اتفاق فائونڈری کیس کھولنے کی نیب کی درخواست مسترد کر دی گئی

NAB

NAB

راولپنڈی (جیوڈیسک) راولپنڈی کی احتساب عدالت نے وزیر اعظم نواز شریف، وزیر اعلیٰ شہباز شریف، مرحوم محمد شریف سمیت شریف خاندان کے خلاف اتفاق فائونڈری کیس کھولنے کی نیب کی درخواست مسترد کر دی، پندرہ سال بعد شریف خاندان کیس سے بری ہو گیا۔

احتساب عدالت کے جج سہیل ناصر نے نیب کی وزیر اعظم نواز شریف، وزیر اعلیٰ شہباز شریف ، مرحوم محمد شریف سمیت شریف خاندان کے خلاف اتفاق فائونڈری کیس کھولنے کی نیب کی درخواست کی سماعت کی۔

شریف خاندان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 2001ء میں مشرف دور میں کیس بنا اور الزام لگایا گیا کہ بینکوں سے قرضے لیکر واپس نہیں کئے گئے۔ ہم نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دی تھی کہ ہماری بینکوں سے سیٹلمنٹ ہو چکی ہے ، قرضے واپس دے دیئے ہیں ، کیس خارج کیا جائے ، لاہور ہائیکورٹ نے درخواست منظور کر لی تھی۔

جج سہیل ناصر نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلہ کی روشنی میں نیب کی درخواست خارج کر دی جس کے باعث نواز شریف اور دیگر اہل خانہ کے خلاف پندرہ سال قبل درج ریفرنس ختم ہو گیا۔ کیس ختم ہونے سے وزیر اعظم نواز شریف ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، مرحوم والد میاں شریف اور دیگر اہل خانہ بری ہو گئے ہیں۔