اقامہ اور ہائی جیکنگ والے مقدمے میں کوئی فرق نہیں: نواز شریف

 Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) نواز شریف کا کہنا ہے پی ٹی آئی کے سینیٹر کے بھائی کو آپ وزیراعلی بنا رہے ہیں، یہ تو بلی کو دودھ کی رکھوالی رکھنے والی بات ہے، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر بات کریں گے۔

سابق وزیراعظم نے کمرہ عدالت میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا اقامہ اور ہائی جیکنگ والے مقدمے میں کوئی فرق نہیں، دونوں مقدمات کو عوام نے مسترد کر دیا ہے، مجھ سے پوچھا گیا کہ آپ پر یہ مقدمات کیوں بنائے؟ جو جواب عدالت میں دیا لفظ با لفظ درست ہے، جیت صرف میرے بیانیے کی ہوگی۔ انہوں نے کہا ہمیں کام کیلئے صرف ڈیڑھ دو سال ملے، 2016 میں پاناما شروع ہوگیا، پورے پانچ سال ملتے تو اور کام کرتے۔ نگران وزیراعظم کے معاملے پر ان کا کہنا تھا نگران وزیراعظم کے لئے ہم نے اچھے نام دیئے، ایسا نام نہیں دے سکتے جسے عوام قبول نہ کرے۔

نواز شریف کا کہنا تھا ن لیگ ہی واحد جماعت ہے جس نے کام کیا، دوسری جماعتوں کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے، عمران خان بتائیں آج تک کون سا منصوبہ مکمل کیا ہے ؟ انہوں نے کہا ہم نے دہشتگردی کا خاتمہ کیا، سی پیک لائے، بڑے بڑے موٹروے بنائے، مولانا فضل الرحمان سے پوچھیں ڈی آئی خان سے کتنی تیزی سے موٹر وے بن رہا ہے، گوادر کوئی کم فاصلہ نہیں، کئی سو کلو میٹر کی سڑک بنائی۔