بھارت :گائے ذبح کرنے کے شک میں شہری کو اینٹیں مار کر قتل کر دیا

Mohammad Ikhlaq Killing

Mohammad Ikhlaq Killing

دادری (جیوڈیسک) بھارت میں انتہا پسند ہندوؤں کی تنگ نظری نے ایک مسلمان کی جان لے لی۔ گائے ذبح کرنے اور گائے کا گوشت کھانے کے شک پر جنونی ہندوؤں نے پچاس سالہ شخص محمد اخلاق کو تشدد کر کے مار ڈالا ، بائیس سال کا بیٹا شدید زخمی ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے چھ افراد کو گرفتار کر لیا ہے ۔ تنگ نظر بھارت میں مسلمانوں کا جینا محال گائے ذبح کرنے اور اس کا گوشت کھانے کا الزام لگا کر ایک مسلمان سے زندگی کی سانسیں چھین لیں ۔ دادری میں سوموار کی رات دس بجے کے قریب پچاس سالہ شخص اخلاق کے گھر پر سو کے قریب مشتعل ہندوؤں نے دھاوا بولا۔

خواتین سے بد تمیزی کی اور اخلاق اور اس کے بیٹے کو گھسیٹتے ہوئے گھر سے باہر لے آئے۔ مشتعل ہجوم نے اخلاق کو اینٹیں مار مار کر ہلاک کر دیا جبکہ اس کا بیٹا شدید زخمی ہوگیا۔ اخلاق کی بیٹی نے بتایا کہ مندر میں اعلان ہوا کہ گائے کاٹی گئی ہے یہ حرکت کرنے والے کو مار دو جس کے بعد مشتعل ہندوؤں نے ان کے گھر پر حملہ کر دیا۔

شوہر کی دل خراش موت پر اخلاق کی بیوی غم سے نڈھال ہے ۔ اخلاق کے گھر والوں کا کہنا ہے انہوں نے بکرے کا گوشت کھایا تھا ۔ بھارتی پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