گجرات کی خبریں 19/11/2015

Gujarat

Gujarat

گجرات (جی پی آئی) پاکستان میں جمہوریت کو مضبوط بنانے کیلئے ایک ایسا انتخابی نظام انتہائی ضروری ہے جو کہ عوام کے اعتماد پر پورا اترتا ہو۔ مستقبل میں ہونے والے انتخابات کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے موجودہ انتخابی نظام میں جامع اصلاحات کی ضرورت ہے جو پاکستان میں جمہوریت کو مضبوطی سے پروان چڑھانے میں مدد فراہم کر سکے۔ مختلف قومی و بین الاقوامی اداروں میں پہلے ہی مستقبل کے انتخابات کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے انتخابی اصلاحات کے خدوخال کے بارے میں اتفاق رائے موجود ہے۔ مئی 2013ء میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد عوام اور نمایاں سیاسی جماعتوں کی طرف سے انتخابی اصلحات کا مطالبہ شدت سے اُبھر کر سامنے آیا۔ سدھارنے انتخابی اصلاحات کی اہمیت اور ضرورت کے بارے میں با خبر عوامی رائے قائم کرنے کیلئے پنجاب کے پانچ اضلاع’ گوجرانوالہ ‘ گجرات’ حافظ آباد’ سیالکوٹ نارووال میں انتخابی اصلاحات کی ایڈوووکیسی مہم پراجیکٹ کا آغاز کیا ہے۔ اس مہم کو کامیابی سے سرانجام دینے کیلئے ضلعی گروپ برائے انتخابی اصلاحات (DERG) کی تشکیل کی گئی ہے۔ DERG شراکت داروں کے ساتھ مشاورت کا یہ عمل مختلف سرگرمیوں کے ذریعے سرانجام دے گا۔ جن میں سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملاقاتیں’ اراکین اسمبلی و سینٹ کے ساتھ میٹنگز ‘ میڈیا بریفنگز’ ضلعی کنونشن’ پبلک سیمینارز فورمز’ دستخطی مہم’ معلوماتی مواد کی تقسیم اور پراجیکٹ کی اختتامی تقریب شامل ہیں۔ اس سلسلے میں پہلی میڈیا بریفنگ کا انعقاد مورخہ 18-11-2015 کو گجرات پریس کلب میں کیا گیا۔ اس بریفنگ کا مقصد DERG کی تشکیل کے مقاصد’ مقاصد کے حصول کیلئے DERG ممبران کے عہد اور ایڈووکیسی مہم میں ان کے کردار کے بارے میں میڈیا کو تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ کنوینئر علی ابرار جوڑا ‘ نائب کنوینئر ڈاکٹر انجم نور دین’ افتخار بھتہ اور بدر احمد نے پریس بریفنگ میں حصہ لیا۔ اس موقع پر گجرات پریس کلب کے ڈاکٹر رزاق احمد غفاری’ فیاض بٹ’ عرفان حفیظ کھوکھر ‘ دائود شفیع’ ارشد بٹ’ و دیگر بھی موجود تھے۔
…………………
گجرات (جی پی آئی) انجمن بہبودی مریضاں عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی مجلس انتظامیہ کا ماہانہ اجلاس 21 نومبر بروز ہفتہ دن گیارہ بجے عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات میں منعقد ہو گا جس کی صدارت صدر میاں محمد اعجاز کریں گے۔ اجلاس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
…………………
گجرات (جی پی آئی) عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات میں ماہ ستمبر و اکتوبر کے دوران 13,520 مریضوں کو 14 لاکھ 20 ہزار 593 روپے کے ادویات دی گئیں۔ صدر انجمن بہبودی مریضاں میاں محمد اعجاز کے مطابق عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات خدمت خلق کے لئے دن رات کوشاں ہے۔ گزشتہ ماہ کے دوران سینکڑوں مریضوں کو فری ادویات فراہم کی گئیں۔ تاکہ ان کا علاج معالجہ بہتر طریقے سے ہو سکے۔ 6 لاکھ 88 ہزار 100 روپے کے عطیات انجمن بہبودی مریضاں کو ملے جبکہ انجمن بہبودی مریضاں دن رات خدمت خلق کیلئے کوشاں ہے۔
…………………
گجرات (جی پی آئی) ٹی ایم اے گجرات کو ٹیکس دینے کے باوجود ماڈل ٹائون گجرات کی حالت ناگفتہ بہ ۔ گندگی کے باعث مختلف بیماریاں جنم لینے کا اندیشہ۔ تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹائون گجرات ضلع گجرات کا سب سے پوش علاقہ ہے جہاں پر 200 سے زائد گھر واقع ہیں، لیکن ٹی ایم اے گجرات کی چشم پوشی کی وجہ سے مختلف مسائل جنم لے رہے ہیں۔ سیوریج کا مناسب انتظام نہ ہونے کی وجہ سے پارکوں میں گندا پانی بیماریوں کا باعث بن رہا ہے۔ پارک جہاں پر لوگوں کی تفریح کا اہتمام ہونا چاہئے وہاں پر گندا پانی اور جھاڑیاں ان کا استقبال کرتی ہیں۔ ایک سروے کے مطابق چوہدری شفاعت حسین سابق ضلع ناظم کے دور میں دو خوبصورت پارک تعمیر کئے گئے تاکہ عوام کو سہولت مل سکے۔ مگر کسی نے بھی ان پارکوں کی دیکھ بھال کرنے کی کوشش نہ کی۔ جس کی وجہ سے یہ پارکس اجڑ کر جنگل کا سماں پیش کر رہے ہیں۔ جگہ جگہ گندگی کے انبھار لوگوں کا منہ چڑھا رہے ہیں۔ اور کوئی بھی محکمہ ماڈل ٹائون جیسے آبادی کی بہتری کیلئے اقدامات کا بیڑا اٹھانے کیلئے تیار نہیں۔ پارکوں میں گندے پانی کے جوہڑ بنے ہوئے ہیں عوامی حلقوں نے اس بات پر شدید احتجاج کیا ہے کہ حکومت پنجاب ہر طرف صفائی کی مہم چلا رہی ہے مگر اس علاقہ کی بہتری کے طرف کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے۔
