گجرات : گوٹریالہ پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ، جوابی کارروائی میں دو دہشتگرد ہلاک، 8 فرار

Gujrat

Gujrat

گجرات (جیوڈیسک) ڈی پی او گجرات رائے ضمیر الحق کے مطابق گوٹریالہ پولیس چوکی پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں میں سے 2 ہلاک جبکہ آٹھ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

ڈی پی او گجرات کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے 2 راکٹ لانچر، 3 دستی بم، 2 کلاشنکوف اور گولیاں برآمد ہوئیں۔ ہلاک ہونے والے ایک دہشتگرد کی شناخت قاری ممتاز کے نام سے ہو گئی ہے جس کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی سے تھا۔ قاری ممتاز دہشتگردی سمیت 12 مقدمات میں مطلوب تھا۔

دوسرے دہشتگرد کا تعلق وزیرستان سے ہے جس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ ہلاک دہشتگرد سرائے عالمگیر میں بس پر حملے میں ملوث تھا جس میں 8 افراد ہلاک ہوئے تھے۔