گجرات کی خبریں 17/3/2016

Gujrat

Gujrat

گجرات (جی پی آئی) سپورٹس کے سلسلہ میں فاران گروپ آف ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ عظیم الشان تاریخی سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد اس سلسلہ کی کڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مینیجنگ ڈائریکٹر طارق جاوید چوہدری نے گزشتہ روز سالانہ سپورٹس فیسٹیول کے سلسلہ میں منعقدہ تقریبات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ فاران گروپ آف ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام سپورٹس فیسٹیول 20 مارچ تک جار ی رہے گا۔ جس میں گجرات ‘ گوجرانوالہ’ سیالکوٹ’ دیونہ منڈی’ جہلم’ بھمبر’ راولا کوٹ’ گوجر خاں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کھیلوں کا فروغ ہے اور اس سلسلہ میں ہر سال یہ تقریبات منعقد ہوتی ہیں۔ مہمان خصوصی ممتاز ماہر تعلیم پروفیسر محمد ریاض (زمیندار کالج) نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاران گروپ آف ٹیکنکل انسٹی ٹیوٹ جہاں پر نوجوان نسل کو ٹیکنیکل تربیت فراہم کر رہا ہے وہیں پر فزیکل ٹریننگ کا بھی اہتمام کر رہا ہے۔ پروفیسر چوہدری عبدالرزاق نے کہا کہ فاران گروپ آف ٹیکنکل انسٹی ٹیوٹ کے طلباء کی صلاحیتیں قابل تحسین ہیں۔ ہم انتظامیہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں ۔ ڈائریکٹر دی ایجوکیٹرز فاطمہ کیمپس لالہ موسیٰ چوہدری شیراز گل نے کہا کہ آج میں اس بات پر فخر محسوس کر رہا ہوں کہ مجھے فاران گروپ آف ٹیکنکل انسٹی ٹیوٹ کی اس تقریب میں شرکت کا موقع ملا ہے۔ بچوں نے کرکٹ’ فٹ بال’ کبڈی’ اور رسہ کشی کے شاندار مظاہرے کئے ہیں۔ ممتاز صحافی رانا عبدالسلام عارف نے کہا کہ جس قوم کے نوجوان میدان میں ہوں وہ قوم کبھی مات نہیں کھا سکتی۔ اور فاران گروپ آف ٹیکنکل انسٹی ٹیوٹ اس سلسلہ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس تقریب میں پورا دن طلباء نے مختلف مقابلہ جات میں حصہ لیا۔
………………………………………
گجرات (جی پی آئی) فاران گروپ آف ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام منعقدہ سپورٹس فیسٹیول 2016کے تیسرے دن کبڈی’ رسہ کشی اور فٹ بال کے شاندار مقابلے منعقد ہوئے۔ تیسرے روز کی تقریبات کا آغاز مینجنگ ڈائریکٹر طارق جاوید چوہدری نے کیا۔ مہمانان گرامی میں پروفیسر چوہدری محمد ریاض’ پروفیسر چوہدری عبدالرزاق’ چوہدری شیراز گل’ رانا عبدالسلام عارف’ چوہدری محمد زمان گورسی’ چوہدری عمر طارق’ عثمان طارق تھے۔ کبڈی کے میچوں میں بھمبر نے دیونہ منڈی کیمپس کو شکست دی’ جبکہ فٹ بال کے مقابلہ جات میں پہلے سیمی فائنل میں بھمبر نے دیونہ منڈی کو شکست دی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں گجرات نے جہلم کو شکست دی۔ رسہ کشی کا مقابلہ بھمبر نے جیتا۔ آج چوتھے روز بھی مختلف کھیلوں کے مقابلہ جات کا انعقاد کیا جائے گا۔
………………………………………
گجرات (جی پی آئی) ڈی پی او گجرات رائے ضمیر الحق نے کہا ہے کہ پولیس سے کرپشن کا خاتمہ اور عوامی مسائل کا حل میری اولین ترجیح ہے وہ گزشتہ روز روزنامہ دن بیورو آفس میں تاجر برادری اور صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں ابھی اپنے کام سے مطمئن نہیں ہوں۔ میں اس وقت مطمئن ہوں گا جب میرے دفتر میں سائلین میں کمی آئے گی۔ جب میں تعینات ہوا تھا تو روزانہ 100 سے 150 سائلین آتے تھے مگر اب ان کی تعداد 10 سے 15 رہ گئی ہے۔ تھانوں میں مسائل کے حل کے سلسلہ میں اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ عوامی مسائل کے حل کے سلسلہ میں صحافی برادری کا تعاون ضروری ہے۔ صحافی جب تک مسائل کی نشاندہی نہ کرے اس وقت تک عوامی مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے سلسلہ میں دن رات کام کر رہے ہیں۔ جب تک عوامی مسائل حل نہیں ہوں گے میرا مشن پورا نہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ میں روزنامہ دن بیورو آفس کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے یہاں دعوت دی ۔ میں بغیر کسی سیاسی پریشر کے کام کر رہا ہوں۔ اور لوگ مجھ پر اعتماد کرر ہے ہیں۔ جب تک ہم نے قربانیاں نہیں دینی یہ مملکت ترقی نہیں کر سکے گا۔ پاکستان کے استحکام کے سلسلہ میں دن رات قربانیاں دی جا رہی ہیں۔ ممتاز صحافی فیاض بٹ نے کہا کہ ہم ڈی پی او گجرات کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے آج اس دفتر میں آئے ہم نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کی نشاندہی کے سلسلہ میںکام کیا اور ڈی پی او گجرات کے شکر گزار ہیں کہ وہ ہماری نشاندہی پر کام بھی کرتے ہیں۔ ممتاز تاجر راہنما اسلم ٹوپہ نے کہا کہ رشوت اور کرپشن کے خاتمہ کے سلسلہ میں ڈی پی او گجرات کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ تاجربرادری ان کے کام سے مطمئن ہے۔ سینئر صحافی مقبول الٰہی بٹ نے کہا کہ احتساب بہت بڑا عمل ہے اور سب کا احتساب ہو گا ۔ صحافیوں کا احتساب سب سے کڑا ہو گا۔ اور ہم نے جو لکھنا ہے سوچ سمجھ کر لکھنا ہے اللہ کو ہم نے جواب بھی دینا ہے۔ ڈی پی او گجرات رائے ضمیر الحق کی کاوشیں بلا شبہ قابل تحسین ہیں۔ کیونکہ لوگوں کی عزتیں اب محفوظ ہیں موقع ملا تو انشاء اللہ ڈی پی او گجرات رائے ضمیر الحق کی کاوشوں پر ایک کتاب تحریر کروں گا۔
………………………………………
گجرات (جی پی آئی) ڈی پی او گجرات رائے ضمیر الحق کی روزنامہ دن بیورو آفس آمد کے موقع پر فیاض حسین بٹ’ میر انجم محمود گیلانی’ زاہد محمود’ شفقت علی’ مقبول الٰہی بٹ’ قنبر اعجاز شاہ’ سید عاصم علی شاہ’ رانا شہزاد’ حکیم سعید’ منور بٹ’ مرزا خرم’ بھولا بٹ’ منشائ’ مدثر بٹ’ جنید’ محمد اسلم ٹوپہ’ مرزا منیر’ گل شیر’ ذوالفقار علی خاں’ مرزا علی انجم چاند’ شیخ احمد سفید’ محمد نجم’ مرزا اعجاز ‘ مرزا شہزاد’ شفقت علی’ چوہدری عمران وڑائچ’ شفیق ‘ فیاض نے استقبال کیا۔
…………………………
