گجرات کی خبریں 30/9/2014

Gujrat

Gujrat

گجرات (جی پی آئی) ممتاز عالم دین حضرت علامہ محمد شاہد چشتی سنگاپور، ملائیشیا، ہالینڈ کے کامیاب دورہ کے بعد دو اکتوبر کو پاکستان پہنچ گئے۔ لاہور ایئر پورٹ پر اُن کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔ وہ خطبہ جمعہ المبارک قادری مسجد اور جملہ شاہ مسجد میں دینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات( جی پی آئی ) مناظر اسلام علامہ محمد یونس سیالوی کا 14واں اور حافظ ولایت اللہ قادری کا پہلا عرس مبارک تین اکتوبر کو کھیرایانوالی میں بعدا ز نماز عشاء منعقد ہوگا ۔ خصوصی خطاب علامہ محمد شاہد چشتی اور علامہ عبدالغفار سیالوی کرینگے ۔ تقریب کی صدارت پیر محمد افضل قادری کرینگے ‘ جبکہ یہ محفل زیر نگرانی علامہ ساجد محمود قادری اور علامہ قادری مصطفی سیالوی منعقد ہوگی ۔ خصوصی نعت قاری محمد شفیع نوشاہی اور علی نوری پیش کرینگے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات ( جی پی آئی )ق لیگ پنجاب کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے اساتذہ اور گریڈ 17 کے کنٹریکٹ لیکچرارز کو مستقل کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے، انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹ ملازمین کو کنفرم کیے جانے کے حوالے سے امتیازی پالیسی اور فیصلوں سے پنجاب کے 40سے زائد ڈیپارٹمنٹ میں کام کرنے والے ہزاروں ملازمین میں بے چینی پائی جاتی ہے لہٰذا حکومت بلا تفریق تمام کنٹریکٹ ملازمین کو کنفرم کرے ،انہوں نے کہا کہ پنجاب کے موجود حکمران اقتدار میں آتے ہوئے بھی کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دینے اور کنٹریکٹ ملازمین کو کنفرم کرنے کے اعلانات کرتے ہیں اور ہمیشہ کنفرمیشن کے حوالے سے پسند اور نا پسند کی پالیسی کو بروئے کار لاتے ہیں،انہوں نے کہا کہ اگر تمام کنٹریکٹ ملازمین کو کنفرم کرنے کا اعلان نہ کیا گیا تو ق لیگ ملازمین کے احتجاج میں شریک ہو گی اور اسمبلیوں کے اندر اور باہر ان کے حق کیلئے آواز بلند کرے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات ( جی پی آئی )عوامی فلاح کیلئے گجرات فرینڈز انٹرنیشنل کا قیام عمل میں آ گیا۔ اس تنظیم کا مقصد تعلیم ، صحت اور قانون کی بالا دستی جیسے بنیادی مسائل بارے آگاہی اور مدد کرنا ہو گا۔ تنظیم کے چیف کوارڈینیٹر ممتاز سیاسی و کاروباری شخصیت عمران شریف ملک نے گزشتہ روز مقامی صحافیوں کیساتھ ایک ملاقات کے دوران تنظیم کے قیام بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت جن حالات سے گزر رہاہے وہ انتہائی حساس ہیں۔ اور اس وقت پاکستان سے محبت کرنیوالوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ گزشتہ 65 سالوں میں جس طرح ملک پر آمریت کے سائے رہے اور سیاسی جماعتوں نے جس طرح اپنا مورال کھویا وہ انتہائی تشویشناک ہے۔ اس وقت پاکستان کو بچانے کیلئے اور ان حالات سے نکالنے کیلئے سول سوسائٹی کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ عمران شریف ملک نے بتایا کہ گجرات فرینڈز انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم سے گجرات کے شہریوں کیلئے تعلیم ،صحت اور لا قانونیت جیسے مسائل کے حل کے لئے کردار ادا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تنظیم مکمل طور پر غیر سیاسی اور غیر جانبدارانہ ہو گی۔ جس کا مقصد صرف اور صرف گجرات کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی کیلئے اقدامات کرنا ہو گا۔ تنظیم میں تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین اور انتظامی افسران سے ملاقاتیں کر کے گجرات کی بہتری کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔ سرکاری محکموں میںکرپٹ افسران کا محاسبہ کیا جا ئے گا۔تنظیم کی ممبر شپ جلد ہی شروع کر دی جائے گی۔ عوامی خدمت کے جذبہ سے سرشار افراد کو اس میںموقع فراہم کیا جائے گا کہ وہ گجرات کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کر سکیں۔تنظیم کے آفس کا افتتاح بھی جلد کیا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات( جی پی آئی )گلیانہ کے ممتاز تعلیم ادارے الائیڈ سکولزگلیانہ کیمپس کے بچوں ،اساتذہ اور والدین کی طرف سے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سیلاب کی وجہ سے پیداہونے والی بیماریوں کے مفت علاج کے لئے فری میڈیکل ریلیف کے لئے نقد عطیات سکول ہذا کے ایم ڈی سید صباحت حسین نے ممتازسماجی شخصیت عزیزالرحمان مجاہد کے حوالے کر دئیے۔اس موقع پہ انہوں نے کہا کہ الائیڈسکولزگلیانہ کیمپس سماجی اورفاعی کاموں میں ہمیشہ پہلے نمبر پہ ہوتا ہے ۔انسانی حقوق کے عالمی علمبردار اور ممتاز سماجی شخصیت عزیزالرحمان مجاہد نے کہا کہ اس نفسا نفسی کے دور میں الائیڈ سکولز گلیانہ کیمپس کے ایم ڈی سید صباحت حسین اور ان کی پوری ٹیم نے ہمیشہ رفاعی اور سماجی بہبود کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔اور یہی وجہ ہے کہ اس دفعہ سیلاب سے متاثرہ بہن بھائیوں کی میڈیکل ریلیف کے لئے الائیڈ سکولزگلیانہ کیمپس کے بچوں نے اپنی جیب خرچ تک سیلاب فنڈ میں دے دیا ہے۔یہ دراصل سید صباحت حسین اور ان کی ٹیم کی بہترین تربیت کا نتیجہ ہے۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات ( جی پی آئی ) مشہور مٹھائیوں کی سوغات تیار کرنے والے کاکا سویٹس ،بیکرز سپر سٹور کی نئی شاپ کا شاندارافتتاح بدست سید رفاقت حسین شاہ آف ماجرہ ہوا جس میں کنجاہ کی سیاسی ،سماجی اور تاجر برادری نے کثیر تعداد میں شرکت کی خیرو برکت کے لئے دعا قاری عبدالطیف جلالی نے کروائی افتتاحی تقریب میں حاجی محمد یونس عطاری، چوہدری محمد سلیم کپڑے والا،اکرام میر،حکیم لیاقت علی بٹ،مہر طارق محمود،شبیر احمد سیفی،زوالفقار زلفی،چوہدری عبدالحمید،سیٹھ قمر خورشید صراف،میر جنید،چوہدری وحید آرائیں،فضل کریم جان ،طاہر الفت،وقاص شفیق،طارق پاشا،محمد احسان ،چوہدری سرور رحمت سمیت معززین علاقہ کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی بعد ازاں ڈائریکٹرز سپر سٹور چوہدری شبیر احمد،محمد جاوید ،وقاص شبیر وکی اور خالد محمود نے معزز مہمانوں کی مٹھائی اور مشروب سے تواضع کی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی )ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ حالہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرین کو معاوضہ کی ادائیگی کا پہلا مرحلہ آج سے شروع ہوگا ۔ اس دوران ایسے افراد جن کے مکانات کو نقصان پہنچا ہے انہیں فی کس 25ہزار روپے ادا کئے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے نت ٹبہ، پنڈی تاتار، ملکوالہ اور دیگر علاقوں میں متاثرین سیلاب میں عید گفٹ تقسیم کرنے کے موقع پر کیا۔ مسلم لیگ ن کے راہنما رضا علی وڑائچ اور دیگر افسران بھی اس موقع پر انکے ہمراہ تھے۔ ڈی سی او نے مکان گرنے سے زخمی ہونیوالے شہباز پور کے رہائشی محمد یونس کو ایک لاکھ روپے کا چیک بھی دیا۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے بتایا کہ گجرات میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں شہباز پور اور قاسم آباد میں معاوضہ کی ادائیگی کے لئے مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں متاثرین میں امداد کی تقسیم کے لئے وزیر اعلی پنجاب کے مشیر و ترجمان حکومت پنجاب سید زعیم حسین قادری سمیت اہم شخصیات کی آمد متوقع ہے جبکہ مقامی ارکان اسمبلی بھی انکے ہمراہ ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ معاوضہ کی ادائیگی کے لئے قائم دونوں مراکز پر بنک آف پنجاب نے اپنے کاونٹرز قائم کر دیے ہیں جبکہ شفاف ادائیگیوں کو شفاف بنانے کے لئے نادرا کا عملہ بھی موجود ہوگا ۔ انہوںنے بتایا کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کمیٹی اور ڈسٹرکٹ ریویو کمیٹی قائم کی گئی ہے جو شکایت پر 24گھنٹے میں فیصلہ کرے گی۔اس موقع پر ڈی سی او نے متاثرین میں عید گفٹس تقسیم کئے یہ عید گفٹ آٹا، چینی، گھی، دالوں، اور دیگر اشیائے ضروریہ پر مشتمل ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی ) اسسٹنٹ کمشنر افشاں رباب نے گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران ریٹ لسٹیں آویزاں نہ کرنیوالے 9دوکاندارو ں کے خلاف تھانہ سول لائنز میں مقدمات درج کر ادیے ہیں۔ڈی سی اولیاقت علی چٹھہ کی ہدایت پر گراں فروشوں کے خلاف کاروائی کے دوران اے سی افشاں رباب نے شاہ جہانگیر روڈ کے علاقہ میں اچانک چیکنگ کی جہاں دوکاندار محمد اقبال، رضوان احمد، اعجاز احمد، محمد رفیع، فیض اللہ، محمد ابراہیم، نسیم ، طارق محمود اور خرم شہزاد نے ریٹ لسٹیں آویزاں نہیں کی تھیں۔ اے سی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام دوکانداروں کے خلاف تھانہ سول لائنز میں مقدمات درج کر ادیے ہیں جبکہ پولیس مصروف تفتیش ہے۔ دریں اثنا اے سی گجرات افشاں رباب نے خبر دار کیا ہے کہ کسی بھی فرد کو مصنوعی مہنگائی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی ) اسسٹنٹ کمشنر افشاں رباب نے گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران ریٹ لسٹیں آویزاں نہ کرنیوالے 9دوکاندارو ں کے خلاف تھانہ سول لائنز میں مقدمات درج کر ادیے ہیں۔ڈی سی اولیاقت علی چٹھہ کی ہدایت پر گراں فروشوں کے خلاف کاروائی کے دوران اے سی افشاں رباب نے شاہ جہانگیر روڈ کے علاقہ میں اچانک چیکنگ کی جہاں دوکاندار محمد اقبال، رضوان احمد، اعجاز احمد، محمد رفیع، فیض اللہ، محمد ابراہیم، نسیم ، طارق محمود اور خرم شہزاد نے ریٹ لسٹیں آویزاں نہیں کی تھیں۔ اے سی نے سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام دوکانداروں کے خلاف تھانہ سول لائنز میں مقدمات درج کر ادیے ہیں جبکہ پولیس مصروف تفتیش ہے۔ دریں اثنا اے سی گجرات افشاں رباب نے خبر دار کیا ہے کہ کسی بھی فرد کو مصنوعی مہنگائی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات ( جی پی آئی )صدر پاکستان مسلم لیگ سٹی گجرات محمد حنیف حیدری نے لاہور میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے کو کامیاب قرار دے دیا ۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومتی حواریوں نے پتا نہیں کونسے لوگ رکھے ہوئے ہیں جو ان کو غلط گنتی کر کے دیتے ہیں۔