عمران خان نے زرداری کو بھٹو خاندان کا کیپٹن صفدر قرار دیدیا

Imran Khan

Imran Khan

نواب شاہ (جیوڈیسک) پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری بھٹو فیملی میں ایسا ہے، جیسے کیپٹن صفدر شریف فیملی میں ہیں۔

نواب شاہ میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی ممبر سازی مہم سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ کی سب سے بڑی بیماری آصف زرداری ہیں، میں ان کے گھر سے ان کا مقابلہ کرنے جا رہا ہوں۔ اب نواز شریف کی طرح وہ بھی کہیں گے کہ مجھے کیوں نکالا۔

عمران خان کا کارکنوں سے خطاب میں کہنا تھا کہ جتنا ظلم سندھی عوام کے ساتھ کیا گیا، اتنا کسی اورصوبے میں نہیں ہوا۔ بلوچستان میں بھی اتنی غربت نہیں جتنی سندھ میں ہے۔ سندھ کے لوگوں کا پیسہ چوری کر کے بیرون ملک بھیجا گیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ پاکستان کی دو بیماریاں ہیں، جن میں سے ایک پنجاب جبکہ دوسرا سندھ میں بیٹھا ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جو کمزور پر ظلم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری بھٹو فیملی میں ایسا ہے، جیسے کیپٹن صفدر شریف فیملی میں ہے، ان دونوں کے فیملی سے تعلقات ایک جیسے ہی ہیں۔ عمران خان نے کارکنوں کو امید دلائی کہ وہ فکر نہ کریں کیونکہ آنے والا دور نئے پاکستان ہے، لمبی اندھیری رات ختم اور نئی صبح آنے والی ہے۔