عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے تیل کی قیمتوں میں اضافہ مکمل طور پر مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا حکومت نے تیل مہنگا کر کے عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھانے کی ایک اور کوشش کی ہے۔

عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کتنے شرم کا مقام ہے کہ حکومت طاقتور طبقے سے تو ٹیکس لے نہیں رہی، الٹا حکومت نے شریفوں کو منی لانڈرنگ کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تیل کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کے طوفان کو دعوت دینا ہے ، لیگی حکومت ایک بار پھر بے نقاب ہوگئی، عوام دشمن چہرہ سامنے آگیا۔ بلاول بھٹو نے کہا حکومت پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس اور ٹیکس میں کمی کا اعلان کرے۔

پیپلزپارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اعلان کیا پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور احتجاج کریں گے. عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے اسے حکومت کی پٹرول گردی قرار دیا اور کہا کہ یہ اضافہ عوام دشمن پالیسی کا نتیجہ ہے، ہر مہینے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ ظلم ہے۔