حب میں آئل ریفائنری کا سنگ بنیاد، گوادر پورٹ کو وسط ایشیاء سے جوڑیں گے : وزیر اعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

حب (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کا عزم دہرایا، کہتے ہیں دہشتگردوں کا پیچھا کریں گے، سانحہ صفورا کے تمام دہشتگرد پکڑ لیے، امید ہے عدالتیں جلد سزا دیں گی، شمالی وزیرستان پرامن علاقہ بن چکا ہے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے حب میں آئل ریفائنری کا سنگ بنیاد رکھ دیا ، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالات بہتر ہو رہے ہیں ، تمام دہشت گرد پکڑے جائیں گے۔ دہشتگردوں کا پیچھا کریں گے ، آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگرد کسی نرمی کے حق دار نہیں ، آپریشن ضرب عضب کا فیصلہ بہت سوچ سمجھ کر کیا۔ شمالی وزیرستان اب ایک پرامن علاقہ بن چکا ہے، سانحہ صفورا کے تمام دہشتگرد پکڑ لیے ، وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ عدالتیں دہشتگردوں کو جلد سزا دیں گی۔

نواز شریف نے کہا کہ کراچی کا امن بہتر ہونے پر خوشی ہے، تھر میں کوئلے سے بجلی کا کارخانہ لگ رہا ہے ،2017 ء کے آخر تک بجلی بحران کا خاتمہ ہو جائے گا۔

وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ گوادر کو فری پورٹ بنا کر سنٹرل ایشیا سے جوڑیں گے، بلوچستان میں آئل ریفائنری کی تعمیر اہم کارنامہ ہے جس سے تیل کی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