وطن عزیز کی سلامتی پر پاکستان کا بچہ بچہ مرمٹے گا، عصمت انور محسود

کراچی : پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی کے کارکنان کا یوم دفاع پاکستان کی گولڈن جوبلی کے موقع پر عظیم پورہ مسلم لیگ(ن) سیکریٹریٹ سے صوبائی رہنماء عصمت انور محسود کی قیادت میں عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

جس میں مسلم لیگی کارکنان کے علاوہ عوام خصوصاً نوجوانوں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی ریلی کے شرکاء پاک فوج زندہ باد ،سندھ رینجرز زندہ باد پاکستان کے لئے جان بھی قربان ہے کے فلک شگاف نعرے لگا ئے اور یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے بینرز اور پلے کارڈ بھی تھام رکھے تھے۔

یوم دفاع پاکستان ریلی عظیم پورہ سے برآمد ہوا جو شاہراہ فیصل سے ہوتا ہوا ڈی جی رینجرز آفس پر پاکستان رینجرز کو شہر قائد میں امن کی کاوشوں کے حوالے سے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوا ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے صوبائی رہنماء عصمت انور محسود نے کہاکہ بھارت اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے۔

ہم اپنے تمام اندورنی اور بیرونی دشمنوں کو بتا دیا چاہتے ہیں وطن عزیز کی سلامتی پر پاکستان کا بچہ بچہ جذبہ شہادت سے سرشار ہے دفاع وطن کے لئے ہم اپنے جسم میں موجود خون کا آخری قطرہ بھی بہا دیںگے مگر اپنے پیارے وطن پر آنچ نہیں آنے دینگے عصمت انور محسود نے کہاکہ قوم میں آج بھی 65 کا جذبہ موجود ہے۔

کسی نے بھی ہمارے وطن کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو قوم کا ہر فرد تمام سیاسی و مذہبی تفریق کو بالا طاق رکھ کر اپنے دشموں کو خاک میں ملا دینگے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے کہاکہ ہمارا وطن پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے ہم وطن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے ان عظیم سپوتوں کے نقش قدم پر چلنے کا عزم کرتے ہیں مقررین نے کہاکہ مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت ہے وطن کی تعمیر اور اس کی حفاظت کا سفر بھی جاری رکھے گی۔

آج کا دن تجدید عہد کا دن آئیے آج 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان کے 50 ویں سال پر ہم یہ عہد کریں کہ ہم وطن عزیز کے تعمیر ،تحفظ اور دہشت گردی سے پاک بنا ئیں گے اور اس حوالے سے اپنے سیاسی و عسکری قائدین کا مکمل ساتھ دیکر پاکستان کو دنیا کا عظیم ملک اور اسلام کا قلعہ بنا ئیں گے۔

Asmat Anwer Mehsood Pakistan Defence Day Rally

Asmat Anwer Mehsood Pakistan Defence Day Rally