گوجرانوالہ ٹرین حادثے میں شہدا کی تعداد 19 ہو گئی

Gujranwala Train Accident

Gujranwala Train Accident

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) پاک فوج کے دو ہیلی کاپٹر اور ماہر غوطہ خور ہیڈ چھناواں کے قریب امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ریلیف انجن کو پل تک پہنچانے کیلئے متاثرہ ٹریک کی مرمت کی جا رہی ہے۔

کور کمانڈر گوجرانوالہ براہ راست امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ حادثے میں پاک فوج کی انجینئر بٹالین یونٹ کے کمانڈر کرنل عامر جدون، ان کی اہلیہ اور دو بچے بھی شہید ہو گئے۔

کرنل راشد، کیپٹن عادل، لیفٹیننٹ کاشف، کانسٹیبل اسلام، لانس نائیک ظفر اور خاکروب سلیم اور عثمان بھی شہید ہونے والوں میں شامل ہیں۔ تمام شہدا کی نماز جنازہ گوجرانوالہ کینٹ میں ادا کر دی گئی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی لواحقین کی ڈھارس بندھانے گوجرانوالہ پہنچ گئے۔

انہوں نے حادثے کے زخمیوں کی عیادت بھی کی۔ پنو عاقل سے کھاریاں جانے والی ٹرین جمعرات دن بارہ بجے کے قریب حادثے کا شکار ہوئی۔ وزیر اعظم نواز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