حویلیاں حادثہ، جنید جمشید کی اہلیہ اور کیپٹن صالح یار جنجوعہ کی میتیں لواحقین کے حوالے کر دی گئیں

Dead Body

Dead Body

اسلام آباد (جیوڈیسک) پی آئی اے طیارہ حادثہ میں جاں بحق کیپٹن صالح یار جنجوعہ اور جنید جمشید کی اہلیہ کی میتیں لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ صالح جنجوعہ کی نماز جنازہ سہ تین بجے راولپنڈی میں ادا کی جائے گی۔ حادثے میں جاں بحق افراد کیلئے پمز ہسپتال میں قرآن خوانی کی گئی۔

سانحہ حویلیاں میں جاں بحق افراد میں سے مزید تین افراد کی شناخت گزشتہ رات کی گئی جن میں صالح یار جنجوعہ، جنید جمشید کی اہلیہ نیہا جنید اور آسٹریا کا شہری شامل ہے۔

کیپٹن صالح یار جنجوعہ کی میت کی شناخت ان کی ہمشیرہ نے کی۔ ضروری کارروائی کے بعد صالح جنجوعہ اور نیہا جنید کی میتیں لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

صالح یار جنجوعہ کی نماز جنازہ سہ پہر تین بجے راولپنڈی کے ریس کورس گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی، دیگر جاں بحق افراد کے لواحقین تاحال پمز ہسپتال میں لگائے گئے کیمپ میں موجود ہیں جہاں پر حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے آج قرآن خوانی کی گئی۔

حادثے کا شکار ہونے والے آسٹریا کے دوسرے شہری کے لواحقین نے پمز ہسپتال میں خون کے نمونے جمع کرا دیئے ہیں۔ ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کی جائے گی۔