گجرات (جی پی آئی) استحکام مدارس واستحکام پاکستان کانفرنس کی کامیا بی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں وفاق المدارس کے زیر اہتمام 3 اپریل کو لاہور میں منعقد ہونے والی کانفرنس مستقبل کے خطوط واضح کرے گی عالمی سطح پر مدارس دینیہ کے کردار کو اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہو گی ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام گجرا ت کے ضلعی سرپرست اور وفاق المدارس العربیہ کے قائم مقام مسئول پیر طریقت مفتی جمیل الرحمٰن نے استحکام مدارس واستحکام پاکستان کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا مولانا مفتی جمیل الرحمٰن نے کہا کہ کانفرنس کی افادیت اور اہمیت کے پیش نظر علماء آئمہ اور خطباء متحرک کردار اد اکر کے عوام کی شرکت کو یقینی بنائیں خصوصا مدارس میں زیر تعلیم بچوں اور بچیوں کے سرپرست حضرات کی شرکت کی بھر پور جدوجہد کی جائے عوام اور اخبارات سے روابط بڑھائے جائیں انہوں نے کہا کہ کانفرنس کی کامیابی مدارس کے کردار کی اہمیت کو واضح کرے گی اسلام دشمن قوتیں مدارس کے خلاف منفی پراپیگنڈاکررہی ہیں ہمیں مدارس کے دفاع میں اسلام کے وکیل کاکردار اداکرناہے
۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ڈی سی ا و لیاقت علی چٹھہ نے ڈی پی او رائے ضمیر الحق کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل گجرات کا دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات اور قیدیوں کو فراہم کی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا ، ڈی او سی احمد رضا سراء بھی انکے ہمراہ تھے۔ڈی سی ا و لیاقت علی چٹھہ اور ڈی پی او رائے ضمیر الحق نے دورہ ڈسٹرکٹ جیل کے موقع پر جیل ہسپتال کا معائنہ کیا اور زیر علاج قیدیوں کو فراہم کی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوںنے جیل کچن کے دورہ کے موقع پر قیدیوں کے لئے تیار کئے جانیوالے کھانے کا معائنہ کیا اور لیڈیز بارک میں خواتین قیدیوں سے انکے مسائل دریافت کئے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ اور ڈی پی او رائے ضمیر الحق نے نوعمر قیدیوں کی بارک کے دورہ کے موقع پر ان قیدیوں کی تعلیم و تربیت کے لئے قائم لٹریسی سنٹر بھی گئے اور وہاں فراہم کی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا۔ دونوں افسران نے دیگر بیرکوں کا بھی دورہ کیا اور قیدیوں سے جیل میں فراہم کی جانیوالی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ ڈی سی ا و لیاقت علی چٹھہ نے ڈی پی او رائے ضمیر الحق نے جیل کے دورہ کے موقع پر قیدیوں کی سکیورٹی کے لئے انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور انہیں مزید بہتر بنانے کے لئے کی ہدایت کی۔ اس سے قبل جیل آمد پر چاک و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی جبکہ سپرنٹنڈنٹ جیل منصور اکبر نے انہیں تفصیلی بریفنگ دی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) اے ڈی سی /سپیشل پرائس مجسٹریٹ عرفان علی کاٹھیا نے گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران اشیائے خورد و نوش کے زائد نرخ وصول کرنے پر ایک ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرادیا جبکہ 3گرانفروشوںپر 4800روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کی ہدایت کریک ڈائون کے دوران اے ڈی سی نے مختلف علاقوںمیں اچانک پرائس چیکنگ کی اس دوران دودھ مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کرنے پر رفاقت کے خلاف تھانہ سول لائنز میں مقدمہ درج کرادیا جبکہ گرانفروشی ثابت ہونے پر رفیق، اشفاق اور امین پر جرمانہ عائد کر دیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ایڈمنسٹریٹر ضلعی حکومت/ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ضلع بھر کی ریونیو حدودمیں دفعہ 144نافذ کرتے ہوئے شاہراہوں ، بازاروں میں ہر طرح کی پختہ و عارضی تجاوزات قائم کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس ، ٹی ایم ایز اور دیگر محکموںکے افسران کو ہدایت کی ہے کہ اس حکم نامہ پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) تعلیم کااصل مقصد سماجی و معاشرتی سطح پر مثبت تبدیلیوں کو روشناس کروانا ہے۔ تعلیم دورِ حاضر میں قوموں کی ترقی کا جزو لاینفک ہے۔ جامعہ گجرات اپنی بہترین تعلیمی کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملکی فلاح و بہبود اور سماجی و معاشرتی شعور کی ترقی و ترویج کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ جامعہ گجرات مختلف شعبہ جات میں جاری ریسرچ کے نتائج کو ملکی معیشت کے لیے بار آور بنانے کے سلسلہ میں مقامی انڈسٹری کے ساتھ ایک مستحکم رابطہ استوار کیے ہوئے ہے۔ جامعہ گجرات اپنی وسیع تر ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے اور سماجی ترقی کی راہوں کو روشن بنانے کے لیے کچھ ایسے منصوبہ جات کا اجراء کرنے میں کامیاب ہوئی ہے جو مستقبل قریب میں معاشرتی وسماجی ترقی کا بہترین پیش خیمہ ثابت ہونگے۔ تعلیمی ترقی کے لیے حکومت پنجاب کے اقدامات لائق صد تحسین ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر جامعہ گجرات پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے پنجاب مینجمنٹ سروسز کے زیر تربیت افسران کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ یہ تمام افسران اپنے ایک تربیتی دورہ کے سلسلہ میں جامعہ گجرات کے دورہ پر آئے ہوئے تھے۔ ان افسران کا تعلق پنجاب سول سیکرٹریٹ میں سیکشن افسران اور پنجاب کی ضلعی حکومت میں خدمات سرانجام دینے والے اسسٹنٹ کمشنران کی کیٹگری سے تھا۔ ان افسران میں رانا محمد جمیل، رونق قیصر، اختر حسین بخاری، شکیل احمد، سلیم حفیظ بٹ، افتخار حسین بلوچ ، وقار حسین، جمشید اقبال، محمد افتخار، مختار احمد وڑائچ، محمد اکرام، محمد افضل اور انسٹرکٹر مبشر علی شامل تھے۔ جامعہ گجرات آمد پر ڈائریکٹرSSCمحمد یعقوب اور انکی ٹیم نے افسران کے اس وفد کا استقبال کیا اور انہیں جامعہ گجرات کے مختلف شعبہ جات بشمول قائد اعظم لائبریری کا تفصیلی دورہ کروایا۔ بعد ازاں ان تمام افسران کو جامعہ گجرات کی کارکردگی اور ورکنگ بارے ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈائریکٹرSSCمحمد یعقوب نے جامعہ گجرات میں جاری مختلف علمی و تحقیقی سرگرمیوں اور مختلف شعبہ جات کے بارے میں انہیں تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ گجرات نے اپنے قیام کے مختصر عرصہ میں اپنی انتظامیہ و اساتذہ کی شبانہ روز کاوشوں سے ملکی جامعات میں اپنا ایک مقام بنانے کی کوشش کی ہے۔ مینجرORICشہزادہ بابر نے وفد کے اراکین کوORICکے تحت جاری مختلف تحقیقی، سماجی اور معاشرتی ترقی کے پروگراموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ایڈمنسٹریٹر ضلعی حکومت/ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے علامہ خادم حسین رضوی اور علامہ آصف اشرف جلالی کے ضلع گجرات کی حدود میں داخلے پر پابندی اور زبان بندی کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ دونوں علما کے حوالے سے احکامات سکیورٹی اداروں کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری کئے گئے ہیں جو فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے ، اس ضمن میں باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ڈی سی او نے اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس افسران اور تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ اس ضمن میں احکامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے جبکہ احکامات کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ایڈز ایک موذی مرض ہے اور اس سے بچائو کا واحد طریقہ عوام الناس میں صفائی کے شعور کو پھیلانا اور انہیں حفاظتی تدابیر سے آگاہ کرنا ہے۔ جراثیم سے آلودہ سرنج، انتقالِ خون اور آلودہ آلات و اوزار کا استعمال ایڈز انفیکشن کا باعث بنتے ہیں۔ تحقیق کے مطابق عام آبادی میں ایڈز وائرس نہ ہونے کے برابر ہے مگر معاشرہ کے کچھ خاص گروہ اس فوری بیماری سے بُری طر ح متأثر ہیں۔ اس وقت پنجاب بھر میں ایڈز کے 9454مریض دریافت ہوئے ہیں جن میں سے1475مریضوں کا تعلق ضلع گجرات سے ہے۔ حکومت پنجاب نے اس موذی مرض پر قابو پانے کے لیے2003ء میں ورلڈ بنک کے مالی تعاون سے پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام شروع کیا تھا۔ مجھے خوشی ہے کہ جامعہ گجرات کا نواز شریف میڈیکل کالج اپنے کمیونٹی ہیلتھ پروگرام کے ذریعے ایڈز کے مریضوں کے علاج کے لیے قابل قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام فیصل مجید نے جامعہ گجرات اور محکمہ صحت حکومت پنجاب کے اشتراک سےNSMCمیں منعقدہ ایڈز بارے آگاہی سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سیمینار میںNSMCکے مختلف شعبہ جات کے طلبا و طالبات اور اساتذہ نے بھرپور شرکت کی۔ قائمقام پرنسپلNSMCپروفیسر ڈاکٹر محمد عتیق نے کہا کہ نواز شریف میڈیکل کالج طب کے طلبہ کو اعلیٰ زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرہ کی عمومی صحت کے لیے بھی قابل قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ طلبہ کسی بھی ادارہ کا اعزاز اور معاشرتی سفیر کا فریضہ سر انجام دیتے ہیں۔ صحت کسی بھی معاشرہ کے استحکام کا اوّلین زینہ ہے اور ہم عوام میں صفائی و پرہیز کے شعور کو عام کرکے کئی بیماریوں سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں۔ DHOگجرات ڈاکٹر اکرم جنجوعہ نے کہا کہ ایڈز انسانی جسم میں قوت مدافعت کو ختم کرتے ہوئے اسے مفلوج کرکے رکھ دیتا ہے۔ پرہیز علاج سے بہتر ہے کے مصداق ہم مختلف احتیاطی تدابیر پر عمل پیراہو کر ایڈز جیسے موذی مرض سے دور رہنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ ڈاکٹر محمودہ آفتاب نے طلبا و طالبات کی آگاہی کے لیے مختلف سوالات کے ذریعے انہیںایڈز بارے علمی آگاہی سے روشناس کیا۔ NSMCکی سینیئر فیکلٹی ممبر ڈاکٹر شاہدہ حسین نے سیمینار کے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ایڈز کی بیماری ہمارے معاشرہ میں تشویش کا سبب بنی ہوئی ہے۔ ضلع گجرات کے کچھ علاقے اس بیماری کی لپیٹ میں آئے ہوئے ہیں۔ یہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم معاشرہ میں صحت و صفائی کے شعور کی آگاہی پھیلانے میں ہر اوّل دستہ کا کردارادا کریں۔ سیمینار کے اختتام پر پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کا آگاہی لٹریچر شرکاء میں تقسیم کیا۔ علاوہ ازیں اس سیمینار کے مقررین کو شیلڈز سے بھی نوازا گیا۔
۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقہ میں بلاتفریق ترقیاتی کام اوّلین ترجیح ہے عوام کو پینے کا صاف پانی بلاتفریق اور بلا تعطل فراہم کیا جا رہا ہے یہ تمام کام اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر صادق راہی کی زیر سرپرستی ہو رہے ہیں جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران خان کی شبانہ روز محنت کا ثمر ہیں ان خیالات کا اظہار راہنما PTI وائس پریذیڈنٹ کنٹونمنٹ بورڈ کھاریاں مسعود چوہان اور ممبر کنٹونمنٹ بورڈ ہارون بھٹی نے مشترکہ طور پر گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ علاقہ کے مسائل حل کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جا رہی واٹر فلٹریشن پلانٹس کام کر رہے ہیں جبکہ ان علاقوں میں تعمیراتی کام بھی جاری ہیں عوام نے ووٹ لے کر ہمیں منتخب کیا ہے خدمت کا بدلہ چکائیں گے اور کنٹونمنٹ بورڈ کھاریاں کو ہر لحاظ سے مثالی اور منفرد بنانے میں تمام صلاحیتیں بھی بروئے کار لائیں گے۔
۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) کھاریاں کالج آف کامرس طلباء و طالبات کی تعلیم و تربیت کے لئے بھرپور عمل کردار ادا کر رہا ہے یہاں پر خدمت سرانجام دینے والے اساتذہ کرام اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار ہونے کے ساتھ اپنے شعبہ سے مکمل طور پر مخلص بھی ہیں ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر ادارہ پروفیسر انصر محمود راجہ نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اداروں میں طلباء و طالبات کو کامیاب عملی زندگی گزارنے کی بھی خصوصی تربیت دی جاتی ہے نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں پر بھی خصوصی فوکس ہے طلباء و طالبات کو غیر نصابی سرگرمیوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا بھی مکمل موقع فراہم کیا جاتا ہے اور ان کی حوصلہ افزائی بھی کی جاتی ہے ہم یہاں پر دینی اور دنیاوی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیم و تربیت کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں(جی پی آئی)جماعت اسلامی کے زیراہتمام کرپشن فری پاکستان مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا اس موقع پر صدر بار ایسوسی ایشن کھاریاں چوہدری خالد حسین ایڈووکیٹ ،محمد لطیف لنگڑیال ایڈووکیٹ سابق صدر چیئرمین فری لیگل کمیٹی تحصیل کھاریاں ،مرزا محمد نواز ایڈووکیٹ سابق صدر ،چوہدری محمد اقبال پسوال ایڈووکیٹ سابق صدر ،چوہدری بشارت احمد ایڈووکیٹ سابق صدر ،چوہدری شبیر احمد ایڈووکیٹ سابق صدر ،چوہدری محمد اسماعیل ایڈووکیٹ سابق صدر ،مرزا محمد اسلم ایڈووکیٹ سابق صدر ،چوہدری اشفاق احمد ایڈووکیٹ سابق صدر ،چوہدری ضیااحمد ایڈووکیٹ سابق سیکرٹری ،سید ضیا اللہ شاہ ایڈووکیٹ ،چوہدری امجد شہباز خان ایڈووکیٹ ،شیخ محمد اصغر ایڈووکیٹ ودیگر وکلاء نے کرپشن فری مہم کے حوالے سے دستخطی مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سید ضیاء اللہ شاہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی نے سراج الحق کی قیادت میں ملک بھر کی طرح کھاریاں میں کرپشن فری مہم کا باقاعدہ آغاز کھاریاں بار سے کیا ہے ہم ملک کو کرپشن لوٹ مار اور بدعنوانی سے پاک ملک دیکھنا چاہتے ہیں پاکستان کو کرپشن سے پاک کرنے کے لئے وکلائ، تاجر، ڈاکٹر اور ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد مہم میں حصہ لیں اور جہاں کوئی افسر کرپشن میں ملوث ہو اسے بے نقاب کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔
کھاریاں(جی پی آئی)کھاریاں پریس کلب کے جنرل سیکرٹری آفتاب احمد نذر کے جواں سال بھتیجا عامر شبیر طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ مرحوم کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں ان کے آبائی گائوں مراڑیاں تحصیل کھاریاں میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں سابق ایم پی اے چوہدری عرفان الدین، چوہدری محمد اصغر، صدر کھاریاں پریس کلب حاجی عبدالرئوف، عبدالعزیز گوندل، اعجاز مرزا، حافظ محمد عمران خلجی، نیئر صدیقی سمیت معززین علاقہ اور صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ان کے ایصال ثواب کیلئے قل شریف کا ختم کل بروز ہفتہ صبح 9بجے جامع مسجد مراڑیاں میں ادا کیا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) عوامی خدمت کے لئے ہمارے دروازے 24 گھنٹے کھلے ہیں عوام کی خدمت کے لئے کوئی عہدہ ہونا ضروری نہیں خدمت ہی ہماری زندگی کا مشن ہے ان خیالات کا اظہار نوجوان سیاسی و سماجی کاروباری شخصیت چوہدری نبیل پیارا سابق امیدوار کونسلر یوسی بدر مرجان نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر سب ملکر ایمانداری سے محنت کریں تو پاکستان بہت جلد دنیا کے ترقیافتہ ممالک کی صف میں نمایاں پوزیشن پر کھڑا ہو سکتا ہے ہر دور کے حکمرانوں نے اپنی تجوریاں تو بھریں مگر ملک و قوم کے لئے کچھ نہ کیا۔ عوام ووٹ دیتے ہوئے ضمیر کی آواز پر لبیک کہیں اور مخلص قیادت منتخب کرلیں تو ملک ترقی کی منازل طے کر سکتا ہے ہم عوامی خدمت کا جذبہ لے کر میدان میں آئے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے دروازے یونین کونسل بدرمرجان کے عوام کے لئے ہر وقت کھلے ہیں۔
۔۔۔
کھاریاں (جی پی آئی) ترجمان ڈیرہ چوہدری عبدالمالک کوٹلہ چوہدری شفیق لنگڑیال نے کہا ہے کہ ایم این اے چوہدری عابد رضا کوٹلہ ایم پی اے، چوہدری شبیر احمد کوٹلہ امیدوار ضلعی چیئرمین چوہدری محمد علی تنویر اور چوہدری آصف رضا 24 گھنٹے علاقہ کی تعمیر و ترقی اور عوام کی بے لوث، بلاتفریق خدمت میں مصروف عمل ہیں3سالہ دور اِن کی عملی خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہے حلقہ این اے 107 میں اربوں روپے کے منصوبہ جات تعلیم، صحت، مواصلات کی بہتری کے لئے لازوال اور تاریخ ساز کارنامے سرانجام دے رہے ہیں جبکہ ایم پی اے چوہدری شبیر اور امیدوار ضلعی چیئرمین چوہدری محمد علی تنویر اپنی اپنی سطح پر عوامی خدمت میں مصروف عمل ہیں اور کوئی کسر باقی نہیں چھوڑ رہے چوہدری آصف رضا ڈیرہ پر مصروف رہتے ہیں علاقہ میں امن و امان کا قیام اور بیروزگاری کا خاتمہ انہی کا مرہون منت ہے ڈیرہ کوٹلہ عملی طور پر پبلک سیکرٹریٹ بن چکا ہے جہاںسے عوام کے اجتماعی اور انفرادی مسائل بلاتفریق حل ہو رہے ہیں انشاء اللہ یہ سلسلہ آئندہ بھی اسی طرح جاری رہے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی) بہترین ایمانداری سے کام کرنے والاتاجرقیامت کے دن نبیوںاورصدیقین کے ساتھ اٹھے گا۔تجارت میںایمانداری ہی اسکی بنیادی کائی ہے۔ہم نے ایمانداری اورکوالٹی پرکبھی سمجھوتہ نہیںکیا۔اس کی وجہ سے ہی رب کریم کاروباراورآمدنی میںوسعت عطاء کررہا ہے۔ان خیالات کا اظہارکرنل (ر)وقار انورشیخ نے انوربرادرزکی جی ٹی روڈبرانچ میںکسٹمرزمیںقرعہ اندازی کے ذریعے قیمتی انعامات کی تقسیم کے موقع پر کیا۔اس موقع پرمسلم لیگی رہنمامحمداعجازپارس،چوہدری فیروزاحمد چیمہ آف ویروکی،حافظ عمرفاروق،ڈاکٹر سیدرضا سلطان،عبد الوحید ودیگرمعززین بھی موجودتھے۔کرنل (ر)وقار انورشیخ نے کہا کہ کسٹمرزکوانعامات کی شکل میںریٹرن دیکروزیرآبادکی تجارت میںنئی جہت متعارف کروارہے ہیں اورہر سال اس سکیم سے کسٹمرزمستفید ہوتے رہیںگے۔کوالٹی اورمعیارپرنہ سمجھوتہ کیااورنہ ہی آئندہ کرینگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی) چیئرمین دارارقم کالجزعلی رضا نے کہا ہے کہ تعلیم سے وابستہ لوگ ملک وقوم کی ترقی کے ضامن ہیں۔بچوںکوتعلیم کے ساتھ اچھی تربیت کے لئے معیاری اداروںکاانتخاب ضروری ہے۔