یوم حجاب معاشرے میں حیا کے کلچر کو عام کرنے کی ایک کوشش ہے، افشاں نوید

Afshan Naveed

Afshan Naveed

کراچی : جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع وسطی کی جانب سے صائمہ پاری مال، حیدری میں عالمی یوم حجاب کے موقع پر اسٹال لگایا گیا۔ جس کا مقصد خواتین میں حجاب کو فروغ دینا اور عالمی یوم حجاب کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ اس موقع پر صدر وومن اینڈ فیملی کمیشن افشاں نوید نے حجاب اسٹال کا دورہ کیااور سیلز گرلز کو ہینڈ بل، حجاب اسٹیکرز، کتابچے اور حجاب بطور تحفہ پیش کیا گیا۔شاپنگ مال میں آنے والی خواتین کو حجاب کی اہمیت و ضرورت سے آگاہ کرتے ہوئے افشان نوید نے کہا کہ حق و باطل کا معرکہ آج بھی بپا ہے

،پوری دنیا میں عورت اپنے حقوق و فرائض کے لئے بیدار ہے اس کا لباس ستر پوشی حیا اور عفت کا محافظ ہے۔ اسلامی تہذیب و تمدن کی ترقی و استحکام کی کلید ہے لیکن اسلام سے خوفزدہ مغربی فلسفہ حیات سے خائف ہیں۔اس وقت مسلم معاشرے کی اکثریت حیا اور پاکدامنی کے وسیع تصور کوسمجھتے ہوئے حجاب کو اختیار کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے عورت کو بہترین مقام عطا فرمایا ہے جبکہ مغرب نے عورت کو میڈیا کے اندر اشتہار بنا کر اس کے حقیقی تقدس کو پامال کیاہے۔ حجاب عورت کے تحفظ اور اُس کے اعلیٰ مقام کی علامت ہے۔

عربی میں عورت کو نساء کہا گیا ہے جس کے معنی چھپا کر رکھنے والی ہے مگر نام نہاد آزادی رائے، انسانی حقوق، حقوق نسواں جیسے معاملات کو اس انداز میں آگے بڑھایا گیا ہے کہ عورت کی معاشرے میں حیثیت اشتہار جیسی کر دی گئی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے فحاشی اور بے حیائی کو شیطانی عمل قرار دیا ہے اور شدید ترین انداز میں اس کی مذمت کی ہے۔

اسلام تو ہمیں شرم وحیا کا درس دیتا ہے جبکہ ہمارا ساراز ور معاشرے میں منکر ات کو پھیلانے پر ہے۔ یوم حجاب درحقیقت معاشرے میں حیا کے کلچر کو عام کرنے کی ایک کوشش ہے جس کو ہر لحاظ سے فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ قائم مقام ناظمہ ضلع وسطی بشریٰ مقصود، نائب ناظمہ عذرا سلیم، مسرت جنید، نگراں نشرو اشاعت کراچی مہر افشاں، نائب نگراں ثمرین احمد نے اسٹال کا دورہ کیا