عمران فاروق قتل کیس؛ چوہدری نثار علی سے اہم برطانوی شخصیت کی ملاقات

Imran Farooq

Imran Farooq

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے اہم برطانوی شخصیت نے ملاقات کی ہے جس میں عمران فاروق قتل کیس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد میں برطانیہ سے آنے والی اہم شخصیت نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان سے خصوصی طور پر ملاقات کی، اس دوران عمران فاروق قتل کیس پر ہونے والی دو طرفہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جس کے بعد آئندہ 48 گھنٹوں میں عمران فاروق قتل کیس میں اہم پیش رفت کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان سے اسکاٹ لینڈ یارڈ کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ کے افسر نے ملاقات کی اوراس دوران انہوں نے حکومت پاکستان سے ثبوت تک رسائی فراہم کرنے کی درخواست کی۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے عزیزآباد سے رینجرز نے کارروائی کے دوران معظم علی خان کو حراست میں لیا تھا جس کو ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کا مرکزی ملزم قراردیا گیا تھا جب کہ 10 مئی کو وزیرداخلہ کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے عمران فاروق قتل کیس سے متعلق تفتیش مکمل کرلی ہے اوراس حوالے سے اہم پیش رفت کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