…………………
گجرات (جی پی آئی) ملک بھر میں یوم مجدد الف ثانی کو جوش و خروش سے منایا جائے اور ملکی سطح پر یوم مجدد الف ثانی منانے کا اہتمام کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین آستانہ عالیہ شرقپور شریف صاحبزادہ میاں ولید احمد جواد مجددی شرقپوری نے شرقپور شریف میں شہزاد شفیق نقشبندی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت مجدد الف ثانی نے اسلام کو دوبارہ زندہ کیا اور آج ہمارے سامنے اسلام اصل شکل میں حضرت مجدد الف ثانی کی کاوشوں سے موجو دہے۔ اور ہمیںہر سطح پر ان کی خدمات کو سراہنے کی ضرورت ہے۔ حضرت میاں جمیل احمد نقشبندی شرقپوری نے دنیا بھر میں یوم مجدد الف ثانی کو منانے کی تحریک کو زندہ کیا اور ملک بھر میں پورا مہینہ تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر شہزاد شفیق نقشبندی نے کہا کہ حضرت میاں جمیل احمد کے حکم کے مطابق ضلع گجرات میں یوم مجدد الف ثانی کی تقریبات یکم صفر سے شروع ہو جاتی ہیں اور پورا مہینہ مختلف مساجد میں یہ تقریبات جاری رہتی ہیں۔ ان تقریبات کو بہتر سے بہتر طریقہ سے منعقد کرنے کی کوشش کی جاتی ہے اور 28 نومبر کو دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس گجرات میں اس سلسلہ میں سالانہ مقابلہ حسن نعت بسلسلہ یوم مجدد الف ثانی کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
…………………
گجرات (جی پی آئی) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے صدر ادیب جاودانی کی قیادت میں بہت بڑے وفد نے DCO گجرات لیاقت علی چٹھہ سے انکے آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر EDO ایجوکیشن طاہر کاشف’ EDO ہیلتھ ڈاکٹر اعجاز و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے DCO گجرات نے کہا کہ پرائیویٹ سکولز کے تعاون سے ڈینگی مہم کو کامیاب بنایا جائے گا اور پرائیویٹ سکولز کا فرض ہے کہ وہ اس سلسلہ میں بھر پور تعاون کریں اور بچوں کو اسمبلی کے دوران ڈینگی وائرس سے بچائو کے طریقے اور ڈینگی کے نقصانات پر روشنی ڈالیں ، محکمہ ہیلتھ کی ٹیمیں اس سلسلہ میں بھر پور تعاون کریں گی۔ ادیب جاودانی نے کہا کہ پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن پہلے ہی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کر رہے ہیں۔ اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ لیکن پرائیویٹ سکولز کے مالکان کے مسائل کے حل کے سلسلہ میں بھی تعاون کیا جائے۔ اس موقع پر EDO ہیلتھ ڈاکٹر اعجاز نے ڈینگی وائرس کی تباہ کاریاں اور وائرس کی روک تھام کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات بارے آگاہ کیا۔ چوہدری محمد شریف’ ناظم کھوکھر’ حکیم جواد الرحمن نظامی سیفی و دیگر ممبران پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن بھی موجود تھے ۔ جنہوں نے پرائیویٹ سکولز کے مسائل کے حوالہ سے ڈی سی او گجرات کو آگاہ کیا۔
…………………………
گجرات (جی پی آئی) وزیر اعظم کسان پیکج کے تحت ضلع بھر میں دھان کے کاشتکاروںکو فی ایکٹر پانچ ہزار روپے ادائیگی کے دوسرے مرحلے کے تحت ادائیگیاں جاری ہیں اور ابتک 2762کسانوں کو 5کروڑ38لاکھ روپے کی ادائیگی کی جاچکی ہے ، کسانوں کو ادائیگی کا عمل تیز بنانے کے لئے دونوں ادائیگی مراکز پر بائیو میٹرک مشینوں کی تعداد 9کردی گئی ہے جبکہ بنک آف پنجاب کو اس تعداد میں مزید اضافہ کے لئے کہہ دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے مرکز ادائیگی کھاریاں کے دورہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اے ڈی سی عرفا ن علی کاٹھیا، اسسٹنٹ کمشنر شعیب نسوانہ اور ریونیو افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوںنے کسانوں سے بات چیت کی اور ٹرانسپورٹ ، مرکز ادائیگی میں سہولیات بارے دریافت کیا۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ پہلے اور دوسرے مرحلے کے دوران مجموعی طور پر 6054کسانوں کو ادائیگی کی جائے گی ان میں سے ابتک 2762کو ادائیگیاں کر دی گئی ہیں جبکہ مزید ادائیگیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوںنے اسسٹنٹ کمشنرز اور ریونیو آفیسرز کو ہدایت کی کہ کسانوںکو انکے گھروں سے لانے اور واپس لیجانے کے لئے ٹرانسپورٹ کا مناسب انتظام یقینی بنایا جائے ، اگر کسی کسان کو بائیو میٹرک کے لئے نادرا آفس جانا ہو تو اسکی سہولت کے لئے موٹر سائیکل رکشہ کا انتظام کیا جائے۔ انہوںنے بتایا کہ دونوںمراکز پر بائیو میٹرک مشینوں کی تعداد 9ہو گئی ہے تاہم بنک آف پنجاب سے کہا ہے کہ یہ تعداد بڑھا کر بارہ کی جائے۔ انہوں نے اے ڈی سی کو ہدایت کی کہ بنک حکام کو فوری مراسلہ جاری کیا جائے اور انہیں کہا جائے کہ بائیو میٹرک مشینوں کے لئے نیا کنکشن فراہم کریں۔ اس سے قبل اے سی کھاریاں و سرائے عالمگیر شعیب نسوانہ نے ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کو کسانوں کو ادائیگی اور انہیں فراہم کی جانیوالی سہولیات بارے آگا ہ کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے اچانک رجسٹری برانچ اور لینڈ ریکارڈ سنٹر کھاریاں کا دورہ کیا اور وہاںموجود سائلین سے برانچو ں کے اہلکاروں کے رویہ، فراہم کی جانیوالی سہولیات بارے دریافت کیا، اے ڈی سی عرفا ن علی کاٹھیا، اسسٹنٹ کمشنر شعیب نسوانہ اور ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سید وقار نقوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈی سی او نے لینڈ ریکارڈ سنٹر اور رجسٹری برانچز میں موجود شہریوں سے انکے مسائل دریافت کئے، انہوں نے ایک شہری کی طرف سے فرد کے اجراء میںمشکلات اور ایک دوسرے سائل کی طرف سے انتقال کے حوالے سے شکایت کا فوری نوٹس لے کر اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں اور لینڈ ریکارڈ سنٹر انچارج کو انکے مسائل فوری حل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی سی او نے لینڈ ریکارڈ برانچ کے عملہ کو ہدایت کی کہ وہ شہریوںکے لئے آسانیاں پیدا کریں تاکہ عوام الناس کو انکے پاس آنے کے لئے کسی سہارے کی ضرورت نہ پڑے۔ انہوں نے رجسٹری برانچ کے عملہ کو ہدایت کی کہ ہر رجسٹری پر مشتری کا فون نمبر لازمی درج کریں تاکہ ان سے فیڈ بیک لیا جا سکے اگر متعلقہ افراد تعاون نہ کریںتو رجسٹری خارج کر دی جائے۔
۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) سپیشل پرائس مجسٹریٹ /اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا ، اے سی گجرات میاں اقبال مظہر نے گرانفروشی پر 12گرانفروشوںکے خلاف مقدمات درج کر ادیے ہیں جبکہ متعدد پر جرمانے عائد کر دیے گئے ہیں۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی ہدایت پر کریک ڈائون کے دوران سپیشل پرائس مجسٹریٹ /اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا نے سبزیاں ، دودھ، دہی ، چنے اور پھل مہنگا ، کم وزن روٹی فروخت کرنے پر یونس، شہزاد بٹ، فیصل ندیم، حسنین، قمر اور منشا کے خلاف جبکہ سپیشل پرائس مجسٹریٹ و اے سی گجرات میاں اقبال مظہر نے ملزمان شاہد اقبال، ظفر اقبال، زبیر مختار، اصغر، عامر شہزادکے خلاف مقدمات درج کر ادیے ہیں۔ دریں اثنا اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا نے گرانفروشی پر عامر، عمر، طارق اور اسلم پر ساڑھے 11ہزار روپے جرامانہ عائد کر دیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ممبر امن کمیٹی گجرات اورماہنامہ پاکستان اسپیشل پرسن اسلام آباد کے اسپیشل ایڈوائیزر لالہ جی سعید اقبال مرزا نے گزشتہ روز مظفر آباد میں وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید سے خصوصی ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے لالہ گی سعید اقبال مرزا کی عرصہ 25سال سے معذور افراد کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ انشاء اللہ تعالیٰ آزاد کشمیر میں بھی معذور افراد کے لیے تمام سرکاری دفاتر میں رینپ بنائے جاہیں گے کیونکہ معذور افراد بھی اس معاشرہ کا اہم حصہ ہیں اور ان کے مسائل کو بھی بہتر انداز میں حل کیا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ معذور افراد کے رینپ بنانے کا بہت جلد نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جائے گا اس موقع پر لالہ جی سعید اقبالمرزا نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں اس وقت معذور افراد کی آبادی بیس فیصد پر مشتمل ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف یوسی 1کے آرگنائزرآغا شیراز ملک پی ٹی آئی کے امیدوار برائے چیئرمین ملک ظہیرعامر کایوسی ون سے کامیاب ہونیوالے جنرل کونسلرز شاھد رفیق کھوکھر، یاسرگجر، پی ٹی آئی یوسی ون کے کارکنان اورووٹرز کے اعزاز میں بشارت پیلس پرشاندار پرتکلف عشائیہ کااہتمام، پاکستان تحریک انصاف حلقہ این اے105کے آرگنائزر چوہدری علیم اللہ وڑائچ ڈپٹی آرگنائزر چوہدری سلیم سرورجوڑا تقریب کے مہمان خصوصی تھے،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری علیم اللہ وڑائچ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دوکونسلر منتخب کروانے پر میں یوسی ون کے عوام کومبارکباد وخراج تحسین اوردونوں کونسلرز اورپی ٹی آئی کارکنان کوبھی مبارکباد پیش کرتاہون آپ لوگوںنے بھرپور مقابلہ کیا یہ ہماری ہار نہیں جیت