اذلان شاہ ہاکی : آج پاکستان اور بھارت میں گھمسان کا رن پڑے گا

Pakistan vs India

Pakistan vs India

لاہور (جیوڈیسک) سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنا منٹ میں منگل کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت میں گھمسان کا رن پڑے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 3.05 پر شروع ہو گا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف مسلسل 2 میچ کھیلنے کی وجہ سے گرین شرٹس نے گذشتہ روز گرائونڈ میں پریکٹس کے بجائے مکمل آرام کیا۔

شام کو ٹیم میٹنگ میں بلو شرٹس کے خلاف میچ کی ابتدائی حکمت عملی تیار کی گئی، اسی روز مزید 2 اور مقابلے بھی شیڈول ہیں،آسٹریلیا کا میچ نیوزی لینڈ کے ساتھ ہوگا جبکہ میزبان ملائیشیا کی ٹیم کینیڈا کے خلاف میدان میں اترے گی۔

تفصیلات کے مطابق سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا اب تک کا سب سے بڑا مقابلہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان منگل کو ہوگا، مبصرین کے مطابق روایتی حریفوں کے درمیان ہمیشہ کی طرح اس بار بھی میچ دلچسپ اور سنسنی خیز ہوگا جس میں بلو شرٹس کی جیت کے امکانات زیادہ ہیں۔

ایونٹ کے آخری 2 میچوں کے برعکس اس مقابلے میں گرین شرٹس اپنی غلطیوں پر قابو پانے میں کامیاب رہے تو حریف سائیڈ کے خلاف کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