گوجرانوالہ : مکان کی چھت گرنے سے ایک خاندان کے 5 افراد جاں بحق

Gujranwala House Roof Fall

Gujranwala House Roof Fall

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) گوجرانوالہ میں محنت کش کے کچے مکان کی چھت گرگئی ، باپ اپنے 4 بچوں سمیت دم توڑ گیا ۔ گوجرانوالہ کے نواحی گائوں گوندانوالہ کے گدھا ریڑھی بان تاج دین کے گھر پر قیامت ٹوٹ پڑی۔

6 روز قبل شروع ہونیوالے 3 روزہ بارشوں کے سلسلے نے تاج دین کے گھر کی مٹی اور لکڑی سے تیار چھت کو کمزور کیا تو آج چھت زمین بوس ہوگئی ۔ چھت تلے سویا خاندان ابدی نیند سوگیا۔ واقعہ کے نتیجہ میں پورا خاندان ملیا میٹ ہوگیا۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ماں باپ اور ان کے4 بچوں کو سول ہسپتال منتقل کیا لیکن وہ پہلے ہی دم توڑ چکے تھے ۔ نعشیں واپس گھر پہنچیں تو کہرام مچ گیا۔

جاں بحق ہونیوالوں میں تاج دین اس کے بچے 10 سالہ احد ، 7 سالہ فہد ، 5 سالہ ساحر ، 3 سالہ مدیحہ شامل ہے جبکہ بچوں کی ماں کی حالت انتہائی تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