ہے ہمیں اب بیٹھنا نہیں بلکہ قائد تحریک عمران خاں کے ویژن کے مطابق ملک میں حقیقی تبدیلی کیلئے جدوجہد کرنی ہے اورعمران خاں کووزیراعظم بنانا ہے تب جاکر ہمارے مسائل حل ہونگے اسموقع پر آرگنائزر آغا شیراز ملک نے کہا کہ پیارومحبت دینے پر ہم آپ لوگوں کے تہہ دل سے مشکور ہیں آپ لوگوں نے ہمارے کونسلرز کوکامیاب کروایا اورہمیں اپنی محبتوں سے اسیر بنایا،انشاء اللہ تعالیٰ میں آپ سے وعدہ کرتاہوں کہ آپ لوگوں کے ساتھ جو بھائی چارہ کارشتہ ہے وہ ہمیشہ قائم رہے گا وہ رشتہ کسی عہدہ کا محتاج نہیں بشارت پیلس پہلے بھی عوامی خدمت کامرکز تھی اورآئندہ بھی عوامی خدمت وفلاح وبہبود کایہ مشن جاری رہے گا ہمارے دروازے چوبیس گھنٹے آپ لوگوں کی خدمت کے لیے کھلے ہیں امیدوار برائے چیئرمین ملک ظہیر عامر نے کہاکہ حکومتی مشینری کے بھرپور استعمال اورضلعی انتظامیہ مکمل حمایت کے باوجود حکومتی پارٹی کے جیتنے والے امیدوار آپ لوگوں کے تعاون سے ہم نے بھرپور مقابلہ کیاآپ کے اس پیارومحبت بھرے تعاون پرہم آپ کے مشکور ہیں عشائیہ میں ملک عادل ،ملک عمران بخشانہ، مہراعجاز احمد،سیدآصف حسین شاہ آف شادیوال سمیت سینکڑوں کی تعداد میں یوسی ون کی عوام اورپی ٹی آئی کارکنان نے شرکت کی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی) سیاست عبادت سمجھ کر کرتا ہوں ۔سیاست میں تین اصولوں کو ہمیشہ ترجیح دی نہ کسی سے بغض کیا اور نہ ہی کسی سے دشمنی کی اور ہمیشہ جائز کام کئے۔ جبکہ میرا خاندان سیاسی نہ تھا اور نہ ہی میں سیاسی تھا ۔میاںنواز شریف نے کہا میں نے آ پکی سیاست کو بچایا ۔ سیاست میں آنے کے بعد عوامی سیاست کو فروغ دیا۔میر ا کوئی ساتھی کمیشن مافیا سے تعلق نہیں رکھتا فنڈز کی کمیشن کو سور کے گوشت سے بھی زیادہ بدتر سمجھتا ہوں لوگوں کے کام کر کے دل کو سکون ملتا ہے ۔ان خیالات کا اظہارممبرقومی اسمبلی افتخاراحمدچیمہ نے امیدواربرا ئے کونسلروارڈنمبر12راجہ سیف اللہ سیفی کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرراجہ سیف اللہ،پیرراجہ محمداعجاز اللہ خان،شفیق ملک،راجہ ظاہر،محمداشرف نقیبی اورافتخارمسعودبٹرنے بھی خطاب کیا۔انہوںنے کہا کہ راجہ سیف اللہ سیفی کی کامیابی سے علا قہ میںترقیاتی کاموںکاجال بچھادینگے۔ انشاء اللہ تعالیٰ 19نومبرکوحق سچ کی فتح ہوگی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی)آنے والے بلدیاتی الیکشن میںکارکن اپنے حلقوںمیںپارٹی امیدواروںکی الیکشن مہم زورشور سے چلا ئیں۔ہماری قیادت میاںبرادران نے کئی بارملکی مفادکی خاطرایوان اقتدارکوبھی ٹھوکرماری ہے۔ہرمرتبہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے وعوام کی بے لوث محبت کی وجہ سے (ن)لیگ پہلے سے بڑھ کراقتدارمیںآئی۔ان خیالات کااظہارممبرصوبا ئی اسمبلی شوکت منظورچیمہ نے پٹھانوالی میںامیدواران برا ئے چیئرمین ووائس چیئرمین اورجنرل کونسلریوسی گھکامیترنمبر3میاںشہبازحمد،حاجی ذکاء اللہ چیمہ اورمحمدانیس الرحمن گجرکے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرمیاںشہبازاحمد،ذکاء اللہ چیمہ،محمدانسی الرحمن گجر،رانا یعقوب،امجدگجر،شیرازرضاشیرازی،محسن ساہی،امتیازاکرم،بشارت چوہدری،اعجازاحمدنمبردار،بائو فضل حسین،چوہدری شفاعت اللہ چیمہ،اسدمبارک سمیت اہل علاقہ کی کثیرتعدادموجودتھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی) جماعت اسلامی کے رہنما محمد مشتاق بٹ اووزیرآباد آزاد گروپ کے صدرمحمدخالد مغل نے آ زاد گروپ کے امیدواران برا ئے کونسلروارڈنمبر6 اور7سیٹھ شعیب ،محمدعارف رضاکے انتخابی جلسہ سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ اسلامی وخوشحال پاکستان سے ہی مسائل حل ہونگے۔ووٹ کی طاقت سے آنے والی تبدیلی جمہوریت کی ضامن ہے کرپٹ اورشعبدہ بازوںکی بجا ئے خدمت خلق کے جذبہ سے سرشارنمائندے منتخب کریں۔متحدہوئے بغیرلٹیروںسے چھٹکارا ممکن نہیں۔اس موقع پرصابر حسین بٹ،فیاض حسین بھٹی ،شعیب علی کھوکھر ، محمد عارف رضا ، شہزاد منیر کھوکھر، ادریس فاروق بٹ نے بھی خطاب کیا۔میونسپل کمیٹی وزیرآباد کے بلدیاتی الیکشن میں ہم نے مل کر اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں جن کی کامیابی سے نچلی سطح پر عوام کو انکے مسائل حل کرنے کے لیے دیانتدار قابل ترین قیادت ملے گی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی)بنیادی جمہوریت سے ہی عوام کے مسائل حل کئے جاسکتے ہیں۔جمہوری ادارے عوام کی بہتری کی سوچ رکھتے ہیں۔بلدیاتی اداروںمیںعوام کے مسائل اورانکے حل ہوتے ہیں۔کہ عوام ہی طاقت کا چشمہ ہوتی ہے عوام کی توقعات پرپورااترنے والے ہی حقیقی لیڈرہوتے ہیں۔ان خیالات کا اظہارایم پی اے شوکت منظورچیمہ نے امیدواربرا ئے کونسلروارڈنمبر23بابو عامر رضا بٹ کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر بابوعامر رضا بٹ،واجد رضا بٹ ایڈووکیٹ،ملک شکیل احمد،حافظ جعفرحسین،بائو عبدالعزیز،ملک خالد،ملک ظفر،سیٹھ لطیف،محمداشرف نقیبی،ماسٹرسلام،بابا اقبال ودیگرنے بھی خطاب کیا۔انہوںنے کہا کہ بابوعامر رضا بٹ شوق وجذبہ سے عوام کی خدمت کرنے کاعزم کئے ہوئے ہیں۔ہم ان کی سوچ اورعزم کوپروان چڑھانے میںانکے ساتھ ہیں
۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی)عوامی امنگوںاورچاہتوںاورمحبتوںسے انشاء اللہ کامیابی حاصل کریںگے۔علا قہ کے عوام کی حقیقی ترجمانی اورانکے حقوق کے محافظ کی حیثیت سے کام کریںگے۔ خدمت ہمارا مشن ہے جیت کرعوام کی توقعات پرپورااتریںگے۔ عوامی کاموںکوعبا دت سمجھ کرکرتے ہیںعوام ہی ہماری اصل طاقت ہیں۔ان خیالات کا اظہارامیدواربرا ئے کونسلروارڈنمبر19الحاج نوید یونس پاپانے اپنے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ملک محمدیوسف چاند،ارشاد پہلوان،سید امجد علی شاہ،حیظ خلجی،محمدخالد مغل،محمداصغرہیرا،مہرمحمداسمعیل،وسیم یونس،عبد اللہ وڑائچ،ملک عرفان،ملک عرفان،حسن پہلوان،ناصر پہلوان،شعیب ،مہرمزمل علی ودیگرنے بھی خطاب کیا۔انہوںنے کہا کہ عوامی سوچ اورجذبات کی ترجمانی کرنے والے ہی بلدیاتی الیکشن میںکامیابی حاصل کریںگے۔19نومبرکاسورج ہماری فتح کی نوید لیکرطلوع ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی)سابق ممبرقومی اسمبلی وجما عت اسلا می کے مرکزی رہنماحافظ سلمان بٹ نے کہا ہے کہ رب کی غلا می اوربندوںکی خدمت ازل سے کامیابی کازینہ ہے۔میدان جنگ میںتلواروںسے لڑی جانے والی جنگ کی جگہ اب بیلٹ پیپرنے لے لی ہے۔چونکہ یہی سکہ رائج الوقت ہے۔لہذاء ہم بھی سیا ست کے میدان میںخدمت کے جذبے سے اترے ہیں۔وہ وارڈنمبر27میںجماعت اسلا می امیدواربرا ئے کونسلرنعمان شریف کی انتخابی مہم کے سلسلہ میںجلسہ سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پرسابق ضلعی ناظم محمدفیاض چٹھہ،جماعت اسلا می کے محمدمشتاق بٹ،میاں صلا ح الدین قیصر،ویم شاہد اولکھ اورنعما ن قیصر نے بھی خطاب کیا۔انہوںنے کہا کہ حکوتیںمقامی ہوںیامرکزی وصوبا ئی عوام کوبنیادی سہولیات کی فراہمی انکی ذمہ داری ہوتی ہے۔مگرافسوس کہ آج ک ہم نے اپنے ووٹ کی پرچی سے جس کوبھی منتخب کیااس نے ملک وقوم کاسوچنے کی بجا ئے اپنی ذات اورخاندان کوترجیح دی۔آج فیصلے کی گھڑی میںہمیںایماندارقیادت کا انتخاب کرنا چا ہئے۔سابق ضلعی ناظم محمدفیاض چٹھہ نے کہا کہ ملک کاسب سے بڑامسئلہ کرپشن اورکرپٹ قیادت ہے۔دیا نتدارقیادت ملک وقوم ملک کومسائل کی دلدل نکا ل سکتی ہے۔انہوںنے کہا کہ مفادپرستوںسے مایوس عوام ہمیںووٹ دیںہماری سیا ست کامحورعوامی خدمت ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے پیپلز پارٹی پنجاب میں تبدیلی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے پیپلز پارٹی کے مخالفین ایسی بے بنیاد خبریں پھیلا کر اپنے مزموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے لے کر ایک عام کارکن کو پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو پر بھرپور اعتماد ہے اور اُن کی پارٹی کے لئے خدمات کو سراہتا ہے میاں منظور احمد وٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی پنجاب بھرپور طریقے سے کام کر رہی ہے اور مزید فعال ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں میاں منظور احمد وٹو کی قیادت میں نئے جوش و جذبے کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے پیپلز پارٹی کا ہر جیالا بھٹو ازم کا پیغام اور فلسفہ پورے پاکستان میں پہنچائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی)شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدرحجة الاسلام علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے بولان ٹرین حادثے میں ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سفری سہولیات کو بہتر بنانے اور اندوہناک واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک بیان میں علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ ٹرین کی بریکیں فیل ہونے کی وجہ سے مسافروں کی ہلاکتوں سے حکمرانوں اور متعلقہ اداروں کی عوام کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں نااہلی اور عدم توجہی واضح ہوگئی ہے۔ اتنے نااہل ادارے ہیں کہ ا نہیں ٹرین کی فٹنس کا علم ہی نہیں، جوکہ افسوسنا ک اور قابل مذمت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دراصل یہاں کے حکمرانوں کو سرکاری سکولوں، ہسپتالوں ، فضائی اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات سے کوئی سروکار نہیں کیونکہ ان کے بچے اندرون اوربیرون ملک اعلٰی نجی تعلیمی اداروں میں پڑھتے ہیں، علاج امریکہ اور برطانیہ سے کروانا ہوتا، سفر پجارو،لینڈ کروزر،ہیلی کاپٹروں اور جہازوں میں عوام کے ٹیکسوں پر کرنا ہوتا ہے۔ انہیں عوام کی نہیں،اپنی اولادوں اور اپنی ذات کی فکر ہے۔ کسی سے کوئی سروکار نہیں۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ امیر اور غریب طبقات کے درمیان بڑھتاہوا فرق ان کے لائف سٹائل سے ہی واضح ہے اور یہی معاشرے میں انقلاب کو جنم دیتا ہے۔
