گوادر کے لئے مثالی ترقی کا دور شروع ہو چکا : وزیراعظم نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

کوئٹہ (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن نے گوادر میں میدان سجا لیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر کے لئے مثالی ترقی کا دور شروع ہوچکا ہے۔

انشاء اللہ گوادر کی تقدیر بدلنے والی ہے، 1997 میں گوادر کی ترقی کے لئے اقدامات کئے، گوادر کو بہترین پورٹ سٹی بنانے کا خواب تھا، آج گوادر ترقی کی راہ پر چل نکلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی دوسرے نے گوادر کی ترقی پر کیوں توجہ نہیں دی، بلوچستان میں سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے، دوسری حکومتوں نے گوادر سے متعلق کیوں نہیں سوچا، ان علاقوں میں سڑکیں بنائیں جہاں دہشتگردی کا دور دورہ تھا، سی پیک پاکستان کے لئے گیم چینجر ہے۔

سڑکیں نہ ہوں تو انڈسٹری سکول ہسپتال اڑ کر نہیں آتے ، جہاں پہلے کبھی دہشتگردی اور انتہا پسندی کا راج تھا آج وہاں ترقی ہورہی ہے ، افواج پاکستان ،پولیس ،انتظامیہ اور عوام نے ملکر قربانیاں دیں ، گوادر سے کوئٹہ تک بہترین سڑکیں بن چکی ہیں ، عوام 2013 کا پاکستان بھی دیکھیں اور آج کا پاکستان بھی دیکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک صرف سڑک کا نام نہیں ، یہ انسانیت کی خدمت ہے ، جس وقت اقتدار میں خزانہ خالی تھا ، دہشتگردی عروج پر تھی آج ترقی کا ہر راستہ بلوچستان سے نکل رہا ہے ، بلوچستان اب محروم نہیں رہے گا پاکستان ایشیا کا ٹائیگر اور بلوچستان پاکستان کا ٹائیگر بنے گا۔

بلوچستان سے امن و سلامتی کی شاہراہیں نکلیں گی ، ترقی ہو گی تو دہشت گرد بھاگ جائیں گے ، بلوچستان پر احسان نہیں کیا، قرض اتار رہے ہیں ، ضلع گوادر کے لوگوں کو ہیلتھ کارڈ جاری کریں گے ، کسی کا گوادر میں علاج نہ ہو سکا تو اسلام آباد اور کراچی میں بھی مفت علاج دیں گے۔

وزیراعظم نے کہا گوادر کی مقامی آبادی سے ہونیوالی ناانصافی کا حل تلاش کریں گے ، گوادر کی مقامی آبادی کو زمین کی اصل قیمت نہ ملنے پر میں بھی دکھی ہوں۔

اس موقع پر وزیراعلی بلوچستان ثناء اللہ زہری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں قوم نے دہشتگردی کے خلاف یکہجتہی کا مظاہرہ کیا ہے۔

پاکستان کی شرح نمو بھارت اور خطے کے دوسرے ملکوں سے زیادہ ہے ، بلوچ عوام کسی اندرونی و بیرونی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے ، بعض لوگ وزیراعظم کے فیتے کاٹنے پر اعتراض کرتے ہیں ، ترقیاتی منصوبوں کے ثمرا ت جلد عوام تک پہنچیں گے۔