خلیج تعاون کونسل کے بعد عرب لیگ نے بھی ایران کے مقابلے میں سعودی عرب کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا

Arab League

Arab League

قاہرہ (جیوڈیسک) قاہرہ میں ہونے والے عرب ملکوں کی نمائندہ تنظیم کے ہنگامی اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے وزیرِ خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے کہا کہ سعودی سفارتخانے پر حملہ سکیورٹی فورسز کی ناک کے نیچے ہوا۔عرب ممالک کے داخلی معاملات میں مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اماراتی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ عرب ممالک ایران کی جانب سے سفارتی مراکز پر حملوں کی سخت مذمت کرتے ہیں اور سعودی عرب یا کسی دوسرے عرب ملک کے معاملات میں ایران کی مداخلت کی پالیسی کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔

عرب لیگ کا اجلاس سعودی عرب اور ایران کے تعلقات میں پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی کے تناظر میں طلب کیا گیا تھا۔

سعودی وزیر نے الزام عائد کیا کہ ایران خطے کے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور فرقہ واریت کو فروغ دے کر مشرقِ وسطی کی سلامتی اور استحکام کو متاثر کر رہا ہے۔

اجلاس کے دوران اپنے خطاب میں سعودی وزیرِ خارجہ عادل الجبیر کا کہنا تھا کہ اگر ایران نے اپنے طور طریقے نہ بدلے تو عرب اقوام اس کا مقابلہ کریں گی۔