا ہوگا۔ حرمین الشریفین کے تحفظ اور دفاع کیلئے ملت اسلامیہ سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہے۔ ایران اور عرب ممالک کو مذاکرات کے ذریعے مسائل کو حل کرنا چاہئے۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ،مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کی اپیل پر ملک بھر میں ”یوم دفاع حرمین ”کے موقع پر وفاق المساجد پاکستان سے متصل مساجد میں ہونے والے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حوثی باغیوں ،داعش اور حزب اللہ کی دھمکیوں کے بعد ایک ایرانی رہنماء کی طرف سے سعودی عرب کی حکومت کیخلاف حج سے چند دن قبل متشددانہ بیان پوری ملت اسلامیہ کیلئے تشویشناک ہے۔ مقررین نے کہا کہ رمضان المبارک میں مدینہ منورہ میں ہونے والے حملے کے بعد ضرورت اس بات کی تھی حج کے موقع پر دیگر اسلامی ممالک کی طرح ایرانی قیادت بھی سعودی عرب کی حکومت کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتی لیکن حج سے چند دن قبل ایک ایرانی رہنماء کی ایسا بیان آنا کہ جس سے فرقہ وارانہ نفرتوں میں اضافہ ہو امت مسلمہ کی قیادت کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی وائس چیئرمین مولانا عبد الکریم ندیم(خانپور)،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عبد الحمید وٹو(گوجرانوالہ)،مولانا اسد اللہ فاروق (لاہور)مولانا اسعد زکریا (کراچی)،قاری خلیل احمد سراج (ڈیرہ اسماعیل خان)،مفتی وحید احمد سواتی(کوئٹہ)،علامہ شبیر احمد عثمانی (فیصل آباد)علامہ انوار الحق مجاہد (ملتان )مولانا اشفاق پتافی(مظفرگڑھ)مولانا شفیع قاسمی(ساہیوال)،مولانا عمر عثمانی(گجرات)،مولانا محمد مشتاق لاہوری (لاہور)،مولانا شکیل الرحمن (اوکاڑہ)مولانا رسال الدین آزاد(قصور)،مولانا فہیم الحسن فاروقی (شیخوپورہ)مولانا سمیع اللہ ربانی (لیہ)مولانا سعد اللہ لدھیانوی(ٹوبہ ٹیک سنگھ)مولانا سید عبد الغفار شاہ حجازی نے(لودھراں) میںجمعہ کے اجتماع سے خطاب کیا ۔ وفاق المساجد پاکستان کے تحت ملک بھر کی 74ہزار سے زائد مساجد میں ایک متفقہ قرار داد کے ذریعے ارض حرمین الشریفین کے تحفظ ، دفاع اور سلامتی اور حجاج کرام اور زائرین کی خدمات کیلئے سعودی عرب کی 86سالہ خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ ارض حرمین الشریفین کے تحفظ ،دفاع اور سلامتی آل سعود او رسعودی عرب کی حکومت کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور پوری دنیا پر واضح کرنا چاہتی ہے کہ کسی بھی گروہ ،جماعت یا ملک کو ارض حرمین الشریفین کی سلامتی ،دفاع اور استحکام سے نہیں کھیلنے دیا جائے گا۔ قرار داد میں سعودی عرب کے ولی عہد امیر محمد بن نائف ،وزیر مذہبی امور الشیخ صالح اور خلیج تعاون کونسل کے بیانات اور قراردادوں کی مکمل حمایت اور تائید کا اعلان کیا گیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے کہا ہے کہ انکا ملک اقتصادی راہداری میں بھرپور شرکت اور میگا پراجیکٹس، ریلوے اور ڈیموں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے جبکہ توانائی کا بحران حل کرنے کیلئے ہر ممکن مدد پر آمادہ ہے۔ایرانی بجلی سستی ہے جبکہ گیس پاکستان کا بحران کم کرنے کا سہل، تیز ترین اورقابل بھروسہ زریعے ہے جس کے زریعے معاشی ترقی کی رفتار بڑھائی جا سکتی ہے۔ دونوں ممالک کے مابین بینکنگ چینل کھلنے والا ہے جسکے بعدباہمی تجارت میں زبردست اضافہ ہو گا۔ یہ بات انھوں نے ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرئوف عالم سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ظفر بختاوری، اسلام آباد چیمبر کے سابق صدور خالد جاوید اور اعجاز عباسی،چئیرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل اور دیگر بھی موجود تھے۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ انکے ملک میں پاکستان ٹیکسٹائل، چاول، آلات جراہی، کھیلوں کے سامان اور زرعی اشیاء کی بڑی مانگ ہے۔ ایران نے دو ارب ڈالر لگا کر اپنے حصے کی پائپ لائن مکمل کر لی ہے اور اب پاکستان اسکی درامد شروع کرنے کیلئے اقدامات کرے۔ چین، بھارت، جاپان، ترکی، جنوبی کوریا اور دیگر ممالک پابندیوں کے دوران بھی ایران کے توانائی درامد کرتے تھے اور اب بھی کر رہے ہیں اسلئے پاکستان بھی ایسا کر سکتا ہے۔ اس موقع پر عبدالرئوف عالم نے کہا کہ پاکستان اور ایران 2021 تک تجارت کو پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کا فیصلہ کر چکے ہیں جسکے لئے اقدامات کرنا ہونگے۔ پاکستان ایران سے بجلی کی درامد بڑھا سکتا ہے مگر ایران اگر قیمت کم کرے تو اسکی قیمت پرکشش ہو جائے گی۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین ٹیرف کی کمی، مزید بارڈر کراسنگز، تجارتی نمائشوں اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوات(جی پی آئی) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد سلیم مروت نے اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک نظام کی بہتری کیلئے ہم نے ٹریفک پلان کوبھی مرتب کیا ہے ،اچھے اخلاق نبھانے کیلئے ٹریفک پولیس کیمرے بھی دئے ہیں۔ تجائوزات کا خاتمہ کرینگے،یوٹرن بنائینگے،پارکنگ کیلئے مخصوص جگہوں کا انتخاب کیا جائیگا،غیر قانونی رکشوں کیخلاف بھی کاروائی کیجائیگی،جبکہ ٹریفک کے حوالے سے دیگر کام بھی کرینگے، انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر تمام پولیس آفیسروں کے چھٹیاں منسوخ کی گئی ہے ۔مینگورہ شہر سمیت ضلع بھر میں پولیس کے جوان اپنا ڈیوٹی سرانجام دینگے ،خواتین مارکیٹوں میں خواتین پولیس بھی ڈیوٹی دینگے،عوام مشکوک افراد پر بھی کھڑی نظر رکھئے جہاں پرمشکوک شخص نظر آ ے تو مقامی پولیس کو فوری اطلاع دے، انہوں نے کہا کہ جرائم کے خاتمہ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے،جرائم کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے ،عوام بھی جرائم کے خاتمہ میں پولیس کے ساتھ تعائون کریں ، پولیس بھی عوام کے ساتھ اچھا رویہ اختیار کریں ،عوام کی خدمت کیلئے میرے آفس کے دروازے کھلے ہیں ،ہم عوام کے مسائیل کو حل کر نے میں اپنا کردارا ادا کرینگے،اجلاس میں ایس پی سی ٹی ڈی امجد خان ،انچارج ڈی ایس بی فضل علی ،سوات بھر کے ایس ڈی پی اوز،اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوات(جی پی آئی)قومی وطن پارٹی کے ضلعی ترجمان بہرام خان عثمان خیل نے کہاہے کہ مینگورہ کے گنجان آباد علاقے کس روڈگلبہار کالونی کے دو ٹرانسفارمر ایک ہفتے میں کئی بار ناکارہ ہوجاتے ہیں جس کے سبب عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،انہوںنے کہاکہ ٹرانسفارمروں کی خرابی کی وجہ سے دیگر مسائل کے علاوہ پانی کی شدید قلت بھی پیداہوئی ہے مگر اس علاقے کے بلدیاتی نمائندوں شاہدخان ، شوکت علی اورنہ ہی ایم پی اے نے یہاں کا رخ تک کیا اور نہ ہی یہاں کے عوام کے مسائل سے آگاہی حاصل کی ،انہوں نے کہاکہ اس وقت یہ علاقہ بے یارومددگار پڑا ہے جہاں کے مسائل میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ،انہوںنے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسفارمروں کی خرابی مستقل بنیادوں پر دور کرنے سمیت عوامی مسائل کے حل اور علاقے کی ترقی کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوات(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ میں کوئی گروپ بندی نہیںہم مسلم لیگی تھے ہیں اور مسلم لیگی رہینگی سواتی