بھارت نے جارحیت کی تو پاک فوج کے شانہ بشانہ ساتھ رہیں گے۔ ناہید حسین

 Naheed Hussain

Naheed Hussain

کراچی: اربن ڈیمو کریٹک فرنٹ کے چیئر مین ناہید حسین نے کہا ہے کہ پاکستان نے پر امن دنیا کے لئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستہ کا کردار ادا کیا ہے اس کردار کو دنیا نے بھی سراہاہے لیکن امریکہ اپنی دوغلی پالیسی کے باعث ہمیشہ سے مشکوک کردار کا حامل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو امریکہ کے ساتھ دوستی میں بہت دور نہیں جانا چاہئے یہ صرف اپنا مفاد سامنے رکھ کر دوستیاں کرتا ہے اور وقت نکل جانے پر دم دبا کر بھاگتا ہے ، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ امریکہ اور اس کے حواریوں کوایک آنکھ نہیں بھاررہا ہے ، امریکہ بھارت کے ذریعہ پاکستان پر حملہ کرکے چین کی اقتصادیات کو تباہ کرنا چاہتا ہے ، حالات کا تقاضہ ہے کہ پاک چین لیڈر شپ اس جانب توجہ دے اور ایک مربوط حکمت عملی وضح کریں تاکہ امریکہ عیار کی عیاری کو شکست دی جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اربن ڈیمو کریٹک سیکریٹریٹ پر ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں کنوینسنگ کمیٹی کے اراکین ، چاروں صوبائی ذمہ داران اور شعبہ جات کے ذمہ داران بھی شریک تھے۔

چیئرمین ناہید حسین نے مزید کہا کہ امریکہ بھارت کے ذریعہ بلوچستان اور سندھ میں انارکی پھیلانے کا منصوبہ رکھتا ہے جسے ہماری انٹیلی جنس ایجنسیوں نے ناکام بنادیا ہے کلبھوشن یادیو نے بلو چستان میں بھارت کے ملوث ہونے کے انکشافات کئے ہیں ، بھارت مقبوضہ کشمیر میں جاری حق خودارادیت کی تحریک کو دبانے کے لئے بلوچستان کے مسئلہ کو کیش کرنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے، بھارت کو ہر صورت کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دینا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے جو نظریہ اسلام پر حاصل کیا گیا ہے اس کے مکین اسلامی اصولوں کے مطابق اس کی حفاظت کرنا اپنا ایمان سمجھتے ہیں ، امریکہ اور بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے پاکستان کا بچہ بچہ وطن عزیز کے دفاع کے لئے اپنی جان نچھا ور کرنے کو اپنے لئے اعزاز سمجھتا ہے ۔ اربن ڈیمو کریٹک فرنٹ کے چیئر مین نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے ، قوم اپنی مسلح افواج کے نہ صرف ساتھ ہے بلکہ وطن عزیز کے دفاع کے لئے تیار بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اربن ڈیمو کریتک فرنٹ کے کارکنان بھارت کی جارحیت کے خلاف سینہ سپر ہونے کے لئے تیار ہیں ، ماضی میں بھی کٹھن حالات میں اربن ڈیموکریٹ فرنٹ کے ذمہ داران اور کارکنان نے خود کو پیش کیا تھا آج بھی ہم تیار ہیں ملک کے دفاع کے لئے ہر حد تک جانے کے لئے تیار ہیں ۔اجلاس میں بھارت کی جارحیت کے ضمن میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس عہد کا اعادہ کیا گیا کہ اربن ڈیمو کریٹک فرنٹ کے تمام اراکین اور کارکنان وطن عزیز کے دفاع کے لئے تیار ہیں اور اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ساتھ رہیں گے۔

سیکریٹری انفارمیشن
ناصر علی