گجرات کی خبریں 02/07/2015

Gujrat Press Club

Gujrat Press Club

گجرات (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے گوجرانوالہ میں فوجی جوانوں کو لے جانے والی خصوصی ٹرین کے حادثہ پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حادثہ میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی شہادت پر ان کے ورثاء سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں صبرجمیل اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے۔#
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات ( جی پی آئی) انجمن امامیہ رجسٹرڈ مرکز گجرات کے صدر چوہدری جاوید اقبال شاکر اور جنرل سیکرٹری اظہر عباس کاظمی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ سابقہ سالوں کی طرح اس سال بھی مرکزی مسجد امامیہ و امام بارگاہ سید فرزند علی شاہ میں روزے داروں کو شاندار طریقے سے افطاری کرائی جا رہی ہے۔ اور باقاعدہ نماز با جماعت کا اہتمام بھی ہے۔ مرکزی مسجد انجمن امامیہ سال بھر میں تمام ایام جس میں آئمہ اطہار کی ولات و شہادت ہے’ نہایت عقیدت و احترام سے بھی مناتی ہے۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں امام حسن علیہ السلام کو یوم ولایت ہے اور امام علی علیہ السلام کا یوم شہادت ہے۔ 15 رمضان کو ولادت جشن امام حسن علیہ السلام کی مناسبت سے ایک وسیع دستر خوان کا اہتمام کیا جا رہا ہے اور 20 رمضان کو امیر المومنین و خلیفة المسلمین حضرت علیہ علیہ السلام کی شہادت کے سلسلے میں مجلس عزاء اور ماتم داری کا اہتمام کیا گیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ ہم مومنین کرام’ انتظامیہ اور میڈیا کے بھر پور تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ہم اتحاد بین المسلمین اور دیگر مذاہب میں ہم آہنگی کے فروغ کے داعی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات ( جی پی آئی)جامعة المجتبیٰ سلطانہ آباد جی ٹی روڈ گجرات میں سالانہ جشن حضرت امام حسن مجتبیٰ آج 15 رمضان المبارک کو منعقد ہو گا۔ دن 3 بجے آغاز ہو گا قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی خطاب کرینگے۔ اس موقع پر علامہ محمد افضل حیدری لاہور’ علامہ مختار حسین نقوی’ علامہ محمد حسنین کاظمی’ سید آغا مبارک علی موسوی’ سید تنویر رضوی’ علامہ محمد حسین جلوی و دیگر علماء کرام بھی خطاب کرینگے۔ جبکہ افطار ڈنر کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات ( جی پی آئی)ڈی پی او گجرات رائے ضمیر الحق نے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اس سلسلہ میں ہمیں علمائے کرام اور معاشرہ کے تمام طبقوں کا تعاون چاہیے اگر ہمارا عمل جائز ہو تو وہ ہماری ضرور سپورٹ کریں وہ گزشتہ روز اپنے دفتر میں حسینیہ ٹرسٹ کے وفد سے ملاقات کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ میں حسینیہ ٹرسٹ کے ایک عزازی ممبر کی طرح تعاون کرتا رہوں گا اور گجرات شہر کے امن کے قیام کیلئے ہر مکتبہ فکر کے پاس جائوں گا ہر اچھے اور اجتماعی کام کیلئے تعاون جاری رکھیں گے ، صدر حسینیہ ٹرسٹ چوہدری منظور حسین وڑائچ نے کہا کہ میں ٹرسٹ کی طرف سے ڈی پی او گجرات کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتا ہوں جنرل سیکرٹری پروفیسر سرفراز جعفری نے کہا کہ گجرات پرامن شہر ہے گجرات میں تمام مکاتب فکر کا آپس میں رابطہ ہے ۔ ڈی پی او گجرات کو چاہیے کہ وہ کسی بھی معاملہ میں ہماری مدد لیتے ہوئے ہچکچائیں نہ ہم پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں گے ۔ اس موقع پر جواد حسین جعفری ، علامہ زمان حسین حسینی ، سید الطاف عباس کاظمی ، غلام عباس چوہدری ، مولانا غلام منیر ، قیصر عباس علوی ، مولانا محمد نواز ، علامہ ناظم جعفری ، سید ذاکر حسین نقوی شادیوال ، علامہ مختار حسین نقوی و دیگر بھی موجود تھے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات ( جی پی آئی)ڈی پی او آفس میں اس وقت فضا قہمقوں سے گونج اٹھی جب پروفیسر سرفراز حسین جعفری ، ڈی پی او گجرات رائے ضمیر الحق کو صدر شیعہ علمائے کونسل سید الطاف عباس کاظمی کا تعارف کروانے لگے تو ڈی پی او گجرات نے کہا کہ یہ اپنا تعارف خود ہیں پورا پنجاب ان کی خدمات کا معترف ہے کیونکہ الطاف عباس کاظمی اتحاد امت کیلئے کام کر رہے ہیں ۔
ْ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات ( جی پی آئی)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر /سپیشل پرائس مجسٹریٹ عرفان علی کاٹھیا نے دہی مہنگے داموں فروخت کرنے پر دو افراد کے خلاف مقدمات درج کر ادیے ہیں جبکہ تین گرانفروشوں پر 1500روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی ہدایت پر کریک ڈائون کے دوران اے ڈی سی نے بھمبر روڈ کے علاقہ میں دودھ فروش مستنصر مہندی اور کریانہ فروش عبدالخالق کو چیک کیا اور دودھ و گھی مہنگے داموں فروخت کرنے پر دونوںکے خلاف مقدمات درج کر ادیے۔ دریں اثنا اے ڈی سی نے عابد علی ، اشیتاق احمد اور ارشد محمود پر گھی اور چینی مہنگے داموں فروخت کرنے پر جرمانہ عائد کر دیاہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات ( جی پی آئی) اسسٹنٹ کمشنر میاں اقبال مظہر کی زیر نگرانی پرائس مجسٹریٹس نے تحصیل گجرات میں کریک ڈائون کے دوران ایک ہی دن میں 53گرانفروشوںکے خلاف مختلف تھانوںمیں مقدمات درج کر ادیے ہیں ۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر میاں اقبال مظہر کی زیر نگرانی ریونیو افسران اور ہیڈکوارٹرز میں پرائس مجسٹریٹ کے اختیارات کے حامل افسران نے بیک وقت گرانفروشوںکے خلاف کریک ڈائون کیا۔ دوران چیکنگ سبزیاں، پھل، گوشت ، دالیں ، دودھ اور دہی مہنگے داموںفروخت کرنے پر 53گرانفروشوں کو پکڑ لیا گیا جن کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کر ادیے گئے ہیں۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کامیاب کریک ڈائون پر پرائس مجسٹریٹس کی کارکردگی کو سراہا ہے اور ہدایت کی ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور کسی بھی ناجائر منافع خور سے ہر گز کوئی رعایت نہ کی جائے۔۔