عوام کے حقوق کے جنگ لڑرہے ہے فرد واحد کے فیصلے کسی صورب قابل قبول نہیں علا قے کے عوام کی حقوق حا صل کر کے دم لینگے با چا لا لہ مسلسل اس علا قے سے بھی نظر انداز رکھا جارہا ہے تمام فیصلے میرٹ کے بنیاد پر ہونے چائیے صوبائی قیادت پیر صا بر شاہ ہما را آئینی قانونی صدر ہے صوبے کے تمام فیصلے صوبائی قیادت کو کرنا چائیے با چا لا لہ اور نجینئر عمر فاروق جیسے شخصیات کو نظر انداز رکھناافسوس ناک ہیں والی سوات کے خاندان سواتی عوام کے ساتھ دلی ہمدردی رکھتے ہیں لیگی قائدین والی سوات کے خاندان کو سوات کے قیادت میں شامل کریں ہم ما نتے ہیں کہ انجینئر امیر مقام ہما را مرکزی سینئر نا ئب صدر ہے اور اعتماد ہے لیکن ہم یہ بھی ما نتے ہیں کہ پیر صا بر شاہ ہما را صوبائی صدر ہے اور بھر پور اعتمادمرکزی قیادت مشاورت کے بغیر فیصلوں پر نو ٹس لے ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ کے ضلع جنرل سیکرٹری انجینئر عمر فاروق ، میاں گل شہر یار، امیر زیب،ضلع کونسلر، فیاض خان ، احمد زادہ ، محترم خان ، کبل بار کے صدر گل محمد خان ، عطاء اللہ ، ظاہر شاہ ، افتاب محمد خان اور دیگر گذشتہ روز تحصیل کبل کے علا قہ دیولئی میں محترم خان کے رہائش گاہ پر 23تاریخ کو صوبائی صدر پیر صابرشاہ سوات آمد اور جلسے کے حوالے کارکنان کے ایک مشاورتی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا انہوں نے کہا پا رٹی میں بعض فیصلے بغیر مشاورت اور غلط ہو رہے ہیں جس سے پا رٹی تباہی کے طرف جا رہے ہے لہٰذا مر کزی حکومت اس پر سختی سے نو ٹس لے صوبائی حکومت تو عوام کے خدمت کرنے میں نا کام ہو چکی ہے موجودہ MPAپی کے 82اور صوبائی حکومت کے کارکر دگی تو دیولئی ، شاہ ڈھیرئی سڑک منہ بولتا ثبوت ہے اجلاس میں صوبائی صدر پیر صابر شاہ اور ضلعی جنرل سیکرٹری انجینئر عمر فاروق سمیت والی سوات کے خاندان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا مقررین نے کہا کہ 23تاریخ کو صوبائی صدر پیر صا بر شاہ کے سوات آمد اور جلسے کو ہر حال میں کامیاب بنائینگے انہوں نے کہا کہ ہم ما نتے ہیں کہ پیر صا بر شاہ اور انجینئر امیر مقام ہماری قائدین ہے لیکن فرد واحد کی طرح فیصلے کرنے والوں کو بھی یہ ماننا چائیے کہ صوبائی فیصلے صوبائی قیادت کو ہی کرنا چائے انہوں نے کارکنان سے مطالبہ کیا کہ صحیح قیادت کو منتخب کرنے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ تمام فیصلے مشاورت کے سا تھ ہو۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوات(جی پی آئی) گذشتہ روز کبل میں SRSPارگنا ئزیشن کے جانب سے کانگو وائرس اور ڈینگی اگاہی مہم کے حوالے ایک سمینار کا اہتمام کیا گیا جس میں ACکبل حمید علی ، AACسید قا در ، تحصیل نا ظم حا جی رحمت علی ، منتخب تحصیل کونسلران ، علا قائی عما ئدین ، اسا تذہ کرام ، ڈاکٹر ز، تاجر برادری ، عوام اور دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی اس موقع پر ڈاکٹر لیا قت علی خان نے کانگو وائرس اور ڈینگی کے حوالے تفصیلی بات چیت کی گئی انہوں نے کہا کہ عید قربا ں آتی ہی عوام کانگو وائرس سے بچائو کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریںانہوں نے کانگو وائرس کے حوالے تفصیلی بریفینگ دے کر لے کر مشورے دی تاکہ عید قرباں کے موقع پر ذبح شدہ جانوروں سے پیدا ہونے والے کانگو وائرس جیسے خطر ناک بیماری سے لوگ محفوظ رہے انہوں نے ضلعی انتظامیہ ، محکمہ صحت، لائیو سٹاک اور مقامی انتظامیہ کی بر وقت اقدامات اور منتخب نما ئندوں کی تعاون کو سرا ہا یاد رہے کہ اس دفعہ تحصیل کبل کے مختلف علا قوں میں مقامی انتظامیہ کے ہدایت پر ڈینگی سپرے بر وقت ہو چکے ہیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سوات(جی