انہوں نے وزیراعظم کے جاری کئے گئے بیان جس میں انہوں نے کہا کہ صرف مٹھی بھر لوگ ان کے خلاف ہیں باقی اٹھارہ کروڑ عوام حکومت کے ساتھ ہے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ ہوش کے ناخن لے اور کسی تیسرے فریق سے پوچھ لے کہ کتنے لوگ ان کے ساتھ ہیں ۔ان کے وزرا ء جہاں جاتے ہیں انہیں عوامی نعروں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اب بھی وہ لوگ اسی خوش فہمی میں ہیں کہ اٹھارہ کروڑ لوگ ان کے ساتھ ہیں۔اسلام آبادھرنے اور لاہو ر و کراچی میں ہونے والے جلسوں نے ثابت کردیا ہے کہ پورے ملک کی عوام اب تبدیلی کے خواہاں ہیں اور ان کرپٹ حکمرانوں سے نجات چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مخالف جلسوں میں صرف کسی ایک مخصوص پارٹی کے لوگ نہیں بلکہ یہ پسا ہوا طبقہ ہے جو پچھلے کئی سالوں سے ان کے دعوے سن سن کر تھک گیا ہے اور اب ظلم کے خلاف ایک آواز بن کر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو اب عزت سے مستعفی ہوجانا چاہئے کیونکہ انہوں نے عوام کا فیصلہ سن لیا ہے ۔ورنہ گو نواز گو کا نعرہ اتنا مقبول ہوگیا ہے کہ وزیر اعظم او ر ان کے وزراء کا گھروں سے باہر نکلنا محال ہوجائے گااور وہ جہاں بھی ہونگے یہ نعرہ ان کا پیچھا کرے گااور مجبورا ان کو جانا پڑے گا۔اب تو خود وزیراعظم ،وزیراعلیٰ اور ان کے بیٹے کے منہ پر لوگوں نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے خدا جانے وہ کس اٹھارہ کروڑ عوام کی بات کرتے ہیں کے وہ ان کے ساتھ ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات( جی پی آئی ) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے عزیز بھٹی ہسپتال میں پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت تعمیر ہونیوالے جدید گائنی وارڈ کا افتتاح کر دیا ہے بارہ بستر پر مشتمل جدید وارڈ کے ساتھ آپریشن تھیٹر بھی نومبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔اس موقع پر ایم پی ایز نواب زادہ حید ر مہدی، چوہدری اشرف دیونہ، سابق ایم پی اے حاجی ناصر محمود، ایم ایس ڈاکٹر واجد حسین، سابق ایم ایس ڈاکٹر طاہر نوید، ممتاز سماجی شخصیت محمود خان ، مسعود خان، آغا سلیم اور دیگر ا فراد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ یہ وارڈ 60لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہوئی ہے اور اس کے لئے فنڈز ممتاز سماجی شخصیت محمود خان ، مسعود خان نے فراہم کئے ہیں۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈی سی اولیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے خصوصا دوران زچگی خواتین کی بہتر دیکھ بھال کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے جدید گائنی وارڈ کی تعمیر پر ممتاز سماجی شخصیت محمود خان ، مسعود خان کو سراہا ۔ اس سے قبل ایم ایس ڈاکٹر واجد نے بتایا کہ گائنی وارڈ میں جدید ترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں جبکہ نومبر میں آپریشن تھیٹر کا سامان آنے کے بعد جدید آپریشن تھیٹر کو بھی جلد از جلد فنکشنل کر دیا جائیگا۔
۔۔۔۔۔
