حج مسلمانوں کی عظمت، شان و شوکت، اتحاد اور اقتدار کا مظہر ہے۔ دردانہ صدیقی

Karachi

Karachi

کراچی : جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ حج مسلمانوں کی عظمت، شان و شوکت، اتحاد اور اقتدار کا مظہر ہے۔ استعماری طاقتوں نے ہماری صفوں میں اختلافات پیدا کر کے مسلمانوں کو باہم دست و گریبان کر دیا ہے۔ مسلم ممالک اور قیادت باہمی اتحاد کے ذریعہ عالم اسلام کو درپیش مسائل کا حل تلاش کر سکتے ہیں۔

شام’ مصر’ فلسطین’برما اور دیگر خطوں میں مسلمانوں پر جاری انسانیت سوز مظالم کے خاتمے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیں۔ حجاج اکرام اپنی خصوصی دعاؤں میں امت کے مظلوم اور ناتواں مسلمانوں کو ضرور یاد رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حج یوم عرفہ کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حج دنیا بھر کیلئے مسلمانوں کے اتحاد و وحدت کا نظارا ہے۔خالق کائنات نے تمام مسلمانوں کو، جو بھی اس کی استطاعت رکھتا ہے ایک مخصوص وقت میں ایک خاص نقطے پر جمع ہونے کی دعوت دے کر ان اعمال و مناسک کے ذریعے امت میں نظم وضبط،ہم آہنگی، میل جول اور پر امن بقائے باہمی کاذریعہ پیدا کیا ہے جس کی وجہ سے امت کے ہر فرد میں اتحاد اور اجتماعیت کا احساس پیدا ہوتا ہے جو باطل طاقتوں کیلئے خوف کا باعث ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ لوگ بہت خوش قسمت ہوتے ہیں جنہیں حج کی سعادت نصیب ہوتی ہے، انہوں نے دعا کی پروردگار ہم میں سے ہر فرد کواپنے اور اپنے محبوبۖ کے دربار میں حاضری کا موقع نصیب فرمائے اور حج کے اس اجتماع کی بدولت امت مسلمہ کو حقیقی اتحاد و اتفاق اور سربلندی عطا کرے۔