پی آئی)جماعت اسلامی سوات کے سینئر رہنما حاجی سلطان نے وزیراعظم میاں نواز شریف سے اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ گند م کے نرخ کم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے ،گیلانی نے وزات عظمی کا منصب سنبھالتے ہی گندم کے ریٹ کو 400روپے سے بڑھا کر 650کردیا جبکہ موجودہ وزیر اعظم نے اسے ڈبل کردیا جسکا سارا بوجھ غریب عوام پر ڈال دیا گیا ،ہم وزیر اعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ملک کے غریب عوام کے سروں پر ہاتھ رکھیں ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روزاخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوںنے کہاکہ مرکزی اور صوبائی حکومتیں عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کام کریں تاکہ ملک کے غریب عوام کے دکھوں کا مداوا ہوسکے انہوںنے کہا کہ کسی زمانے میں ایک بڑھیا عورت نے اپنے نافرمان بیٹے کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی لیکن جب پولیس والے اسے لیکر گئے اور انہیں مارنا شروع کیا تو بڑھیانے پولیس اہلکاروں کے سامنے ہاتھ جوڑتے ہوئے کہاکہ میں قربان جائوں اپنے بیٹے کے یہ ائندہ ایسا نہیں کریگا محترم وزیر اعظم صاحب اپ بھی اس ملک کے غریب عوام کے وزیر اعظم ہیں اپ بھی اپنے غریب عوام کے دکھوں اور تکلیفوں کو سمجھیں اور ان غریب عوام پر بوجھ ڈالنے کی بجائے ان کیلئے اسانیاں پیداکرو تو میں دعوئے کیساتھ کہتا ہوں کہ ائندہ اپ کو کسی انتخابی مہم میں عوام کے دروازے پر جانے کی کوئی ضرورت نہیں رہیگی بلکہ یہ غریب عوام ہی اپ کے انتخابی مہم کو تکمیل تک پہنچائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کراچی(جی پی آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وزیراعظم حکومت بچانے کی بجائے حکومت چلانے کی کوشش کرتے تو شایدا ن کی حکومت کو اس قدر تنقید کا سامنا نہ کرنا پڑتا،ملک روز بہ روز مشکلات میں گھرتا جارہاہے اس پر حکمران ایک پل کے لیے بھی آنکھیں کھولنے کے لیے تیار نہیں ہیں،ملک میں پھیلے ہوئے اندھیرے اور غربت کے ذمہ داروں کو اب اس ملک کی جان چھوڑ دینی چاہیے،وزیراعظم کے جلسوں پر قومی خزانے سے اربوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں جبکہ ان ہی پیسوں سے غریب عوام کی بھلائی کے سینکڑوں منصوبے شروع کئے جاسکتے تھے،عادل ہائوس سے جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اس وقت حکومت نے جتنے بھی کارنامے سرانجام دیئے ہیں ان کے فائدے صرف حکومتی لوگوں کو ہی ہورہے ہیں جس کا اندازہ کوئی بھی شخص ملک میں موجود عوام کی حالت زار کو دیکھ کر لگا سکتاہے ،پارٹی کی چیئرمین پرامن پاکستان کے خواہش مند ہیں جس کی وجہ سے ان کی دن رات کی محنت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے ،ملک کی عوام ایسی نام نہاد جمہوریت کو قبول کرنے کو تیار ہی نہیں ہیں جس میں عوام کے مسائل حل ہونے کی بجائے ان کو مزید لوٹاجار ہاہو،تحمل اور بردباری سے عاری سیاستدا ن اس قوم کا وقت بربادکررہے ہیں،انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف عوام کی بھلائی کے خاطر جس بیڑے کو اٹھائے ہوئے ہیں اس میںوہ ہار نہیں ماننے والی ہم اس وقت تک اپنے جمہوری حق کا استعمال کرتے رہیں گے جب تک ان کرپٹ حکمرانوں سے اس قوم کو نجات نہیں دلادیتے ،ہم ہر اس جماعت کو اپنے ساتھ لیکر چلیں گے جو عوام کی بھلائی کی بات کرتی ہوگی ،انہوں نے مزید کہاکہ چیئرمین عمران جب جب اس ملک کی عوام کو پکاریں گے عوام ان کے کہنے پر اسی انداز میں سڑکوں پر نکلتی رہے گی کیونکہ لوگ اب اس بات کو جان چکیں ہیں عمران خان ہی اس ملک کے اصل خیر خواہ ہیں۔