امراض قلب کے مزید ہسپتال بنانے کی منصوبہ بندی کی جائے۔ناصر رمضان

Lahore

Lahore

لاہور : پاکستان مسلم لیگ لاہور کے سیکرٹری اطلاعات ناصر رمضان گجر نے کہا ہے کہ دل کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر امراض قلب کے مزید ہسپتال بنانے کی منصوبہ بندی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب وہاڑی ہسپتال میں کارڈیالوجی سینٹر کے افتتاح کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبہ وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال کو بھی فوری طور پر شروع کریں جس کی عمارت بھی مکمل ہے انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی نے اپنے وزارت اعلیٰ کے وور میں امراض قلب کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اورگوجرانوالہ ڈویژن کے 6اضلاع کی عوام کے مطالبہ پر وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال کے منصوبہ کا آغاز کیا اور اس کے لیے فنڈز بھی مختص کیے ان کے دور میں ہسپتال کی عمارت بھی مکمل ہوچکی تھی لیکن موجودہ حکمرانوں نے ان کی سیاسی مخالفت میں تاحال وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال کو شروع نہیں کیا۔

ناصر رمضان گجر نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور میں غریب مریضوں کی عزت نفس مجروح ہورہی ہے اوور لوڈڈ رش کے باعث مریض بے ہوش اور وہیل چیئرز اور فرش پر بیٹھے اپنی موت کا انتظار کررہے ہیں ہسپتال میں غریب مریضوں کو ادویات بھی فراہم نہیں کی جارہیں۔انجیوگرافی کیلیء ڈیڑھ سال ، دل کے آپریشن کے لیے تین سال کا ٹائم جبکہ ویٹنگ لسٹ 5ہزا ر سے تجاوز کرگئی ہے۔1994کے بعد تاحال پنجاب میں دل کا کوئی ہسپتال نہ بن سکا۔

وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال کا منصوبہ بھی حکمرانوں کی بے حسی کا شکار ہے جس کے باعث ارد گرد کے اضلاع کا رش بھی لاہور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں بڑھ رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ خادم اعلیٰ پنجاب کارڈیالوجی ہسپتال منصوبہ کو فوری طور پر شروع کریںتاکہ علاقہ کی عوام اس سے مستفید ہو سکیں۔