ماہ مقدس میں لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کے کنٹرول کیلئے اقدامات کئے جائیں، مفتی محمد نعیم

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی: جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم کہاکہ رمضان المبارک مسلمانوں کیلئے رحمتوں کا مہینہ ہے ، حکومت لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کا خاتمہ کرکے عوام کو ریلیف دے ، پوری دنیا میں مذہبی ایام اور خصوصی تہواروں پر عوام کو ریلیف دی جاتی ہے ، وطن عزیز کا المیہ ہے کہ حکمران ریلیف کا محض اعلان کرکے بری الذمہ ہوجاتے ہیں اور عوام بنیادی سہولیات سے محروم رہتے ہیں۔

منگل کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں ملاقات کیلئے آئے ہوئے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک آتے ہی مسلمانوں کے دل خوشی سے جھوم اٹھتے ہیں کیونکہ اللہ کی طرف سے بخشش کا سنہرا چانس ہوتاہے جسے ضائع کرنے کے بجائے زیادہ سے زیادہ عبادات پر توجہ دینی چاہیے ، انہوں نے کہاکہ ماہ رمضان کے روزے بوجھ نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے نیکیوں کا عالمی موسم بہار ہے ،انہوں نے کہاکہ رمضان مسلمانوں کی تربیت کا مہینہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی حکومت کو عوام کوریلیف اور لوڈشیڈنگ سے نجات کے اقدامات پر توجہ دینی ہوگئی ہر سال کی طرح صرف بیان اور اعلانات کے بجائے اقدامات کیے جائیں ، دنیا بھر میں مذہبی ایام اور خصوصی تہواروں کے موقع پر حکومت کی جانب ریلیف دی جاتی ہے،وطن عزیز کا المیہ ہے حکمران ریلیف کا اعلان توکرتے ہیں مگر سنجیدگی سے اقدامات پر توجہ نہیں دیتے۔

انہوں نے کہاکہ رمضان المبار ک سے ہفتہ قبل ہی شہر میں اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کا اعلان سوائے عوام کو دھوکہ دینے کے کچھ بھی نہیں ،انہوں نے کہاکہ ناجائز منافع خور اور ذخیرہ اندوزوں اور کمیشن مافیا کی سرگرمیاں دن بدن بڑھتی جارہی ہیں خطرہ ہے رمضان میں اشیاء خورونوش غریب کی پہنچ سے دور ہوجائیں گی ، انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت لوڈشیڈنگ اور مہنگائی پر کنٹرول کیلئے اقدامات کرے۔