تمام حریت رہنماء قابل تحسین ہیں، آزادی کی تحریک جاری رہے گی، میر شاہی جہان

Mir Shahijahan

Mir Shahijahan

برسلز (پ۔ر) یورپ میں قائم کشمیری غیر سرکاری تنظیم ’’کشمیر انفو‘‘ کے چیئرمین میرشاہی جہان نے کہا ہے کہ تمام حریت قائدین کی آزادی و حق خودارادیت کے لیے عظیم جدوجہد قابل تحسین ہے۔ پاکستان کی طرف سے یوم یکجہتی کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ یکجہتی کشمیریوں کو حوصلہ فراہم کرتی ہے اور اس پر ہم پاکستانی عوام کے مشکور و ممنون ہیں۔

انھوں نے کہاکہ ہم اپنی ان عظیم مائوں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے لخت جگر آزادی کی راہ میں قربان کیے ہم ان بہنوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے بھائی آزادی کی تحریک میں قربان کیے۔ ہزاروں کی تعداد میں شہداء کی بیوگان کا صبرو استقامت اور شہداء کے بچوں کا حوصلہ قابل تحسین ہے۔ آزادی و حق خودارادیت کے لیے دی جانے والی قربانیاں رائیگان نہیں جائیں گی ان قربانیوں کے نتیجے میں آزادی کی منزل حاصل ہو کر رہے گی۔

میر شاہی جہان نے مزید کہا کہ یہ بات یاد رکھنی چاہیے جس تحریک میں شہداء کا خون شامل ہو جائے و ہ تحریک کبھی ناکام نہیں ہوتی انشاء اللہ وہ وقت قریب ہے جب مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم و محکوم مسلمان آزادی کی نعمت سے مالا مال ہوں گے جبر کی سیاہ رات جلد ختم ہو گی۔

انھوں نے مزید کہا کہ کشمیری قوم اتحاد ویکجہتی کے ساتھ اپنے خلاف سازشوں کا مقابلہ کرے اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی وحدت کا مظاہرہ کیا جائے یہی وقت کی ضرورت ہے۔