عمران خان اور جہانگیر ترین نااہلی کیس کی سماعت آج ہو گی

Jahangir Tareen and Imran Khan

Jahangir Tareen and Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست پر سماعت آج ہو گی۔

چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا بینچ عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کے لیے حنیف عباسی کی درخواست کی سماعت کرے گا۔

گزشتہ سماعت پر سپریم کورٹ نے عمران خان اور جہانگیر ترین سے 15نومبر تک جواب طلب کیا تھا ۔ حنیف عباسی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کی بھی آف شور کمپنیاں ہیں، دونوں نے اپنے گوشواروں میں یہ کمپنیاں چھپائیں ہیں۔

عمران خان نے 6 کروڑ روپے مالیت کے فلیٹ کی خریداری بھی ظاہر نہیں کی۔ گزشتہ سماعت پر حنیف عباسی کے وکیل اکرم شیخ نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ان کی درخواست کو بھی پاناماکیس میں شامل کر دیا جائے تاہم چیف جسٹس نے کہا تھا کہ جوابات آنے دیں، بعد میں دیکھیں گے۔