۔۔۔
لاہور (جی پی آئی) جمعیت علما پاکستان نیاز ی کے سربراہ اور آستانہ حسینی کے سجادہ نشین پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے روجھان ضلع راجن پور میںمولانا عبدالعزیز کی زیر نگرانی داعش کے لئے قائم مبینہ تربیتی کیمپ کی موجودگی پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردوں کے سرپرستوں کی فی الفور گرفتاری اور ان کے پیچھے کارفرما سازش کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ یہ مطالبہ انہوں نے جمعیت سیکرٹریٹ کینال ویو میں پیر اختر رسول قادری، ڈاکٹر امجد حسین چشتی اور پیر عثمان نوری سے گفتگو میں کیا ۔ جنہوں نے ان سے پارٹی امور پر مشاورت کے لئے ملاقات کی۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ لال مسجد دہشت گردی، تکفیریت اور طالبان کے نظریاتی کیمپ کے طور پر استعمال ہوتی رہی ہے۔اسی مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز نے ملک کے آئین ، قانون اور ریاست کو چیلنج کیا جس پر فوج کو آپریشن بھی کرنا پڑا۔ لیکن اس کے باوجود طالبان کے روحانی باپ مولوی کی دہشت گردوں کی حمایت میں سرگرمیوں میںکمی نہیں آئی۔ان کا کہنا تھا کہ جب تک دہشت گردوںکے سہولت کار گرفتار نہیں ہوتے۔نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد ممکن نہیں۔ حکمرانوں کو دہشت گردوں کے لئے نرم گوشہ رکھنے کی بجائے ، طے شدہ امور پر کام کرنا چاہیے تاکہ انتہا پسندی اور دہشت گردی سے نجات حاصل کی جاسکے۔
۔۔۔۔۔۔
حافظ آباد(جی پی آئی) بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ اسٹیشن کے قریب اجتماعات پر پابندی ہوگی ۔پانچ یا پانچ سے زیادہ افراد پولنگ اور گنتی کے دوران پولنگ اسٹیشن کے قریب 300میٹر کی حدود میں جمع نہیں ہو سکیں گے ۔انتخابی فتح منانے کے لیے ریلیاں اور جلوس نکالنے اور انتظام کرنے پر بھی پابندی ہوگی ۔فائرنگ اور اسلحہ پر پابندی برقرار ۔ہوم سیکرٹری پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898ء زیر دفعہ 144حکمنامہ جاری کر دیا ہے ۔12دسمبر تک نافذ العمل ہوگا۔حافظ آباد پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں حافظ آباد میں پولنگ اسٹیشن کے قریب پانچ یا پانچ سے زیادہ افراد کے اجتماع پر پابندی لگا دی گئی ۔پولنگ اور گنتی کے دوران کسی بھی پولنگ اسٹیشن کے قریب 300میٹر کی حدود میں پانچ یا پانچ سے زیادہ افراد جمع نہیں ہو سکیں گے۔مزید برآں انتخابی فتح منانے کے لیے ریلیاں اور جلوس نکالنے اور انتظام کرنے پر بھی پابندی ہوگی ۔یہ بات ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر کیپٹن (ر) عطا محمد خان نے بتائی ۔انہوں نے بتایا کہ ہوم سیکرٹری پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898ء کے تحت دفعہ 144(6) نافذ کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے ۔دفعہ 144کی پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور 12دسمبر تک نافذ العمل رہے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
نارووال(جی پی آئی) نیک اولاد والدین کیلئے صدقہ جاریہ ہوتی ہے۔خوش نصیب اولاد اپنے والدین کے حقوق ادا کر کے خوشنودیٔ خدا و رسول ۖ حاصل کرتی ہے ۔معاشرے کی بہتری کیلئے علمائے کرام و مشائخ عظام اصلاح معاشرہ کو موضوع سخن بنائیں ۔ درخت اپنے پھل سے پہچانا جاتا ہے ۔ والدین کی خدمت سے ہی اعلیٰ مراتب نصیب ہوتے ہیں ۔ ماں باپ کا رشتہ بے لوث اور لا زوال رشتہ ہے ۔ اسلام نے ماں کے قدموں تلے جنت رکھی جبکہ باپ کی رضا میں خدا کی رضا کو رکھا ہے ۔ نبی کریم ۖ نے خوشی سے ماں باپ کے چہرے کی زیارت کو حج مقبول کا درجہ دیا ہے ۔ آج والدین کی نافرمانی سے معاشرے میں بگاڑ بڑھتا جا رہا ہے ۔لوگ بوڑھے والدین کو اولڈ ہوم میں چھوڑ کر ترقی یافتہ سمجھتے ہیں ۔جو والدین کی خدمت نہیں کر سکتا اُس کی اولاد بھی اُس کی خدمت گزار نہیں ہوتی ۔آج والدین کی نا فرمانی کو گناہ نہ سمجھنے والے اپنی عاقبت کی فکر کریں ۔