باربودا: سمندری طوفان ارما نے تباہی مچا دی، 10 افراد کی ہلاکت

Hurricane

Hurricane

باربودا (جیوڈیسک) پانچویں درجے کا سمندری طوفان ارما ویسٹ انڈیز کے جزائر سے ٹکرا گیا۔ ارما گزشتہ ایک دہائی میں بحر اوقیانوس میں آنے والا سب سے شدید طوفان ہے۔ 295 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوا نے جزیرے باربودا میں تباہی پھیلا دی۔ باربودا کے وزیر اعظم گیسٹن براؤنی نے کہا ہے کہ تباہی اتنی زیادہ ہوئی ہے کہ اب یہ جزیرہ رہائش کے قابل نہیں رہا۔

فرانس کے زیرِ انتظام جزیرے سینٹ مارٹن میں حکام نے بتایا ہے کہ وہاں 95 فیصد عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں۔ جزیرہ انٹیگا میں طوفان کے باعث ہوئی بارشوں نے نظام زندگی میں رخنہ ڈال دیا۔ مختلف حادثات میں تین افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ ویسٹ انڈیز کے ہمسایہ ملک پورٹو ریکو میں طوفان ارما نے تباہی مچا دی۔ طوفانی ہوا اور شدید بارش نے بجلی کا نظام درہم برہم کر دیا ہے اور 30 لاکھ آبادی میں سے نصف بجلی سے محروم ہے۔ امریکا کے ہریکین سنٹر کے مطابق طوفان ارما جمعرات کو ڈومینکن رپبلک کے شمالی ساحل سپنیولا اور کیوبا سے ہوتا ہوا ہفتے تک ریاست فلوریڈا پہنچ جائے گا۔

ادھر ریاست فلوریڈا کے گورنر رک سکاٹ نے شہریوں کو حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مدد مانگ لی۔ دوسری جانب شہریوں نے کھانے پینے کا سامان جمع کرنے کے لئے سٹورز کا رخ کر لیا جبکہ پٹرول لینے والوں نے پمپوں پر قطاریں بنا لیں۔ طوفان کے آنے سے پہلے میامی میں موجود سیاحوں نے اپنے واطن واپسی کی تیاری کر لی اور ہوائی اڈوں پر رش لگ گیا۔