محکمہ داخلہ پنجاب دہشت گردوں کے سہولت کاروں کیخلاف سرگرم، 106 مقدمات درج

Police

Police

لاہور (جیوڈیسک) نیشنل ایکشن پلان کے تحت امن دشمنوں کا قلع قمع جاری۔ پنجاب میں ایک سو چھیاسٹھ افراد کے دہشتگرد تنظیموں کی فنڈنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایک سو چھ مقدمات درج کر کے ایک سو چھ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے وفاقی وزارت داخلہ کو بھجوائی گئی رپورٹ کے مطابق قانون نافذ کرنیوالے ادارے صوبے کے چھ اضلاع میں دہشتگردوں کے سہولت کاروں کیخلاف متحرک ہیں۔

تفتیش کے دوران چوبیس سہولت کاروں کے خفیہ کاروبار کا انکشاف بھی ہوا ہے۔ کئی ملزموں نے پنجاب سے قبل کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردی واقعات کیلئے مالی امداد کا اعتراف بھی کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق فنڈنگ کرنیوالے نوے افراد کے خلاف چالان انسداد دہشتگردی عدالتوں کو بھجوائے جا چکے ہیں۔