دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: آرمی چیف

General Raheel Sharif

General Raheel Sharif

رسالپور (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ اپنی سرزمین سے دہشت گردی کا قلع قمع کر دیا، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بربریت کی انتہا کر دی، دشمن کی کسی بھی جارحیت یا سٹریٹجک غلط فہمی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

رسالپور میں پاک فضائیہ کے 136 جی ڈی پی ، 82 انجیئرنگ کورس، 17 اے اینڈ ڈی اور پہلے لاجسٹک کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاک فضائیہ کا پیشہ وارانہ صلاحیت میں کوئی مقابل نہیں ، پاکستان امن پسند ملک ہے، مسلح افواج اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا منہ توڑ جواب کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا دہشت گردی کے انفراسٹرکچر کو اپنی سرزمین سے جڑ سے اکھاڑنے میں کامیاب ہوئے ہیں ، دشمنوں کے ناپاک عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بربریت کی انتہا کر دی ہے ، عالمی برادری نوٹس لے ۔ بھارت کنٹرول لائن پر جعل سازی کے ذریعے بدنام کرنے کی سازش کر رہا ہے ، بھارتی کھیل کا مقصد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو مسخ کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا مادر وطن کے دفاع کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔

ملکی دفاع کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے ،کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ، کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا،اگر جارحیت مسلط کی گئی تو بھرپور قوت سے جواب دیا جائے گا۔

تقریب کے دوران آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے گرایجوایٹنگ کیڈٹس کو برانچ بیجز لگائے اور اعزازات تقسیم کیئے ۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ محمد نعمت اللہ نے حاصل کی، بیسٹ فلائنگ کی چیف آف ایئر اسٹاف ٹرافی بھی محمد نعمت اللہ نے حاصل کی۔

کالج آف ایرو ناٹیکل انجینئرنگ میں اعزازی شمشیر ایوی ایشن کیڈٹ وہاج امجد نے حاصل کی ، کالج آف فلائنگ ٹریننگ کی اعزازی شمشیر ایوی ایشن کیڈٹ رضا علی لے اڑے ، پہلے لاجسٹک کورس میں بہترین کارکردگی کی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ سید جواد رضا رضوی نے حاصل کی۔