ان خیالات کا اظہار قائد تحریک اویسیہ پاکستان علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی نے حافظ محمد عرفان اسلام اویسی کے زیر اہتمام بابا جی محمد اسلام رحمة اللہ علیہ کے سالانہ ختم پاک سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مولانا قاری محمد ارشد اویسی،قاری محمد ادریس اویسی، حافظ محمد عرفان اسلام اویسی نے کہا کہ دنیا و آخرت کی کامیابی والدین کی رضا میں ہے ۔والدین اولاد کیلئے دعا کرے تو اللہ تعالیٰ کی رحمت کو جوش آتا ہے ۔ ہمیں محبت رسول ۖ کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کی ادائیگی کیلئے بھی کمر بستہ رہنا چاہیے ۔ غلبۂ دین کے لئے معاشرتی اصلاح اور اخوت و رواداری انتہائی ضروری ہے ۔جس کے فروغ کیلئے 28نومبر کو مرکز اویسیاں نارووال میں تحریک اویسیہ پاکستان کا سالانہ اجتماع منعقد ہو رہا ہے جس میں ملک بھر سے جید علماء و سکالرز تعلیمات رسول عربی ۖ سے عوام الناس کی اصلاح فرمائیں گے ۔ختم پاک میں حافظ محمد دلشاد اویسی، حافظ غلام مصطفےٰ اویسی،محمد افتخار اویسی،ڈاکٹر محمد عرفان رشید ، محمد سجاد قادری اور دیگر نے بھی خطاب و ہدیہ نعت پیش کیا ۔
۔۔۔۔۔۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ(جی پی آئی)حضور بدرالمشائخ نے محبت خدا ،عشق رسول، عظمت صحابہ اور مدت اہلبیت کی تعلیمات کے فروغ کیلئے متعدد مدارس اور مساجد کی تعمیر کروائی ۔حضرت پیر سائیں محمد اسلم اویسی ایک وقت میں با عمل صوفی، با کردار عالم دین اور تعلیمات قرآن و سنت کو عام کرنے والے مدرس تھے ۔ بدرالمشائخ رحمة اللہ علیہ نے ہزاروں لوگوں کو صراط مستقیم پر گامزن کیا ان خیالات کا اظہار تحریک اویسیہ پاکستان ضلع فیصل آباد کے صدر علامہ حبیب اللہ اسد اویسی نے عرس مبارک بدرالمشائخ پیر سائیں محمد اسلم اویسی رحمة اللہ علیہ مرکز اویسیاں نارووال پر روانگی کیلئے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ تحریکی اہم اجلاس سے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا حضور بدرالمشائخ پیر سائیں محمد اسلم اویسی رحمة اللہ علیہ کا سالانہ عرس مبارک میں فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگ سے قافلہ 28نومبر کو روانہ ہو گا جس میں کثیر تعداد سے اراکین تحریک اویسیہ شرکت کریں گے ۔
۔۔۔۔۔۔۔
فیصل آباد(جی پی آئی)دینی مدارس اسلامی بینکنگ کی تعلیم کو بھی فروغ دیں ۔سودی بنکاری سے ہر شخص غریب سے غریب تر ہو تا جا رہا ہے ۔جامعہ قاسمیہ میں اسلامک بینکا ری کے موضوع پر سیمینار۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل ،ممبر اسلامی نظریاتی کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے اسلامک بینکنگ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دینی مدارس کے اساتذہ کرام اور علماء اسلامی بنیادوں پر بینکنگ کی تعلیم کو بھی فروغ دیں تاکہ مستقبل میں اسلامی بینکنگ میں اضافہ ہو سکے گزشتہ 12 برسوں میں مجموعی طور پر اس کی شرح میں اضافہ ہوا ہے اس وقت مختلف اسلامک بینک ملک میں اپنی برانچزقائم کر چکے ہیںمجموعی طور پر 1700برانچز کام کر رہی ہیں علماء اور دینی تعلیم سے فیض یاب افراد کو آگے بڑھ کر اسلامک بینکنگ کے نظام کو سمجھنا ہو گا اور تمام جامعات کو اس مقصد کے لیئے آگے آنا چاہیئے اور سود سے پاک بینکاری کو فروغ دینے میں علماء اپنا کردار ادا کریں اسلام تجارت کو فروغ دیتا ہے خرید و فروخت ،رقم ،اثاثہ جات ،رقم کی پیدائش کا حامل ماڈل ہیں اس کے بر عکس سودی بینکاری قرض پر منافہ حاصل کرنے کا نام ہے جس سے امیر، امیر تر اور غریب،غریب تر ہو تا جا رہا ہے اسلامی بینکا ری میں رقم پرنفع نقصان کو بھی برداشت کیا جاتا ہے جبکہ سودی بینکاری میں مخصوص مد د میں صرف منافع پر توجہ مذکور رہتی ہے۔پاکستان علماء کونسل شعبہ دار الافتاء کے سربراہ مفتی حفظ الرحمن بنوری نے کہاکہ اس سیمینار کا مقصد مدارس کے طلباء میں سودی نظام سے آگاہی دینا ہے اور یہ مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ حلال اور حرام میں تفریق کو سمجھیں ۔مفتی سلیم نواز نے کہاکہ دینی مدار س میں دیگر علوم کے ساتھ قرآن و سنت کی روشنی میں سود کے خاتمے کے لیئے مختلف کورسز کر وائے جائیں ۔مفتی رب نواز نے کہاکہ ملک میں اسلامی بنکاری کو دینی مدارس ہی فروغ دے سکتے ہیں ۔مفتی محمد احمد نے کہاکہ عام تعلیمی ادارے اور دینی مدارس شریعت کے مطابق اسلامی بنکاری کو فروغ دینے میں بہتر معاونت کر سکتے ہیں۔سیمینار کے اختتام پر جامعہ قاسمیہ کے نائب مہتمم صاحبزادہ خالد محمود قاسمی نے پاکستان کی ترقی اورخوشحالی، ملک سے سودی نظام کے خاتمہ کے لیئے دعا کروائی۔
۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی)پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں وہ خود اپنے پائوں پر کلہاڑا مار رہی ہے نااہل حکمرانوں کے خلاف کسی کو سازش کر نے کی ضرورت نہیں یہ اپنی سیاسی موت خود مر جائیں گے ۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں صرف نام کا فرق ہے دونوں کی پالیسیاں ایک ہیں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران خود کو حکو مت سمجھنے کی بجائے اپوزیشن سمجھ کر سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں اگر حکمرانوں نے عوام دشمن پا لیسیوںکا عمل جاری رکھا تو عوام انکواقتدار کے ایوانوں سے باہر نکال دیں گے ‘حکمران ملک میں جمہو ریت کو تسلسل چاہتے ہے تو انکو ”کر پشن اور لوٹ مار ”کا اپنا پر وگرام ختم کر نا ہو گا ‘بلدیاتی انتخابات کے نتائج حکمرانوں کے خلاف عوامی ریفر نڈم ثابت ہو ں گے ۔ عوام مہنگائی اور بے روگاری جیسے مسائل کے عذاب میں مبتلا ہے عوام حکمرانوں کے اصل چہر ے سے واقف ہو چکے ہیں جو حکمران مہنگائی اور بے روزگاری کے ذریعے غر یبوں کو سسک سسک کر مر نے پر مجبور کر رہے ہیں
۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں بدامنی اور دہشت گردی کا ذمہ دارامریکہ ہے ، جس نے دنیا فتح کرنے کی خواہش میں بے گناہوں کا خون کرکے لعنت کمائی۔ایک بیان میں پیر س میں ہونے والے حملوں پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ امریکہ کا دہشت گردی اور انتہا پسندی کی وجوہات مسلم رہنما وں سے پوچھنے کا سوال مضحکہ خیز، متکبرانہ رویہ اور قابل مذمت فعل ہے۔ الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کی طرح دہشت گردی پیدا کرنے والا امریکہ اپنی ہی خباثتوںکی وجوہات کا سوال امت مسلمہ سے کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے،کسی بے گناہ کی جان لینے کو حرام قراردیتا ہے۔ مغربی ممالک اور امریکہ نے مسلم ممالک کے وسائل پر قبضہ کرنے کے لئے مختلف تنظیموں کو دہشت گردی کی تربیت دی ۔ جہاد پر سی آئی اے کے تیار کردہ لیکچرز طالبان کی تیاری کے لئے استعمال کئے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک دہشت گردی کی وجوہات کا خاتمہ کرنے کے لئے مسلمانوں کے خلاف کارروائیاں بند کرکے معافی مانگے۔پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کو لڑوانے کے لئے امریکی ذہن استعمال کئے جارہے ہیں۔تاکہ شیعہ سنی اختلافات کو ہو ادی جائے۔انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت پھیلاکر امریکی ایجنٹ امت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔اوباما دہشت گردی اور انتہا پسندی کرنے والوں کو تلاش کرنا چاہتے ہیں توامریکی ایجنسی سی آئی اے اور برطانوی ایجنسی ایم آئی سکس سے پوچھیں۔ مسلمانوں کی طرف انگلی نہ اٹھائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کراچی(جی پی آئی)سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے سندھ کے دیہی علاقو کو شہری علاقوں میں ضم کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کو عدلیہ کا مستحسن اقدام قرار دیتے ہوئے پاکستان راجونی اتحاد میں شامل روشن پاکستان پارٹی کے سربراہ امیر پٹی ‘ پاکستان سولنگی اتحاد کے رہنما سردار شبیر سولنگی ‘ پاکستان خاصخیلی اتحاد کے سربراہ سردار غلام مصطفی خاصخیلی ‘ پاکستان مارواڑی اتحاد کے رہنما اقبال ٹائیگر مارواڑی ‘ پاکستان میمن فیڈریشن کے رہنما عدنان میمن ‘ نیشنل پیس کمیشن ہیومن رائٹس کے رہنما حاجی امیر علی خواجہ ‘ پاکستان راجپوت اتحاد کے رہنما عارف راجپوت ‘ پاکستان تنولی اتحاد کے رہنما نواب آف بدھوڑہ یحییٰ خانجی تنولی ‘پاکستان جونا گڑھ اتحاد کے رہنما فرزند جونا گڑھ اقبال چاند اور دیگر اتحادی جماعتوں کے سربراہان و نمائندگان نے کہا کہ مقتدر سیاسی جماعتیں سیاسی مفادات کے حصول کیلئے من مانے اقدامات کے ذریعے عوامی مفادات کو زک پہنچانے کی روایتی پالیسی پر گامزن ہیں جس کے باعث عوامی مسائل ‘ مصائب اور تکالیف میں روز افزوں اضافہ ہوتا جارہا ہے اسلئے اگر عوام نے ا ن سیاسی جماعتوں سے چھٹکارہ پانے کیلئے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ نہیں لیا اور اپنے ووٹ کی قوت سے ان روایتی سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں کو مسترد کرکے برادریوں کے حمایت یافتہ راجونی اتحاد کے دیانتدار ‘ باکردار ‘ تعلیم یافتہ اور عوام دوست ومحب وطن امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب نہیں بنایا تو اصلاح احوال کا خواب بکھر جائے گا اور مستقبل ہمیشہ کیلئے تاریکیوں میں ڈوب جائے گا ۔