دارارقم سکولزمستقبل کی بھا گ دوڑسنبھالنے والی نئی نسل کوجدیدسائنسی علوم کے ساتھ ساتھ قرآن وحدیث کے علم سے بہرہ مندکرکے صحیح خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ہمیںمسلمان سائنسدان ،انجنیئر،ڈاکٹراورشہری پیداکرنے ہونگے۔جدید تعلیم حاصل کئے بغیرترقی یافتہ قوموںکامقابلہ ممکن نہیں۔وہ عمرمیرج ہال میںدارارقم سکولزکی تقریب تقسیم انعامات کے موقع پرخطاب کررہے تھے۔اس موقع پرحاجی محمداشفاق وڑائچ،صابر حسین بٹ،افتخاراحمدبٹ،محمداکرم سنڈل،تنویر عالم،محمدسجاد مدنی،شہزاداحمد،سید تائیدمنظور،مرزامحمدفاروق،لکی بٹ،حافظ محمدشفیق،محمدفیاض، محمدالیاس سمیت متعدد ذمہ داران موجودتھے۔انہوںنے کہا کہ قرآنی علوم اورجدیداسلوب کے باہمی امتزاج نسل نوکوعصری تقاضوںسے ہم آہنگ کیا جسکتا ہے۔نظریاتی طورپرمضبوط قوم ہی ملک وقوم کے محفوظ مستقبل کی ضامن ہے کوشش کرینگے کہ معاشرے باشعوراورجدیدعصری تقاضوںسے ہم آہنگ قیادت فراہم کرسکیں۔بچوں نے ملی نغمے،ٹیبلو پیش کئے۔تقریب کے اختتام پرمہمانان خصوصی نے پوزیشن ہولڈرزمیںانعامات تقسیم کئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ خادم اعلیٰ پنجاب نے ترقیاتی کاموںکے جس طرح تحصیل وزیرآبادکونوازاہے اس کی پورے ڈویژن میںمثال نہیںملتی۔سما ل انڈسٹری کاتحفہ کاروباری حلقوںکے لئے حکومت پنجاب کابہترین تحفہ ہے۔این اے101میںشیرکی کامیابی پاکستان کے نظریہ کی کامیابی ہوگی۔انشاء اللہ 22مارچ کووزیرآبادکے غیورعوام استحکام پاکستان کے لئے مسلم لیگ (ن)کے نشان شیرپرمہرلگاکرموروثی سیا ست کاخاتمہ کردینگے۔وہ شیخ عامر ممتازاورملک محمدیوسف چاند کی طرف سے دئے گئے عشائیہ سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پرمسلم لیگ (ن)کے امیدوارقو می اسمبلی این اے101 جسٹس(ر)افتخاراحمدچیمہ،ایم پی ایزشوکت منظورچیمہ،محمداکرام،مستنصر علی گوندل،ملک محمدیوسف چاند،شیخ عامر ممتاز،شیخ قیصر گل،شیخ ناصر،شیخ اظہر،شیخ احسن،محمداعجازپارس،عمران رسول بٹ اورڈاکٹر قمرخطاب کررہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی) سابق آئی جی پنجاب پولیس قاضی ذوالفقارعلی قریشی کی اہلیہ مختصر علا لت کے بعدانتقال کرگئیں۔نمازجنازہ مورخہ18مارچ بروزجمعتہ المبارک دن11بجے پیرمٹھا قبرستان میںاداکی جائے گی۔مرحومہ کے قل شریف کاختم مورخہ19مارچ بروزاتوارصبح11بجے انکی رہا ئشگاہ بھٹی وزیرآبادمیںہوگا۔جسمیںمرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اوراجتما عی دعا ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد(جی پی آئی) ذاتی رنجشیںاختلافات قومی مفادکے سامنے کوئی حیثیت نہیںرکھتے ۔ووٹ کی طاقت مسلم لیگ (ن)کے پلڑے میںڈال کرپاکستان کے استحکام کومضبوط کرینگے۔22مارچ کادن دونظریوںاورسوچ کے حامی افرادکے درمیان معرکہ ہے۔انشاء اللہ قو می نظریہ کی حامل خالق جماعت مسلم لیگ (ن)کوبھاری اکثریت سے کامیاب کروائیںگے۔ان خیالات چاند مہر نے ڈیرہ مہراںپرمشیروزیراعلیٰ پنجاب انچارج شعبہ شکایات عائشہ صغریٰ اورایم این اے شازیہ فرید کی موجودگی میںاپنے ساتھیوںسمیت مسلم لیگ (ن)میںشمولیت کے موقع پرکیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ضلعی جنرل سیکرٹریبابو عامر رضا بٹ،ارشدمہر،طاہر یعقوب وڑائچ،سیدتوقیر عباس شاہ مہدپوری،پرویزاحمد،چوہدری عمران،فیصل منیر،افضال گل،عدیل بٹ،سلیمان سلیم ودیگربھی موجودتھے۔عامر بٹ نے کہا کہ مہربرادران سما جی ورکر ہیںمہرچاند نے مسلم لیگ (ن)میںشمولیت اختیارکرکے (ن)لیگ کے ورکروںکے حوصلے بلندکئے 22مارچ کوشیرکے نشان پرمہرلگا کرمسلم لیگی امیدوارقو می اسمبلی این اے101جسٹس(ر)افتخاراحمدچیمہ کوکامیاب کرائینگے۔
۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) آرٹس کونسل کی جانب سے بچوں کیلئے دکھائے جانے والے سٹیج ڈرامہ عینک والا جن کے 7 برس مکمل ہونے پر فنکاروں کو ایوارڈ دینے کی تقریب ورلڈ چلڈرن تھیٹر ڈے یعنی 20 مارچ کو الحمرا ہال نمبر 2 مال روڈ میں منعقد ہوگی۔ تقریب میں کمشنر لاہور عبداللہ سنبل ، عطاالحق قاسمی ، ایگزیکٹو ڈائریکٹرلاہور آرٹس کونسل کیپٹن (ر)عطا محمد خان، ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر)محمد عثمان،ڈاکٹر محمد اسلم ڈوگر، حفیظ طاہر ، مسعود اختر، شبنم مجید کے علاوہ نامور فنکار اور افسران فنکاروں کو ایوارڈ دیں گے۔اس موقع پر 23 مارچ کے حوالے سے خصوصی خاکہ بھی پیش کیا جائے گا۔ جن فنکاروں کو ایوارڈ دیے جائیں گے ان میں حسیب پاشا، منا لاہوری ، کاظم امام ، نادر سلطان، جویریہ خان، جمال پاشا، حمزہ غیور اختر، فریحہ قمر، زویا خان، آفتاب انصاری، عروج فاطمہ، ذوالفقار علی زلفی، نثار بٹ، شہزاد قیصراور نصرت آرا کے علاوہ دیگر فنکار شامل ہیں۔ واضح رہے کے ٹی وی سیریل عینک والا جن کے مشہور اداکار زکوٹا جن، حامون جادودگر اور دیگر بھوت پریاں گزشتہ 7 برس سے الحمرا میں بچوں کیلئے مزاحیہ ، اصلاحی ، میوزیکل جادوئی ڈرامہ ہر اتوار کو مفت دکھاتے ہیں ۔جسے فیملیز اور بچوں کی بڑی تعداد بہت شوق سے دیکھنے آتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ کسانوں کیلئے نوازشریف نے جس پیکیج کا اعلان کیا تھا وہ بہت کم تھا اور وہ بھی کسانوں تک پہنچنے سے پہلے ہی پٹواریوں کی نذر ہو گیا، کسانوں کا نقصان پورا نہیں ہوا اور اگر کسی کو اتنی دیر بعد کچھ ملا بھی تو وہ نہ ہونے کے برابر۔ چودھری پرویزالٰہی اوکاڑہ میں سردار شیرافگن کی رہائش گاہ پر پارٹی رہنمائوں سے گفتگو کے بعد میڈیا کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ اس موقع پر سردار شیرافگن کے صاحبزادے پنجاب اسمبلی کے سابق امیدوار سردار شہریار بھی موجود تھے۔ کسانوں کو درپیش مشکلات و مسائل کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی کسانوں سے ہمدردی صرف نعروں اور پراپیگنڈہ کی حد تک ہے ان کے دور میں ہمیشہ کسانوں کے مسائل، پریشانیوں اور مالی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے جبکہ ہم نے اپنے 5 سالہ دور حکومت میں کسانوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے، انہیں بہت زیادہ مراعات اور سہولتیں دیں جبکہ محنت کشوں اور غریبوں سمیت عوام کیلئے جو کیا وہ ایک مثال اور ریکارڈ ہے۔ ایک صحافی کی جانب سے ہسپتالوں اور سکولوں کی حالت زار کے بارے میں توجہ دلانے پر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ یہ اضلاع کے ترقیاتی فنڈز کے علاوہ صحت اور تعلیم کے شعبوں کے خصوصی فنڈز بھی اورنج لائن جیسے نمائشی منصوبہ پر خرچ کر رہے ہیں اسی لیے ہسپتالوں میں دوائی نہیں مل رہی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں لازمی سہولتیں بھی میسر نہیں۔ امن و امان کی خراب صورتحال سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے دور میں نوکریوں کی بجائے ڈکیتیاں مل رہی ہیں اور خودکشیاں دن بدن بڑھ رہی ہیں، ڈاکوئوں، رہزنوں اور چوروں کو کھلی چھٹی ہے، ہمارے دور کی نسبت جرائم میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔#
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی پیر اعجا ز احمد ہاشمی نے سابق فوجی آمر جنرل پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کو توڑنے والے کا عدالتی ٹرائیل ہونا ضروری ہے۔ حکومت بزدلی کا مظاہرہ نہ کرے۔ میڈیا سے گفتگو میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ حکومتی نمائندوں کے سپریم کورٹ کی سماعت کے دوران موقف مسلم لیگ (ن )کی بزدلی کا اظہار ہے کہ وہ انتظامی آرڈر پر جمہوریت پر شب خون مارنے والے کو ای سی ایل میں نہیں ڈالنا چاہتے۔ اور عدالت نے سرزنش بھی کی ہے کہ حکومت عدالتی فیصلے کو ڈھال بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت دشمن عناصر کو سخت پیغام جانا چاہیے اور جنرل مشرف کا ٹرائیل ہونا چاہیے تاکہ آئین پر عملدر آمد کیا جاسکے۔ ان کا کہنا تھاکہ سابق فوجی آمر کو سزا نہ ہوئی تو آئندہ مارشل لاوں کا راستہ نہیں روکا جاسکے گا۔ اس کے لئے تمام جمہوری قوتوں کو حکومت کا ساتھ دینا ہوگا۔ پیر اعجاز ہاشمی نے عسکری اداروں سے بھی اپیل کی کہ انہیں جنرل مشرف کے ٹرائیل میں رکاوٹ کا تاثر دور کرنا چاہیے۔ تاکہ آئین پاکستان اور پارلیمنٹ کی بالادستی کو برقرار رکھا جاسکے، جس کااظہار فوجی قیادت کی طرف سے واقعی کیا جارہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی)ملی یکجہتی کونسل کی مجلس عاملہ کا اجلاس کل (19۔ مارچ،ہفتہ )کو جامعتہ المنتظر لاہور میںوفاق المدارس الشیعہ پاکستا ن کی میزبانی میں منعقد ہوگا۔ جس کی صدار ت صاحبزادہ ابوالخیر زبیر کریں گے جبکہ آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی،اسلامی تحریک کے سربراہ قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی، علامہ نیاز حسین نقوی، علامہ محمد افضل حیدری، لیاقت بلوچ، صاحبزادہ پیر ہارون علی گیلانی،پیر عبدالرحیم نقشبندی،صاحبزادہ سلطان احمد علی اور دیگرجماعتوں کے قائدین شریک ہوں گے۔ جس میں نظام مصطفی کانفرنس، سیکولرازم کے خلاف اقدامات ، مساجداورمدارس کے خلاف حکومتی اقدامات کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سیدسبطین حیدر سبزواری نے وفاقی اور بلوچستان حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ عراق اور ایران کے مقدس مقامات کی زیارت کے بعد تفتان بارڈر پر پھنسے زائرین کی گھروںکو واپسی کے لئے فی الفورانتظامات کئے جائیں۔ شیعہ علما کونسل بلوچستان کے جنرل سیکرٹری لیاقت ہزار ہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ اتنی تعداد میں زائرین کو بارڈر پر رکھنا اور پھر کانوائے کی شکل میں کوئٹہ لانے سے سکیورٹی خدشات زیادہ ہوسکتے ہیں۔ حکومت مستقل بنیادوں پر اس مسئلے کو حل کرے، اس کے لئے دن مخصوص کردیے جائیں تاکہ اسی شیڈول کے مطابق زائرین کوئٹہ سے تفتان جانے اور واپسی کا پروگرام بناسکیں۔ یہ تجویز زائرین اور خود حکومت کے لئے بھی سہولت کا باعث ہوگی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور گورنر رفیق رجوانہ سے بھی اپیل کی ہے کہ زائرین میں پنجاب سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں، انہیں بھی واپسی کے لئے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے بلوچستان حکومت سے رابطہ کرنا چاہیے۔ ورنہ راست اقدام کے لئے قائد ملت اسلامیہ علامہ ساجد علی نقوی کی ہدایت پر عمل کیا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی)جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہل سنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے پشاور میں مسافر بس بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پر تنقید کرنے والوں کی آنکھیں کھل جانی چاہیں ۔ دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ میں مزید قربانیاں دینا ہوں گی مگر آخر کار تخریب کاروں کو شکست ہی ہوگی۔جے یو پی خیبر پختونخواہ کے صدر سبطین گیلانی سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے پیر معصوم نقوی نے کہا کہ فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دہشت گردی کے خلاف اقدامات موثر ثابت ہوئے ہیں، اس کے لئے حکومت کو بھی نیک نیتی سے کام کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اوربدامنی کے خاتمے کے لئے پالیسیوں کے ساتھ مائنڈ سیٹ بھی تبدیلی کرنا ہوگا۔ ماضی میں افغانستان کی جنگ میں جہاد کی نجکاری سے جو مسائل پیدا ہوئے اس کا خمیازہ قوم اب تک بھگت رہی ہے۔نجی جہادی گروہوں کو پالا گیا ۔ جنہوں نے فتویٰ ساز فیکٹریاں تیار کیں اور کفر اور شرک کے نعرے لگا کر معاشرے میں نفرت کے بیج بوئے۔ وہ خود بھی اس میں جلے اور ملک میں ابھی تک آگ لگی ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فوج کو نیشنل ایکشن پلان کے نفاذ میں فری ہینڈ دینے سے ہی مسائل حل ہوں گے اور دہشت گردی کا خاتمہ ہوگا۔ ایسا ممکن نہیں کہ حکومت دہشت گردکالعدم گروہوں سے دوستی بھی رکھے اور دہشت گردی اور تکفیریت کا خاتمہ بھی ہو۔ اس کے لئے انہیں اپنی پالیسی تبدیل کرنا ہوگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی)والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کی ترجمان تانیہ قریشی نے کہا ہے کہ تھیٹر فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو سامنے لانا ہے۔ اس قسم کی تقریبات نہ صرف پرامن معاشرے کے قیام میں مثبت پیش رفت ہیں بلکہ سیاحت کو بھی فروغ دیتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز حضوری باغ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر مارکیٹنگ آصف ظہیر بھی موجود تھے۔ان کا کہنا تھا کہ شاہی قلعہ اور بادشاہی مسجد جیسی تاریخی یادگاریں ہمارا ورثہ ہیں جہاں آہستہ آہستہ سیاحوں اور لوگوں نے آنا کم کر دیا تھا۔ہم نے یہاں تھیٹر فیسٹیول کا انعقاد بھی اسی لئے کیا ہے تاکہ یہاں لوگ آئیں اور اپنے تاریخی ورثے کو دیکھیں۔واضح رہے کہ مذکورہ فیسٹیول 18مارچ سے 20مارچ تک جاری رہے گا۔اسی سلسلے میں مذکورہ فیسٹیول کے لئے کوئی انٹری ٹکٹ نہیں رکھی گئی بلکہ والڈ سٹی اتھارٹی کی جانب سے اس ایونٹ کا انعقاد فری انٹری پاسز کے ذریعے کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے ہم نے اس فیسٹیول کی تشہیر کی تھی اور دو روز میں ہی 1000 پاسز لوگوں تک پہنچ چکے ہیں۔ فیسٹیول کی پورے شہر میں دھوم مچی رہی ،لوگ پاکستان اور انڈیا کا میچ چھوڑ کر فیسٹیول کے پاسز حاصل کرنے آتے رہے۔ان کا کہنا تھا کہ 3روز جاری رہنے والے اس فیسٹیول میں آنے والے لوگوں کی سیکورٹی کے لئے بھی بندوبست کیا گیا ہے جس کے لئے مقامی پولیس سٹیشن اور سی سی پی او لاہور کی جانب سے بھی بھرپور تعاون کیا جا رہا ہے۔تھیٹر فیسٹیول کے اختتام پر بہترین پرفارمنس دکھانے والی ٹیمز کو چُن کر شاہی قلعہ کے وہ حصے جہاں لوگوں نے جانا چھوڑ دیا ہے وہاں ہر ماہ اس قسم کی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ تاریخی کہانیوں کو نوجوان نسل تک پہنچانے کے لئے تھیٹر پلے اہم کردار ادا کریں گے۔ہم اپنی پرانی ثقافتوں کو زندہ کر کے نوجوان نسل کو بھی ان کی اہمیت سے اجاگر کرتے رہیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی)چیئرمین ڈاکٹر عبدالقدیرخان موومنٹ پاکستان عابد حسین بودلہ کی زیرصدرات ہنگامی اجلاس ہوا جس میںایٹمی ہیرو محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیرخان کے خلاف ڈاکٹر ثمر مبارک مندکے گزشتہ روز جاری بیان پرشدید مذمت کی گئی ہنگامی اجلاس سے چیئرمین عابد حسین بودلہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نامور اٹیمی سائنسدان محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیرخان ہمارے نہیں بلکے پوری پاکستانی قوم کے محسن ہے اور جو عوام وحکمران اپنے محسن کی عزت نہ کرے عوام ان عزت نہیںکرتی ،انہوں نے کہا کہ وہ ملک کبھی بھی ترقی نہیں کرسکتے جس میں اپنے محسن کو بدنام کیا جائے ،انہوں نے کہا کہ جس طرح پوری پاکستانی قوم کی عزت ہمیں عزیز ہے ڈاکٹر ثمر مبارک مند بھی ہمارے لیے ایک پاکستانی شہری کے ناطے قابل احترام ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ ڈاکٹر ثمر مبارک مند کے بیان نے پوری پاکستانی قوم کے دل آزاری کی ہیں،ڈاکٹر ثمرمبارک مند کو اپنابیان واپس لینا چاہئے ،جبکہ تقریب سے کوآرڈینٹر پنجاب راجہ وقاص علی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اردوپوائنٹ کی ویب سائیڈپر جاری بیان پر ڈاکٹر ثمر مبارک مند کو اپنی مقبولیت کا پتا چل گیا ہوگا کہ عوام کا کیا ردعمل ہیں99فیصدعوام نے ایٹمی ہیرہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیرخان کے حق میںاپنے خیالات کا اظہار کیا انہوں نے کہاکہ قوم آج بھی ڈاکٹر عبدالقدیرخان کو پاکستان کا محسن اور ایٹمی احساسوںکا مالک مانتی ہے انہوں نے مزید کہاکہ مخالفین ابھی بھی اپنے بے بنیاد اُنچھے ہتھکنڈوںسے باز نہیںآرہے ہیںانہوں نے مزید کہاکہ انسان کو عزت دینے والی اللہ تعالیٰ کی ذات ہیںاور مخالفین کو بھی پتا چل گیا ہوگا کہ کس کو عزت ملی ہے اور کس کو ذلت ؟۔آخر میں سیکرٹری اطلاعات و نشریات قاسم علی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیرخان نے ابھی تک پاکستان کیلئے اپنی20فیصدصلاحیتیوںکوکار آمد لائیں ہیںاور 80فیصدصلاحیتیںکا استعمال کرناابھی باقی ہے اور ڈاکٹر عبدالقدیرخان نے پاکستان کیلئے جوکچھ بھی کیا ہے وہ پاکستانی قوم بھی جانتی ہے اور دنیا کے تمام ممالک کے سربراہان بھی جانتے ہیںکہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کیلئے ڈاکٹرعبدالقدیرخان کا اور انکی پوری ٹیم کا پاکستان کے لئے ایک تاریخی قردار ہیںجیسے ہر کوئی تسلیم کرتا ہے انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک پاکستان میں ڈاکٹر عبدالقدیرخان جیسی ایسے شحصیت موجود ہیںجیسے ہم استعمال نہیںکر رہئے بلکہ اُن پر مخالفین شدیدتنقید کر رہئے ہیںانہوں نے مزید کہاکہ ڈاکٹر عبدالقدیرخان کی بدولت آج پاکستان دنیا بھر بدنام نہیںبلکے ایٹمی طاقت کے حوالہ سے پہچانا جاتا ہے ۔لاہور میں منعقد ہنگامی اجلاس میںصدرڈاکٹر عبدالقدیرخان موومنٹ پاکستان غلام مرتضی بودلہ،مرکزی چیئرمین یوتھ ونگ حمزہ صدیق ،مرکزی جنرل سیکرٹری طاہر شاہ بودلہ،مرکزی صدر دبئی راجہ محمدعنصر محمود جنجوعہ ،چیئرمین ضلعی اوکاڑہ عمران زاہد کھوکھر کے علاوہ سینکڑوںعہددران اور ممبران نے شرکت کی اور ایٹمی ہیرو محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیرخان کے حق میں آواز بلند کی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی)ملک کے موجودہ حالات پر پاکستان علماء کونسل کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس 27مارچ کو فیصل آباد میں بلالیا گیا ۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ صورتحال ،تحفظ حقوق نسواں بل ،پاکستان علماء کونسل کی رکنیت سازی اور جماعتی انتخابات کے بارے میںاہم فیصلے کئے جائیں گے۔ تحفظ حقوق نسواں بل پر ملک کے اہم مفتیان کرام اور قانونی ماہرین کا اجلاس 22مارچ کو فیصل آباد میں ہوگا۔یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محموداشرفی نے علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان لاالہ الااللہ کی بنیاد پر قائم ہوا ہے اور کوئی قوت اور طاقت پاکستان کو اسکے نظرئیے اور اساس سے نہیں ہٹا سکتی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو لادین اور سیکولر ریاست بنانے کا مطالبہ کرنے والے چند سو افراد ہیں جبکہ پاکستان میں نظام مصطفی ۖ کا مطالبہ کرنے والے اور نظام مصطفی ۖ پر جانیں قربان کرنے والے کروڑوں میں ہیں ۔پاکستانی قوم پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست دیکھنا چاہتی ہے جس میں تمام لوگوں کو یکساں حقوق حاصل ہوں اور انصاف میسر ہو اور کوئی بھی فرد ،گروہ یا جماعت تعصب کی بنیاد پر کسی کی حق تلفی نہ کرسکے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل مئی اور جون میں ملک بھر میں علمائ،خطبائ،آئمہ اور مدرسین کیلئے عصر حاضر کے تقاضوں اور فتنوں سے آگاہی کیلئے تربیتی نشستوں کا اہتمام کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحفظ نسواں بل پر بعض اعتراضات ہیں لیکن بل کو مکمل طور پر غیر شرعی قرار دینا درست نہیں ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ جو جماعتیں اس بل کو مکمل طور پر غیر شرعی کہہ رہی ہیں وہ اس بل کی شقوں کے بارے میں اپنی رائے دیں تاکہ عوام الناس اور حکومت کیلئے سمجھنے میں آسانی ہو کہ کن وجوہات کی بنیاد پر وہ اس بل کو غیر شرعی کہہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل سمیت تمام اداروں کو بل کا مطالعہ کرکے اپنی رائے دینی چاہئے تھی ۔کنونشن سے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،مولانا عبد الحمید وٹو،مولانا ایوب صفدر،مولانا اسد اللہ فاروق،مولانا عبد الحمید صابری،مفتی وحید احمد سواتی،مولانا اسعد زکریا ،مولانا نعمان حاشر،قاری احمد علی ندیم،مولانا عمر عثمانی،مولانا شفیع قاسمی،مولانا محمد مشتاق لاہوری،مولانا عبد القیوم ودیگر نے بھی خطاب کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی)پاکستان مسلم لیگ لاہور کے سینئر راہنما ناصر رمضان گجر نے کہا ہے کہ تحفظ نسواں بل پر علماء کے تحفظات پر اسے اسلامی نظریاتی کونسل میں بھیجا جائے تاکہ اس پر تمام علماء کی رائے لی جاسکے۔انہوںنے کہا کہ تحفظ نسواں بل پنجاب اسمبلی میں جلد بازی اور بلامشاورت منظور کروایا گیا جس میں کئی شقیں اسلامی قوانین سے متصادم ہیں۔اسلام نے خواتین کے بطور ماں، بہن،بیٹی؛ بیوی کے حقوق متعین کردیئے ہیں اور جو حقوق اسلام میں خواتین کو دیئے گئے اس سے قبل خواتین کو یہ حقوق حاصل نہیں تھے۔ناصر رمضان گجر نے کہا کہ خواتین کی طرف سے اپنے شوہروں کو کڑا پہنانے سے طلاق کی شرح میں اضافہ ہوگا انہوںنے کہا کہ حال ہی میں لڈن وہاڑی کا واقعہ اسی قانون کا تسلسل ہے جہاں گرفتاری کے بعد شوہر نے ضمانت پر رہائی کے بعد فوراً اپنی بیوی کو طلاق دے دی ،تحفظ نسواں قانون خاندانوں کی تباہی کا باعث بن رہا ہے انہوںنے کہا کہ حقوق نسواں بل پر علماء سے مذاکرات کیلئے کمیٹی بل کی منظور ی سے قبل بنائی جانی چاہیے تھی اب جبکہ بل قانون کی شکل اختیار کرچکا ہے اب مذاکرات بے فائدہ ہونگے۔ اس لیے حکومت علماء کے احتجاج کے باعث اس بل کو فوراً اسلامی نظریاتی کونسل بھیجے تاکہ علماء کی بل پر مشترکہ رائے لی جاسکے۔
۔۔۔۔۔۔
سوات (جی پی آئی)سوات کے محب وطن اور اپنی آواز پختون کلچر و اقدار کے تحفظ کے لیے وقف کرنے والے گلوکار ضیاء الدین ضیاء کی سریلی آواز میں سینئیر شاعر سرور محمود خٹک کے اولین نظم “زما دمور زما د پلار وطنہ” کی ویڈیو سانگ نے سوشل میڈیا پر بے مثال پزیرائی حاصل کی ہے اور پہلے 24گھنٹے کے دوران zamaswatکی فیس بک پیج پر پچاس ہزار سے زیادہ ویورز اور morningpostswatسوات کی سائٹ پر تقریباً دس ہزار ویورز نے اس کو دیکھا۔سحر انگیز شاعری،موسیقی ،کیمرہ ورک،آوازاو ر سوات کے روح پرور قدرتی نظاروں نے اس ملی نغمے کو چار چاند لگا ئے ہیں جس کو ہزاروں لوگوں نے لائیک کیا ہے اور شاندار کمنٹس دئیے ہیں جبکہ لاکھوں کی تعداد میں ویورز اس کو فیس بک پر شئیر کر رہے ہیں ۔گلوکار اور شاعر نے زبر دست پذیرائی پر ویورز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنے ملک اور مشرقی روایات کے تحفظ اور فروغ کے لیے مزید شاہکار بھی پیش کریں گے ۔یاد رہے کہ یہ ملی نغمہ خصوصی طور پر 23مارچ کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
۔۔۔
سوات (جی پی آئی)ایم وی ای محمد اکرام خان نے ڈسٹرکٹ ٹریفک پولیس اور ایم ایم پی ائی انسپکٹر اکبر حیات خان کے ہمراہ گزشتہ دو دنوں کے دوران 274مختلف قسم کی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے91600روپے جرمانے وصول کئے ،کارروائی نمبر پلیٹ نہ لگانے ،کالے شیشے رکھنے پر ،اضافی سی این جی ٹنکی ،ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے ،دھواں چھوڑنے اور زائد کرائے وصول کرنے پر عمل میں لائی گئی کارروائی کے بعد ایم وی ای محمد اکرام خان نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی اس سلسلے میں تمام ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز کو اگاہی مہم اور اخباری بیانات کے ذریعے اگاہ کیا گیاہے اس کے باوجود بھی کو کوئی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہے تو اس کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی انہوںنے کہاکہ اس سلسلے میں عوام بھی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں تاکہ شہر میں مسائل کے خاتمے میں مدد مل سکے ۔
۔۔۔
سوات (جی پی آئی)سوشل سیکیورٹی ہسپتال گلکدہ سیدو شریف میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹر ایڈمن گوہر علی ،ڈپٹی ڈائریکٹر نوشہرہ سید محمد یوسف کاکا خیل ،سید فیاض علی شاہ کاکا خیل ،ڈاکٹر سموات اور سٹاف کے تمام افراد موجود تھے تقریب میں ایس پی ایس کالج کے قیصر سلیم ،حسین علی ،فارول کاسمیٹکس کے اختر حسین اور عمران خان گولڈن کاسمیٹکس کو مجموعی طور پر 562582روپے میڈیکل بلز کے سلسلے میں ادا کئے گئے اس موقع پر شرکاء نے سوشل سیکیورٹی کا شکریہ ادا کیا۔