گجرات کی خبریں 4/5/2015

Gujrat

Gujrat

گجرات (جی پی آئی) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری میٹریل سے تکمیل حکومت اور انتظامیہ کی ترجیحات میں سرفہرست ہے تا کہ ان فلاحی منصوبہ جات سے شہری بروقت اور طویل عرصہ تک مستفید ہو سکیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے زیر تعمیر شادیوال تا ترکھا روڈ کے معائنہ کے موقع پر کیا اس موقع پر ای ڈی او فنانس چوہدری محمد اصغر ، ایکسئین پرونشل ہائی وے محمد اشرف ، پی ایس او ندیم بٹ ، چوہدری ظہور الٰہی و دیگر بھی موجود تھے ۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کو شہریوں کی طرف سے شکایات موصول ہوئیں تھیں کہ سڑک کا کنٹریکٹر سڑک کے ساتھ تعمیر ہونے والے نالے کی تعمیر کیلئے ناقص میٹریل استعمال کر رہا ہے جس کی وجہ سے فنڈز ضائع ہونے کا خدشہ ہے ۔ ڈی سی او نے اچانک دورہ کے موقع پر مختلف مقامات پر سڑک اور نالے کا معائنہ اور استعمال ہونے والے میٹریل کا جائزہ لیا ۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ شادیوال روڈ گجرات کا انتہائی اہم ترقیاتی منصوبہ ہے اور ہدایت کی کہ اس کے ساتھ تعمیر ہونے والے نالے کو انتہائی مضبوط اور مقرر سٹینڈرڈ کے مطابق تعمیر کیا جائے انہوں نے واضع کیا ناقص میٹریل کا استعمال کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا اور ایسا کرنے والے ٹھیکیدار اور متعلقہ افسران کو سخت نتائج بھگتنا ہونگے ۔انہوں نے ایکسیئن پرونشل ہائی وے کو ہدایت کی کہ سڑک کی تعمیر کیلئے استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار کا جائزہ لینے کیلئے اس کا فوری لیب ٹیسٹ کروایا جائے ۔ اہل علاقہ سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے ان کی طرف سے ادا کیے گئے ٹیکسوں کے پیسوں سے تعمیر کیے جاتے ہیں شہری جاری ترقیاتی منصوبوں کی کڑی نگرانی کریں اور اگر کہیں بھی شکایات ہوں تو فوری طور پر انہیں آگاہ کیا جائے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)ایم پی اے چوہدری محمد اشرف دیونہ نے 5.465ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی چنڈالہ گل روڈ کا افتتاح کر دیا ہے پی ایس او ندیم بٹ ، مسلم لیگ ن کے راہنما چوہدری ظہور الٰہی ، فیصل دیونہ و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے چوہدری اشرف دیونہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی حکومت شہریوں کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ان کا مشن میرٹ اور شفافیت ہے انہوں نے کہا کہ خادم پنجاب رولر روڈز پروگرام کے تحت سڑکوں کی تعمیر سے کھیت سے منڈی تک کسان کی رسائی آسان ہو گی اور وہ اپنی اجناس اور مویشی آسانی سے منڈیوں تک لے جا سکیں گے انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں اہل علاقہ سے کیے جانے والے تمام انتخابی وعدے پورے کرنے کیلئے بھرپور کوششیں جاری ہیں اور پی پی 112کے علاقہ میں سڑکوں ، تعلیمی اداروں سمیت ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیا جائیگا ۔انشاء اللہ ہم کوشش کریں گے کہ موضع گل کے سکول کو بھی اپ گریڈ کروایا جائے اور بہت جلد کلیوال گجراں تا بھدر ، جکھڑ تک روڈ کی تعمیر کی جائے گی جس سے اہل علاقہ کو بہت فائدہ ہو گا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات(جی پی آئی)جمعیت علما اہل حدیث پاکستان کے چیرمین قاضی عبدالقدیر خا موش نے الطاف حسین کے فوج مخالف بیان پر شدید تنقید کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے قائد کے اعمال اور حواریوں کے محاسبے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک بیان میں قاضی عبدالقدیر خاموش نے کہا کہ الطاف حسین کے بیانات ناقابل معافی ہیں۔ وہ تقریر کرتے ہوش میں نہیں ہوتے۔انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کے اعترافی بیان اور ہٹ دھرمی کے بعد اس دہشت گرد پر مقدمہ چلانے کی ضرورت نہیں۔ اس نے معافی مانگ کر خود ہی اعتراف جرم کرلیا ہے۔ اب اسے مزید مہلت نہیں دینی چاہیے،اسے گرفتار کیا جائے ۔اس کے بدنام زمانہ بھارتی خفیہ ایجنسی را سے تعلقات کے فخریہ اعتراف کے بعد کسی مقدمے کے اندراج کی گنجائش نہیں رہ جاتی۔ اگر اس دہشت گرد اور ملک دشمن کے خلاف حکومت اور ملٹری بیوروکریسی نے قانونی کارروائی نہ کی تو شمالی وزیر ستان میں جاری دہشت گرد طالبان کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب مشکوک ہوجائے گا۔