سربراہ تحریک انصاف کی زندگی میں سچ کم ہوتا جا رہا ہے: پرویز رشید

Pervaiz Rashid

Pervaiz Rashid

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا عمران خان نے اپنی عادت کے مطابق تیل کی قیمتوں کے حوالے سے غلط اعداد و شمار پیش کیے۔ الیکشن کمیشن نے انہیں جھوٹے حلف نامے پیش کرنے پر جعلسازی کا سرٹیفکیٹ پیش کیا اور اب خان صاحب کی زندگی میں سچ کم ہوتا جا رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا جنوبی ایشیائی ممالک میں سب سے کم قیمت پاکستان میں ہے۔ عالمی مارکیٹ میں جیسے ہی تیل کی قیمتوں میں کمی آتی ہے اس کا عوام کو فائدہ دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان میں اس وقت 70 روپے فی لیٹر میں پٹرول دستیاب ہے اور ڈیزل کی قیمت بھی پاکستان میں کم ہے۔ بھارت میں صرف تین پیسے ڈیزل کی قیمت کو کم کیا گیا ہے۔

پاکستان کے حالات اب بہتر ہونا شروع ہوئے ہیں اور عالمی اداروں نے بھی پاکستان کی ترقی کا اعتراف کیا ہے لیکن خان صاحب احتجاجی تحریک کے ذریعے ترقی کے سفر کو منجمند دیکھنا چاہتے ہیں۔

عمران خان کو پاکستان کے عوام کی خوشحالی منظور نہیں۔ ایک کنٹینر کی ناکامی کے بعد ان کی تسلی نہیں ہوئی اور کنٹینر 2 کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