حسین نواز کی تصویر کیسے لیک ہوئی ؟ جے آئی ٹی کی عملے سے پوچھ گچھ

Hussain Nawaz

Hussain Nawaz

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز کی پیشی کی سوشل میڈیا پر وائرل تصویر اگر اصلی ہے تو کیسے لیک ہوئی؟ جے آئی ٹی نے عملے سے پوچھ گچھ شروع کر دی ، اب تک کی تحقیقات کی رپوٹ تیار، بدھ کو سپریم کورٹ میں پیش کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق پاناما مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کےاجلاس میں حسین نواز کی تصویر کے معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ، ٹیم نے جوڈیشل اکیڈمی اور جے آئی ٹی سے منسلک افراد سے تفتیش کی۔

جے آئی ٹی نے حسین نواز اورحسن نواز کی فراہم کردہ دستاویزات اور دیگر ریکارڈ کی روشنی میں ، ابتک کی تحقیقات کی رپورٹ مرتب کی ، جو بدھ کو سپریم کورٹ میں جمع کرائی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز کی جے آئی ٹی میں پیشی کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ایک ہلچل مچ گئی تھی ، اس تصویر کے بارے میں ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا کے اس کو کس نے لیک کیا ہے ، یہ تصویر 28 مئی کی ہے ، جس میں وہ کرسی پر اکیلے بیٹھے نظر آرہے ہیں ، تجزیہ کار حیران ہیں کہ اتوار کے دن سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے لی گئی تصویر سوشل میڈیا پر کیسے وائرل ہو گئی؟۔