کنجاہ( جی پی آئی )تھانہ کنجاہ کے علاقہ ٹھٹہ پوڑ میںایک نوجوان نے محبوبہ کے عشق میںکو یت پلٹ شخص کو فائرنگ کرکے قتل جبکہ اپنی محبوبہ کو بھی فائر نگ کر کے زخمی کردیااور اپنے آ پ کو بھی گولیاں مار کرزندگی کا خاتمہ کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ٹھٹہ پوڑ کے رہائشی کو یت پلٹ شخص طاہر محمودکے گھر میںمحمد الیاس عرف سنی ،ساکن لالہ موسیٰ نے داخل ہوکر آندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میںطاہر محمود موقع پر ہی جاںبحق ہوگیا جبکہ ملزم محبوبہ زوبیہ بی بی بھی شدید زخمی ہوگئی اور بعد میں ملزم نے اپنے آپ کو گولیاں مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔جبکہ زوبیہ بی بی کواے بی ایس ہسپتال گجرات داخل کرادیا گیا،جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔وجہ عناد یہ ہے کہ ملزم اور مقتول آ پس میں قریبی رشتہ دار ہیںمقتول کی بیوہ ثمینہ کوثر کے مطابق ملزم زوبیہ بی بی کا رشتہ مانگتا تھا رشتہ نہ دینے پر ملزم نے اس دکھ کی وجہ سے یہ وقوعہ کیا ہے مقتول کی بیوہ ثمینہ کوثر کی رپورٹ پر کنجاہ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی )دور حاضر کی گلوبلائز دنیا میں امن اور باہمی بھائی چارہ کی فضا قائم کرنے میں ترجمہ کا فن خاص اہمیت کا حامل ہے سفارت کاری کی دنیا میں زبان ہمیشہ سے اہم کردار کی حامل رہی ہے ۔ سفارت کار دراصل بیرونی دنیا میں اپنے ملک و قوم کی نمائندگی کر رہا ہوتا ہے اس لیے اگر وہ اپنی زبانوں کے علاوہ دوسری قوموں کی زبان سے شناسا ہو گا تو اسے اپنے ملک و قوم کا مؤقف پیش کرنے میں آسانی رہتی ہے ۔ سفارتکاری کے محاذ پر ترجمہ اور ترجمانی بھی فرائض سے وابستگی کا ایک اہم ثبوت ہیں۔ زبان ایک ایسا ذریعہ اظہار ہے جس کے ذریعے آپ حقائق تک بہت جلدی پہنچ سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار عالمی یوم ترجمہ کے حوالہ سے جامعہ گجرات کے مرکز السنہ و ترجمہ کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار”زبان اور سفارتکاری” سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی اور مشہور پاکستانی سفیر اشرف جہانگیر قاضی نے کیا ۔ انہوں نے زبان اور کلچر کے حوالہ سے سفارت کاری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ جامعہ گجرات کے رئیس الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد نظام الدین نے اپنے صدارتی کلمات میں کہا کہ دور حاضر میں تراجم کی اہمیت بہت بڑھ چکی ہے ۔ دنیا کے مختلف ترقی یافتہ ممالک نے ترجمہ کے فن کو جلا دے کر اپنے صنعتی و معاشی عمل کو تیز کیا ۔ پاکستانی زبانوں میں تراجم کی اشد ضرورت ہے تاکہ عوام الناس علم کی مختلف جہتوں کا مطالعہ اپنی مادری زبانوں میں کر سکیں۔ ترجمہ ایک قدیم فن ہے ۔ دارالترجمہ عثمانیہ یونیورسٹی حیدر آباد دکن نے علمی تراجم کے میدان میں کئی اہم کارنامے سر انجام دیئے۔ جامعہ گجرات میں مرکز السنہ و ترجمہ کا شعبہ بڑی کامیابی سے اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے ۔ دور حاضر میں ترجمہ کا فن انتہائی گہرائیوں کا حامل بن چکا ہے ۔ ایڈوائزر CeLTS سابق سفیر توحید احمد نے کہا کہ پاکستانی جامعات میں شعبہ ترجمہ کا قیام اگرچہ ایک نیا خیال ہے مگر ڈاکٹر نظام الدین کی سرپرستی میں جامعہ گجرات میں مرکز السنہ و ترجمہ کا قیام کامیابی سے عمل میں لایا جاچکا ہے ۔ علم کے ہر میدان میں چاہے وہ ادبی و سماجی ہو یا سائنسی ترجمہ ایک اہم ضروت بن چکا ہے ۔ سفارتکاری کے محاذ پر دنیا کی مختلف زبانوں سے شناسائی اور ان زبانوں کی ادبی و فکری نزاکتوں کو سمجھنا ایک اہم معاملہ ہے ۔ مختلف ممالک اور قوموں کے درمیان باہمی روابط بہت ضروری ہیں اور ترجمہ کے ذریعے ان باہمی معاملات کو زیادہ آسان بنایا جاسکتا ہے ۔ مرکز السنہ و ترجمہ کے طلبہ فن کو سیکھنے میں انہماک کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور مجھے امید ہے کہ ان کی کاوشیں رنگ لائیں گی۔ مرکز السنہ و ترجمہ کے کوارڈینیٹر غلام علی نے تمام شرکاء اور مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرکز بڑی کامیابی اور ثابت قدمی سے ترقی کی اہم منازل طے کر رہا ہے او رمستقبل قریب میں یہ مرکز کچھ اچھے تراجم مارکیٹ میں لیکر آئے گا ۔ سیمینار کے اختتام پر ایم فل سکالر راشد اللہ بٹ نے رابرٹ فراسٹ کی نظم کا پنجابی ترجمہ اور ولیم شیکسپیئر کے کچھ اقتباسات کا اردو ترجمہ پیش کیا ۔ سیمینار کے اختتام پر عالمی یوم ترجمہ کے حوالہ سے ایک واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس کی قیادت ڈاکٹر محمد نظام الدین ، اشرف جہانگیر قاضی اور توحید احمد نے کی ۔ اس واک میں ڈائریکٹر سائنسز پروفیسر ڈاکٹر فہیم ملک ، مختلف شعبہ جات کے صدور، اساتذہ اور طلباء و طالبات کی بھاری تعداد نے شرکت کی ۔ طلباء و طالبات نے فن ترجمہ کے حوالہ سے پوسٹر بھی اٹھا رکھے تھے ۔
۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی )جامعہ گجرات اور ورچوئل یونیورسٹی کے مابین جائنٹ ڈگر پروگرام کے حوالہ سے ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے گئے ۔ اس مفاہمتی یاداشت کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان ہم آہنگی کی فضا کو مضبوط کرنا اور مل کر ملک و قوم کی ترقی کے لیے تعلیم کا فروغ تھا۔ جامعہ گجرات کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نظام الدین اور ورچوئل یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر نوید اے ملک نے اس مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے۔ ڈاکٹر محمد نظام الدین نے اس موقع پر کہا کہ معاشرتی ترقی کے لیے تعلیم کا فروغ وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے ۔ جامعہ گجرات طلباء و طالبات میں سائنسی و سماجی علوم کو فروغ دینے کے لیے کئی بین الاقوامی جامعات اور اداروں کے ساتھ پہلے ہی مل کر کام رہی ہے۔ مجھے امید ہے کہ ورچوئل یونیورسٹی کے ساتھ مفاہمتی یاداشت کے ذریعے طلباء وطالبات عملاً فاصلاتی تعلیم کے تصور سے روشناس ہونگے اور فائدہ اٹھائیں گے۔ اس موقع پر رجسٹرار جامعہ گجرات ڈاکٹر طاہرعقیل، رجسٹرار VUڈاکٹر مسعود الہیٰ بابر، چیئرمین فاصلاتی تعلیم جامعہ گجرات ڈاکٹر مدثر اقبال، مشیر برائے وائس چانسلر VU ڈاکٹر محمد نواز ، ڈائریکٹر میڈیا شیخ عبدالرشید، فیکلٹی ممبر سدرہ مقصود بھی موجود تھے۔ ورچوئل یونیورسٹی کے وفد کا جامعہ گجرات پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ وفد نے پراڈکٹ ڈیزائن کی نمائش، جامعہ گجرات کی لائبریری، آڈیٹوریم اور مختلف شعبہ جات کاد ورہ بھی کیا ۔ اور جامعہ گجرات میں تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ وائس چانسلر VUڈاکٹر نوید اے ملک نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ گجرات طلباء و طالبات کو وسیع تعلیمی مواقع فراہم کر رہی ہے۔ یہاں کی تعلیمی و علمی فضا کو دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ ہم کسی ورلڈ کلاس یونیورسٹی کا دورہ کر رہے ہیں ۔ دونوں جامعات میں باہمی تعاون کے معاہدہ سے طلباء و طالبات پر علم کے کئی نئے دور وا ہونگے۔