عمران خان خواتین کا کتنا احترام کرتے ہیں یہ سب کو پتہ ہے، رانا ثنااللہ

 Rana Sanaullah

Rana Sanaullah

لاہور (جیوڈیسک) وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی جلسے میں شریک خواتین سے متعلق نازیبا جملوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کسی سیاسی خاتون کی جدوجہد کے حوالے سے منفی بات نہیں کی اور عمران خان خود خواتین کا کتنا احترام کرتے ہیں یہ سب کو پتہ ہے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے رانا ثنا اللہ نے خواتین سے متعلق اپنے جملوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں خواتین کا بہت احترام اور ان کی سیاسی جدوجہد کی قدر کرتا ہوں۔ میں نے کسی سیاسی خاتون کی جدوجہد کے حوالے سے منفی بات نہیں کی، میں نے لاہور میں تحریک انصاف کے 2011 اور 29 اپریل 2018 کے اجتماعات کے فرق کی نشاندہی کی، 2011 کے اجتماع میں سیاسی جدوجہد کرنے والی فیملیز آئیں، مگر 29 اپریل کے ا جتماع میں وہ فیملیز کہیں نظر نہیں آئیں۔ عمران خان خواتین کا کتنا احترام کرتے ہیں یہ سب کو پتہ ہے،عمران خان کا خواتین کے حوالے سے کیاکردار ہے یہ بھی سب کے سامنے ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف نے راناثناء اللہ کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرادی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سیاسی مخالفین کے خلاف گندی زبان راناثناء اللہ کا وطیرہ بن گیاہے، خواتین کے خلاف راناثناء اللہ کے ریمارکس کی مذمت کرتے ہیں، راناثناء اللہ کو وزارت سے ہٹا کر بازپرس کی جائے۔

واضح رہے کہ رانا ثنااللہ نے 29 اپریل کو پی ٹی آئی کے جلسے میں شریک خواتین کے بارے میں نازیبا زبان استعمال کرتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی جلسے میں شریک خواتین گھریلو نہیں تھیں۔