انسانی اسمگلنگ عالمی مسئلہ اور بڑا چیلنج ہے،بلاول بھٹو

Bilawal Bhutto

Bilawal Bhutto

اسلام آباد (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ بہت بڑا چیلنج ہے، اس سے نمٹنا کسی ایک کا کام نہیں، سب کو مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہوگا،یہ ایک عالمی مسئلہ ہے۔

اسلام آباد میں انسانی اسمگلنگ سے متعلق ایشائی پارلیمنٹری پارٹیز کانفرنس سے خطاب میں چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ دہشت گردی عالمی مسئلہ ہے، اس کے خلاف ایشیا اورعالمی سیاسی اتحاد اہمیت کا حامل ہے،دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے سیاسی اتحاد ضروری ہے، یہ کسی ایک سیاسی جماعت کے بس کی بات نہیں۔

خطاب کے بعد بلاول سے بات کے خواہشمند صحافیوں کو سیکیورٹی اہلکاروں نے روک دیا، صحافی نے سندھ میں نیب کی کارروائیوں سے متعلق سوال کیا جس پر بلاول نے کہا کہ انٹرنیشنل کازکے لیے آیا ہوں آج اسی معاملے پر بات کریں۔

تقریب سے خطاب میں گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ سنگین مسئلہ ہے، اس کی وجہ سے دنیا کے تمام ممالک میں مشکلات بڑھ رہی ہیں، تقریب میں مشاہد حسین سید، فرحت اللہ بابر اور افراسیاب خٹک بھی شریک ہوئے۔