نااہل، کرپٹ اور کام چورملازمین کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ہے، وزیرآباد

Wazirabad News

Wazirabad News

وزیرآباد (عقیل احمد خان لودھی) وزیر مملکت برائے پانی وبجلی چودھری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ نااہل ، کرپٹ اور کام چورملازمین کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی ہدایت پر واپڈا سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے خود نکلا ہوں اور ملک کے کونے کونے میں جائوں گا تاکہ محکمہ سے کالی بھیڑوں کا پوری طرح سے خاتمہ کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گیپکو کے اچانک دورہ کے موقع پر افسران اور میڈ یاکے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے عفریت پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے اور 2018 تک ملک سے مکمل طور پر لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس ماہ 17 ہزار میگاواٹ بجلی کی پیداوار کا ٹارگٹ پورا کر لیا جائے گا۔نیلم جہلم پراجیکٹ ایک چیلنج کی حیثیت رکھتا ہے یہ پراجیکٹ اگلے سال سے 250 میگا واٹ بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا جبکہ داسو ڈیم پر بھی دسمبر تک کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اب ہماری تمام تر توجہ کسٹمر سروسز پر ہے جس کیلئے میں ملک کے کونے کونے میں کمپلینٹ سنٹروں اور سب ڈویژنوں کی سطح کے دفاتر کے اچانک دورے کروں گا تاکہ غریب عوام کے اصلی مسائل سامنے آئیں اور جہاں کہیں کوئی قصور وار پایا گیا اسکو موقع پر سزا دی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ افسران سب ڈویژنوں اور ڈویژنوں کی سطح پر جا کر کھُلی کچہریاں لگائیں اور عوام کے حقیقی مسائل سے آگاہی حاصل کریں اور اس سلسلہ میں مربوط لائحہ عمل مرتب کریں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی پیداور کے ساتھ ساتھ سسٹم کی اَپ گریڈیشن پر بھی پوری طرح سے کام کر رہے ہیں حال ہی میںتجرباتی طور پر گیپکو، فیسکو اور آئیسکو کے سسٹم کو فُل لوڈ کے ساتھ چیک کیا گیا اور یہ تجربہ نہایت کامیاب رہا۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ آج میں نے حافظ آباد ، پنڈی بھٹیاں اور جلال پور بھٹیاںکے مختلف دفاتر کا اچانک دورہ کیا اور نااہل اہلکاروں کی فوری معطلی کے احکامات جاری کئے انہوں نے کہا کہ کئی کئی سالوں سے ایک سیٹ پرتعینات آفیسر اور ملازمین کی فہرستوں کی تیاری کی ہدایات دے دی گئی ہیں تاکہ ان کو وہاں سے ہٹایا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں چیف ایگزیکٹو چوہدری محمد اکرم نے بتایا کہ اوور ریڈنگ کسی صورت قابل برداشت نہیں ہے اوورریڈنگ کے خاتمہ کیلئے تصویری میٹر ریڈنگ کے نظام پر مکمل فوکس کر رہے ہیں۔

گیپکو ریجن بھر میں موبائل میٹر ریڈنگ کی جارہی ہے اور جولائی میں گیپکو میں موبائل میٹر ریڈنگ کا تناسب 85 فیصد رہا جو اگست تک 100 فیصد پر لایا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرانسفارمرز کی مرمت کے حوالے سے درپیش مسائل کیلئے گوجرانوالہ میں قائم ورکشاپ کی استعداد بڑھا رہے ہیں اور سیالکوٹ میں قائم ٹرانسفارمرورکشاپ میں تکنیکی و افرادی وسائل مہیا کر کے اسے بھی فنکشنل بنا رہے ہیں جبکہ گجرات میں بھی جلد ایک اور ورکشاپ تعمیر کی جائے گی جس کے بعد گیپکو میں ٹرانسفارمر کی خرابی سے متعلق مسائل کا خاتمہ ہو جائے گا۔

Wazirabad News

Wazirabad News